قتل کا معاملہ درج | خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل :پولیس
سمت بھارگو
راجوری //جموں وکشمیر پولیس نے بتایا کہ راجوری واقعہ کے سلسلہ میں قتل کا معاملہ درج کر کے تحقیقات کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے ۔پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس کو ایک جانکاری موصول ہوئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ راجوری کے چکلی علاقہ میں ایک نوجوان کو مبینہ طورپر قتل کر دیا گیا ہے۔ایس ایس پی راجوری نے کہاکہ واقعہ کے سلسلہ میں ایک کیس درج کرلیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب نامعلوم افراد بچن لعل ولد کرم چند کے رہائشی مکان میں داخل ہو گئے اور ان کے بیٹھے انکش بخشی کو تیز دھار والے ہتھیار کیساتھ وار کر کے قتل کر دیا گیا ۔پولیس بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سلسلہ میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 538/2021درج کر کے تحقیقات کے سلسلہ میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے ۔
مکینوں کیلئے سخت حفاظتی انتظامات کا مطالبہ
راجوری //راجوری کے چکلی گائوں کے مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ حالیہ دنوں میں سے پیش آئے واقعات کے بعد گائوں میں سیکورٹی انتظامات کو مزید سخت کیا جائے تاکہ سماج دشمن عناصر کیخلاف شکنجہ کسا جائے ۔مقامی لوگوں نے علاقہ کے ایک 27سالہ نوجوان کی ہلاکت کے بعد جموں پونچھ شاہراہ کو احتجاج کرکے بند کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ گائوں میں حالیہ کچھ عرصہ سے انتہائی غیر معمولی واقعات پیش آئے ہیں ۔مظاہرین نے کہاکہ رواں برس چھ جون کو مذکورہ علاقہ میں مقامی سرپنچ کے گھر کے قریب ایک مشکوک دھماکہ ہوا تھا تاہم ابھی تک تحقیقاتی ایجنسیاں واقعہ کی مکمل تحقیقات کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ چوری کی کچھ وارداتیں بھی رونما ہوئی ہیں ۔مظاہرین نے مزید کہاکہ حالیہ کچھ عرصہ سے علاقہ میں مشکوک نقل و حرکت بھی جاری ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے جائیں تاکہ سماج دشمن عناصر کیخلاف شکنجہ کسا جائے ۔
BGSBU میں بیڈ منٹن ٹورنا منٹ کا آغاز
راجوری //بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری میں ’آزادی کا امرت مہا اتسو‘کے سلسلہ میں ایک بیڈ منٹن ٹور نامنٹ کا اہتمام کیا گیا ۔یونیورسٹی کے فیزیکل ایجوکیشن اینڈ سپورٹس شعبہ کی جانب سے منعقدہ اس ٹورنا منٹ کا آغاز یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر اکبر مسعود نے دیگر منتظمین کی موجود گی میں کیا ۔پہلا میچ پروفیسر اکبر مسعود اور آصف حسین کے مابین کھیلا گیا جس میں پروفیسر اکبر مسعود نے کامیابی حاصل کر لی۔اسی طرح ٹورنامنٹ کا دوسرا میچ ڈاکٹر پرویز عالم اسسٹنٹ پروفیسر سیول انجینئر نگ اور ذیشان اسلم اسسٹنٹ کمپیو ٹر انجینئر نگ کے مابین کھیلا گیا جس میں ڈاکٹر پرویز عالم نے کامیابی حاصل کر لی۔ٹورنامنٹ کا تیسرا میچ ڈاکٹر سنجے جموال اسسٹنٹ پروفیسر کمپیو ٹر سائنس اور شعبہ ریاضی کے اسسٹنٹ پروفیسر جتیندر کمار کے درمیان کھیلا گیا۔اس موقعہ پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے ٹور نا منٹ میں شرکت کرنے والوں کی تعریف کرتے ہو ئے کہاکہ جسمانی توانائی کیلئے کھیلوں میں شرکت انتہائی لازمی ہے ۔
منگل ناڑ ۔ڈھک سڑک برسوں سے نا مکمل | سرحدی علاقہ کے لوگوں کی آمد ورفت متاثر
