سوپور // کیرن کپوارہ میں زیر زمین بچھائی گئی بارودی سرنگ دھماکے میں ایک فوجی اہلکار زخمی ہوا۔ ادھرشمالی کشمیر کے سو پورقصبہ میں سیکورٹی فورسز نے پیر کو بیک وقت 5 بستیوں کو محاصرے میں لیکر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا۔تاہم کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ۔ کپوارہ میں لائن آف کنٹرول پر کیرن سیکٹر میں پیر کی صبح ایک فوجی اہلکار کا پائوں معمول کی گشت کے دوران زیر زمین بچھائی گئی بارودی سرنگ پر پڑا جسکے ساتھ ہی زوردار دھماکہ ہوا جس سے مذکورہ اہلکار شدید طور پر زخمی ہوا۔اسکی شناخت ایم سنگھ کے طور پر ہوئی ہے جسے فوری طور پر بادامی باغ فوجی اسپتال میں منتقل کردیا گیا۔ ادھرفورسز نے پیر کی سہ پہر مین چوک ، تحصیل روڑ ، مین بازار ، مسلم پیر،شاہ آباد، جامع قدیم، بٹہ پورہ،شالپورہ اور خوشحال متو کے علاقوں کو گھیرے میں لے لیا اور ان علاقوں کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کردیا۔پولیس نے بتایا کہ جنگجوئوں کی نقل و حرکت کے بارے میں اطلاع موصول ہونے کے بعد تلاشی آپریشن کیا گیا۔ان علاقوں میں کئی گھنٹوں تک تلاشیاں لی گئیں تاہم جنگجوئوں کی موجودگی ظاہر نہیں ہوئی۔