بے گناہوں کو مارنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا:بھاجپا
سری نگر//بھارتیہ جنتاپارٹی نے اننت ناگ میں پارٹی کے کسان مورچہ کولگام کے صدر اورسرپنچ کی اہلیہ سمیت ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بے گناہوں کو مارنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔جے کے این ایس کے مطابق پارٹی کی جموں وکشمیر شاخ کے صدر رویندررینہ ،جنرل سیکرٹری اشوک کول اورترجمان الطاف ٹھاکرنے الگ الگ بیانات میں سرپنچ غلام رسول ڈار ساکنہ ریڈونی کولگام اوراُسکی اہلیہ حاجرہ بیگم (پنچ) کی ہلاکت کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاکہ امن دشمن قوتوںکی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہوںگی ۔انہوں نے کہاکہ بھارتیہ جنتاپارٹی جموں وکشمیرمیں قیام امن ،ترقی اورخوشحالی کے اپنے مشن پرکاربندرہے گی ۔بھاجپا لیڈروں نے کہاکہ پارٹی لیڈروں اورکارکنوںکی قربانیوں کوکبھی ضائع ہونے نہیں دیاجائیگا۔ بی جے پی کشمیر یونٹ کے ترجمان الطاف ٹھاکر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ غلام رسول ڈار بی جے پی کسان مورچہ کولگام کے صدر اور ایک سرپنچ تھے۔انہوں نے غلام رسول اور ان کی بیوی کی ہلاکت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہوں کو مارنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
سیاسی کارکنان کی سیکورٹی کا جائزہ لیاجائے:اپنی پارٹی
سرینگر//اپنی پارٹی جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر نے اننت ناگ میں سرپنچ اور اُس کی اہلیہ کے قتل کی پرزور الفاظ میں مذمت کی ہے۔ یہاں جاری ایک بیان میں میر نے اِس واقعے کو انتہائی قابل مذمت قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اِس سنگین جرم میں شامل افراد کو فوری طور کیفر ِ کردار تک پہنچا کر متاثرین کو انصاف فراہم کیاجائے۔میر نے کہا،’’اپنی پارٹی اِس خوفناک واقعہ کی مذمت کرتی ہے جس کے نتیجہ میں ریڈوانی کولگام کے سرپنچ غلام رسول ڈار اور اُس کی اہلیہ کا سفاکانہ قتل کردیاگیا۔ اس طرح کے بیوقوفانہ حملوں سے عام لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کے سوا کچھ حاصل ہونے والا نہیں‘‘۔اپنی پارٹی جنرل سیکریٹری نے کہاکہ معصوم لوگوں کے قتل کی کوئی بھی جوازیت نہیں اور دنیا بھر کے مہذب معاشرے میں اِس طرح کے تشددد کی کوئی جگہ نہیں۔ میر نے کہاکہ تشدد سے متاثرہ کشمیر میں سیاسی عمل اپنے آپ میں ایک مشکل کام ہے اور بلالحاظ سبھی سیاسی جماعتوں کے کارکنان اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر اِس عمل کو مضبوط بنانے کے لئے کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ سبھی سیاسی کارکنان کی سیکورٹی کا فوری جائزہ لیا جائے اور اُن کارکنان جن کی حالیہ دنوں سیکورٹی واپس لی گئی ہے، کو دوبارہ سیکورٹی فراہم کی جائے۔ سوگوار کنبہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے میر نے مہلوکین کے ایصال ِ ثواب اور لواحقین کو یہ ناقابل ِ تلافی نقصان بردداشت کرنے کے لئے دعا کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپنی پارٹی غمزدہ کنبہ کے ساتھ دکھ کی اِس گھڑی میں برابرشریک ہے اور اُن کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