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ کے سرحدی علاقہ منگل ناڑ سے ڈھک جانے والی رابطہ سڑک حالیہ کئی عرصہ سے مکمل ہی نہیں ہو رہی ہے جس کی وجہ سے مکینوں کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ اور مقامی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑکیں کی نالیاں اب مکمل طورپر بند ہو چکی ہیں جبکہ حفاظتی باند ھ بھی تعمیر نہیں ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کی زراعی اراضی کیساتھ ساتھ رہائشی مکانات کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی سرپنچ محمد ممتاز نے محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ نتظامیہ کی لاپرواہی کی وجہ سے اب سڑک کی نالیاں اور کلوٹ مکمل طورپر بند ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے اب لوگوں کی زمینیں اور رہائشی مکانات کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں متعدد مرتبہ انتظامیہ و متعلقہ حکام سے بھی رجوع کیا گیا لیکن ابھی تک سڑک کو قابل آمد ورفت نہیں بنایا جارہا ہے ۔مکینوں و پنچایتی اراکین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑک کو جلدازجلد معیاری بنایا جائے تاکہ سرحدی علاقہ کے مکینوں کی دقتیں کم ہو سکیں ۔
بدھل۔گھبر 8کلو میٹر سڑک انتہائی غیر معیاری | پروجیکٹ مکمل نہ ہونے سے غریب عوام متاثر
محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژ ن کوٹرنکہ کی بدھل سے گھبر 8کلو میٹر سڑک گزشتہ کئی برسوں سے مکمل ہی نہیں ہورہی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مکینوں نے تعمیر ایجنسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سڑک کی تعمیر کے لئے سروئے 2006میں کیا گیا تھا جبکہ دو برس بعد سڑک کی تعمیر شروع کی گئی تاہم گزشتہ 13برسوں سے آٹھ کلو میٹر سڑک کو مکمل کرنے میں کوئی دلچسی ہی نہیں لی جارہی ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ انتظامیہ و متعلقہ محکمہ عوام رابطہ سڑکوں کو مکمل کرنے میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہا ہے ۔سابقہ سرپنچ محمد لطیف نے بتایا کہ گزشتہ کئی برسوں سے گھبر بھتان نالے پر پل ہی تعمیر نہیں کیا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ رواں ماہ کے مارچ ماہ میں پل کے دونوں کناروں پر تعمیر کام شروع کیا گیا تھا لیکن محکمہ کی لاپرواہی سے مذکورہ عمل بھی مکمل نہیں کیا جاسکا ۔انہوں نے بتایا کہ برساتی موسم میں مذکورہ نالے میں پانی کا بہائو تیز ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی آمد ورفت متاثر ہو رہی ہے ۔مقامی نائب سرپنچ ارشد حسین میر نے بتایا کہ سڑک کی تعمیر کے سلسلہ میں محکمہ پی ایم جی ایس وائی نے بھی علاقہ کا دورہ کر کے پروجیکٹ کو جلد مکمل کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن اس کے باوجود بھی عوامی مشکلات کم نہیں ہو سکی ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑک کی تعمیر کو جلدازجلد مکمل کیا جائے تاکہ ان کی دقتیں کم ہو سکیں ۔
منیال گلی علاقے سے ہینڈ گرینڈبرآمد
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی کے منیال گلی علاقے سے ایک زندہ بم برآمد کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ مقامی لوگوں کو راستے ہینڈ گرینڈملا جس کی پولیس انتظامیہ کو اطلاع دی گئی ۔اطلاع ملتے ہی تھنہ منڈی پولیس حرکت میں آئی اورایس ایچ او تھنہ منڈی انسپکٹر فرید احمد چوہدری پولیس نفری اور دیگر عہدیداروں کے ہمراہ موقعہ پر پہنچ گئے اور حفاظتی اقدامات اٹھاتے ہوئے علاقہ کا محاصر ہ کرلیا گیا ۔اس کے بعد فوج کی خصوصی دستے کی مدد سے مذکورہ بم کو ناکارہ بنایا گیا ۔اس موقعہ پر ایس ڈی پی او عبدالحمید ، مقامی پولیس اور سیکورٹی فورسز کے دیگر کئی اہلکار بھی موجود تھے۔ اس سلسلہ میں پولیس کی جانب سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔اعلیٰ حکام نے کہا کہ دہشت گردوں کو ان کے عزائم میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور جلد ہی ملک دشمن عناصر تک رسائی بھی حاصل کی جائے گی۔ واضح رہے کہ چند روز قبل تھنہ منڈی کے اپر بھنگائی علاقے میں سیکورٹی فورسز نے کالعدم تنظیم لشکر طیبہ سے وابستہ دو جنگجووں کو ہلاک کر دیا تھا جبکہ موسمی حالات اور اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر چھپا ہوا ایک ملی ٹینٹ بھاگنے میں کامیاب ہو گیا تھا۔
