سری نگر// محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں بارشوں کی پیش گوئی کی ہے ۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق جموں و کشمیر میں 14 اور15 اگست کو بارشیں ہونے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں 14 اگست یعنی ہفتے کے روز کہیں کہیں ہلکی درجے کی بارش ہوسکتی ہے جبکہ 15 اگست یعنی اتوار کو درمیانی درجے کی بارشیں متوقع ہیں۔دریں اثنا گرمائی دارلحکومت سری نگر میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 18.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے قدرے زیادہ تھا۔سرمائی دارلحکومت جموں میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 26.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے قریب ڈیڑھ ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔وادی کشمیر کے مشہور ترین سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 11.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے قدرے کم تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 12.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاسرحدی ضلع کپوارہ میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 16.3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے قریب ایک ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا جبکہ گیٹ وے آف کشمیر سے جانے والے قصبہ قاضی گنڈ میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 14.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