سرینگر//فوج کی شمالی کمان کے سربراہ لیفٹینٹ جنرل وائی کے جوشی نے کہا ہے کہ کشمیر اب بدل رہا ہے اور لوگوں کے ذہن بھی تبدیل ہورہے ہیں۔ کے این ایس کے مطابق منگلوار کو شہرہ آفاق گلمرگ میں قومی پرچم نصب کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں جنرل کمانڈنگ ان چیف ناردرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل وائی کے جوشی نے گلمرگ میں جموں وکشمیر یوٹی کے سب سے اونچے قومی پرچم کو نصب کیاجس کی اونچائی100فٹ ہے۔اس موقعہ پر انہوںنے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر اب بدل رہاہے ،یہاں کے لوگوں کے ذہن بھی تبدیل ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ دنیا میں اگر کہیں جنت ہے تو وہ کشمیر ہے۔جنرل جوشی نے کشمیری نوجوانوں کی بھی تعریف کی۔تقریب میں فوج ، پولیس اور سول افسران موجود تھے۔ قومی پرچم نصب کرنے کی تقریب پر سابق فوجی بھی موجود تھے اور ان کو اعزازات سے نوازا گیا۔ گلمرگ میں یہ قومی پرچم اس جگہ نصب کیاگیاجہاں گلمرگ گنڈولہ سے لیکر آس پاس کے تمام اونچے پہاڑوں سے سیاحوں کی نظر اس قومی پرچم پر پڑیں گی۔