کوٹرنکہ میں محکمہ صحت کا آگاہی پروگرام شروع
محمد بشارت
کوٹرنکہ //ڈسٹر کٹ انفارمیشن سنٹر راجوری اور محکمہ صحت کنڈی کی جانب سے ایک ہفتے تک چلنے والے آگاہی پروگرام کا آغاز کیا گیا ۔کووڈ کے سلسلہ میں منعقدہ ورکشاپ ایک ہفتے تک چلے گی جس کے دوران کووڈ کے پھیلائو کیساتھ ساتھ دیگر ضروری ہدایت و جانکاریاں فراہم کی جائیں گی ۔بیداری پروگرام کے افتتاحی دن مکینوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔منتظمین نے بتایا کہ مذکورہ ورکشاپ منعقد کرنے کا اصل مقصد مقامی لوگوں کو کووڈ کی تیسر لہر سے بچانا کیلئے بیدار کرنا ہے تاکہ وہ انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائن پر مکمل عمل کرکے وائر س کے پھیلائو کو روکنے میں کامیابی حاصل کرسکیں۔اس دوران ڈاکٹر وں و ماہر صحت نے مکینوں پر زور دیتے ہوئے کہاکہ پُر ہجوم جگہوں پر نہ جائیں جبکہ ماسک و دیگر احتیاطی اقدامات اٹھائیں ۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے یوا مورچہ کا اجلاس | کئی نوجوانوں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی
حسین محتشم
پونچھ//پھارتیہ جنتا پارٹی کے یوا مورچہ کا ایک اہم اجلاس ضلع ہیڈ کواٹرپونچھ پر منعقد ہوا جس کی صدارت پارٹی کی سینئر لیڈر اور ضلع صدر پونچھ محمد رفیق چستی نے کی جبکہ اس موقع پر جموں کشمیر کے ترجمان سنیل گپتا، نائب صدر نریش کمار، جنرل سکریٹری راجیش کمار،نشانت سندر کے علاوہ یوا مورچہ کے تمام عہدیداران اور کارکن بھی موجود تھے ۔اجلاس کے دوران ضلع بھر سے متعدد نوجوانوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ضلع صدر اور یوا مورچہ کے صدر امن ڈابرکی قیادت میں پارٹی میں شمولیت کی جن کا استقبال تمام لیڈران نے ہار پہنا کر کیا۔اس دوران مقررین نے کہا کہ موجودہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی مرکزی سرکار پورے ملک کی طرح جموں کشمیر کی ترقی کے لئے،اور یہاں کی عوام کو تمام تر سہولیات فراہم کرنے کے لئے بہت سے کام انجام دے رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی کارکردگی سے متاثر ہو کر ہر عمر کے لوگ خصوصی طور پر نوجوان اس پارٹی کا دامن تھام رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ کو ن ان کے مسائل حل کرسکتا ہے۔انھوں نے پارٹی میں شامل ہونے والے تمام نوجوانوں کا خیر مقدم ادا کرتے ہوئے انھیں مبارک باد پیش کی۔
محرم الحرام کی مناسبت سے پونچھ میں مجلس عزا | باطل کتنا ہی طاقت ورکیونہ ہو وہ حق سے ہمیشہ لرزتا رہتا ہے: مولانا تصدیق زیدپوری
حسین محتشم
پونچھ//محرم الحرام کے سلسلہ میں امام بارگاہ پونچھ میں منعقدہ دوسری مجلد کا آگاز بھی تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد ثناٗ خواں حضرات نے نعت، منقبت، نوحہ و سلام کانذرانہ محمد و آل محمد کے حضورپیش کیا۔مجلس عزا کے دوران برون ریاست سے تشریف لائے مولانا تصدیق حسین زیدپوری کر ہے تھے ۔اس دوران بولتے ہوئے موصوف نے تمام عزاداروں سے انتظامیہ کی جانب سے دی گئی ہدایات پر عمل کر کے ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دینے کی اپیل کی۔انھوں نے کہا اللہ نے جاندار کو پانچ طاقتیں دی ہیں جن میں دیکھنے کی طاقت،سننے کی طاقت، سونگھنے کی، چکھنے کی اور چھونے کی طاقت شامل ہے۔انھوں نے کہا کہ ان کو حواس خمسہ کہا جاتا ہے لیکن انسان کو ان کے علاوہ ایک بہت بڑی طاقت دی گئی ہے جسے عقل کہا جاتا ہے۔ جو حکم خدا مانے اسے عقل کہتے ہیں اور جو حکم خدا کے سامنے اڑ جائے نہ مانے اسے جہل کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن میں ارشاد خدا وندی ہے کہ جو صاحبان عقل ہیں وہ آخرت پر پورا پرا بھروسہ رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ معصوم نے فرمایا کہ ایک سال کی بے معرفت عبادت سے وہ ایک گھنٹے کی وہ سوچ ہے جس میں خدا کی مکمل معرفت حاصل کی جائے۔ انھوں نے کہا خدا رسول اور امام کی مکمل معرفت ہو جائے ممکن نہیں ۔ کیونکہ ہم پستی پر ہیں اور معرفت کمال کی بلندی پر ہے۔ انھوں نے کہا اس کے باوجود معرفت حاصل کرنا بہت ضروری ہے۔ اتنی معرفت جتنی ہم حاصل کر سکتے ہیں جتنا ہماراضرف ہے۔ انھوں کہا کہ ہمیں خدا اوررسول اور اماموں کے سمندر میں گوتا لگاناہے جتنا ہم میں ظرف اتنی معرفت حاصل ہو ہی جائے گی۔ انھوں نے کہا پیغمبر اکرم نے حضرت سلمان فارسی، حضرت ابوذر غفاری اور جناب مقداد کے لئے کہا کہ یہ لوگ جنت میں جائیں کیوں کہ یہ صاحب معرفت۔ انہوں نے پیغمبر اکرمؐ کا ہی ارشاد ہے کہ علی علیہ سلام حق پر ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اللہ کسی کو اس کی وسعت سے زیادہ تکلیف نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا ایک انسان کے پاس اپنے خدا کی اتنی معرفت ہو نی چاہئے جتنی اس ایک بوڑھی عورت کے پاس تھی جس کو یہ پوچھا گیا کہ تمہارے پاس کیا دلیل ہے کہ اس دنیا کو چلانے والا کوئی خدا ہے، تو وہ بوڑھی جو اپنا چرخہ چلا رہی تھی اس نے دلیل دی کہ میں یہ چرخہ چلاتی ہوں تو یہ چلتا ہے تو دنیا کا اتنا بڑا چرخہ خود بخود کیسے چل سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ باطل کتنا ہی طاقت ورکیونہ ہو وہ حق سے ہمیشہ لرزتا رہتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ کربلا میں 72 افراد کے مقابلے کے لئے لاکھوں کی فوج کم پڑتی ہے۔انہوں نے کہا آج کے دور میں بھی چند حق کا پیغام پہنچانے والوں سے پوری دنیا خوف زدہ ہے۔
ڈی سی پونچھ نے یوم آزادی کے انتظامات کو حتمی شکل دی
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت نے ڈاک بنگلو پونچھ میں یوم آزادی 2021 کی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے متعلقہ افسران کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مرکزی تقریب پونچھ سپورٹس سٹیڈیم میں ہوگی جبکہ تمام تحصیل ہیڈ کوارٹرز میں اسی طرح کے تقریبات منعقد ہوں گی جہاں مہمان خصوصی قومی پرچم لہرائیں گے اور دستوں کے ذریعہ پیش کی جانے والی مارچ پاسٹ پر سلامی لیں گے۔ اس دوران پارکنگ کی سہولت ، پینے کے پانی کی سہولت ، سیکورٹی ، بیریکیڈنگ ، سجاوٹ ، بیٹھنے کے انتظامات ، میڈیا گیلری ، کوویڈ 19 ایس او پیز کے رہنما اصولوں کے علاوہ یوم آزادی 2021 کے جشن کیلئے لمحات اور ریفریشمنٹ کے انتظامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ڈی سی نے مرکزی مقام اور اس کے اطراف میں سخت حفاظتی انتظام کیلئے کہا۔ ڈی سی نے متعلقہ افسران کو پنڈال کے اندر اور اردگرد صفائی کو برقرار رکھنے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے پنڈال میں صحت کی دیکھ بھال کے انتظامات کی بھی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے پی ڈی ڈی اور پی ایچ ای محکمہ کے افسروں کو ہدایت کی کہ مقررہ دن بجلی اور پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ ڈی سی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام کوویڈ 19 ایس او پیز کو برقرار رکھتے ہوئے یوم آزادی کو جوش و جذبے کے ساتھ منائیں۔ انھونے کہا کہ فل ڈریس ریہرسل 13 اگست کو ہوگی۔ محکمہ اطلاعات کو ہدایت کی گئی کہ وہ پبلک ایڈریس سسٹم اور ایونٹ کی میڈیا کوریج کا انتظام کریں۔ ڈی سی نے یہ بھی کہا کہ جشن کا آغاز محکمہ اطلاعات کی جانب سے صبح ساڑھے چھ سے ساڑھے سات تک فورٹ بلڈنگ ، سٹی چوک ، پریڈ پارک اور میڈیا کمپلیکس میں ہوگا۔ میٹنگ میں ڈسٹرکٹ ڈیو لپمنٹ کمشنر پونچھ عبدالستار ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پونچھ ڈاکٹر بشارت حسین ، ایڈیشنل سپرنا ٹینڈنٹ پولیس ، اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ راجیش لکھن ، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ظہیر کیفی ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر پونچھ منجیت سنگھ ، ہیڈ کوارٹر اسسٹنٹ جہانگیر خان ، تحصیلدار بشیر اجنم خٹک ، ایگزیکٹو ایجنسیوں کے علاوہ تمام متعلقہ افسران موجود تھے۔
سرنکوٹ میں رابطہ سڑکوں کی خراب حالت | موڑہ بچھائی میںمقامی لوگوں کا متعلقہ حکام کیخلاف احتجاج
جاوید اقبال
مینڈھر //سرنکوٹ کے متعدد دیہات میں رابطہ سڑکوں کی انتہائی خراب حالت کو لے کر مقامی لوگوں نے متعلقہ تعمیراتی ایجنسیوں کیخلاف شدید احتجاج کیا ۔محمد اشفاق رانا کی قیادت میں لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ موڑہ بچھائی و دیگر ملحقہ علاقوں میں تمام رابطہ سڑکیں آہستہ آہستہ ناقابل استعمال ہوتی جارہی ہیں ۔انہوں نے تعمیر اتی ایجنسیوں پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی برسوں سے رابطہ سڑکیں تعمیر کی جارہی ہیں جبکہ غریبوں کی زمینوں کی کٹائی کے بعد نہ تو نالیاں تعمیر کی جارہی ہیں اورنہ ہی پروجیکٹوں کو مکمل کرکے مکینوں کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوئی عملی قدم اٹھایاجارہا ہے ۔اس دوران بولتے ہوئے محمد اشفاق رانا نے کہاکہ سڑکوں کی انتہائی خراب حالت کی وجہ سے مریضوں و حاملہ خواتین کو ہسپتالوں میں منتقل کرنے کیلئے شدید مشکلات کا سامناکرناپڑتا ہے ۔مظاہرین نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ خود دیہات میں جانے والی رابطہ سڑکوں کا معائینہ کر نے کیلئے خصوصی دورے کریں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا جائزہ لے کر مذکورہ معاملات سنجیدگی کیساتھ حل کیاجاسکے۔
وکیل کیساتھ پولیس اہلکار کی مبینہ بدتمیزی | بار ایسوسی ایشن مینڈھر نے کام کاج بند رکھا
جاوید اقبال
مینڈھر //جموں وکشمیر پولیس کے ایک اہلکار کی جانب سے وکیل کیساتھ کی گئی مبینہ بد تمیزی کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے بار ایسوسی ایشن مینڈھر نے کام بند رکھا ۔وکلاء نے کہاکہ پولیس اہلکارکی جانب سے مینڈھر کے اڑی علاقہ میں ایک وکیل کیساتھ مبینہ طورپر بدتمیزی کی گئی ہے جس کے بعد مذکورہ واقعہ کیخلاف احتجاج کے طور پر کام بند رکھا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اڑی علاقہ میں ایک پولیس اہلکار نے پولیس پوسٹ کے سامنے ایک وکیل کیساتھ بدسلوکی و بدتمیزی کی جبکہ اس سلسلہ میں بار ایسوسی ایشن مینڈھر کی جانب سے ایک اجلاس بھی منعقد کیا گیا ۔اس دوران بار ایسوسی ایشن مینڈھر کے صدر نے کہاکہ ایسوسی ایشن نے ملوث پولیس اہلکار کیخلاف کارروائی کئے جانے تک کام ٹھپ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ایس ڈی پی او مینڈھر سید ظہیر عباس جعفری نے بتایا کہ اس واقعہ میں ملوث پولیس ہیڈ کانسٹبل کو پولیس لائن پونچھ اٹیچ کر کے واقعہ کی انکوائری کا حکم جاری کیا گیا ہے ۔