جموں سے سرینگر آرہی گاڑی کو حادثہ
رعناواری کا نوجوان ہلاک، ایک زخمی
محمد تسکین
بانہال// جموں سرینگر شاہراہ پر جمعرات کی دوپہر پیش آئے سڑک کے ایک حادثے میں سرینگر کا 28سالہ نوجوان لقمہ اجل بن گیا جبکہ دوسرا زخمی ہوا ۔ ایس ایس پی رام بن محترمہ پی ڈی نتیا نے حادثے کی تفصیلات شئیر کرتے ہوئے کہا کہ بغیر نمبر کے نئی آلٹو کار جموں سے سرینگر کی طرف آنے کے دوران بانہال کے نزدیک تلباغ شابن باس کے مقام شاہراہ سے لڑھک کر قریب دو سو فٹ گہری کھائی میں جاگری ۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس ، فوج اور بانہال والنٹیرز کے رضاکار نے بچاو کاروائیوں کا آغاز کیا اور کھائی سے دونوں زخمیوں کو نکال کر ایمرجنسی ہسپتال بانہال منتقل کیا جہاں بعد میں ایک زخمی نے دم توڑا جبکہ دوسرے زخمی کو ایس ایم ایچ ایس سرینگر منتقل کیا گیا ۔پولیس نے حادثے میں مرنے والے کی شناخت عامر احمد ولد عبداللہ زرگر ساکنہ گلاب باغ سرینگر کے طور کی جبکہ بانہال سے سرینگر منتقل کئے گئے زخمی کی شناخت فیصل معراج ولد معراج الدین خان ساکنہ رعنا واری سرینگر کے طور کی ہے۔
نالہ سندھ میں7سالہ بچہ نہاتے ہوئے غرقآب
ہرن گاندربل میں کہرام
ارشاد احمد
گاندربل//ہرن گاندربل میں دوستوں کے ہمراہ نہانے کے دوران نالہ سندھ میں 7سالہ بچہ غرقآب ہوگیا۔ہرن کے مقامی لوگوں نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ انس فیاض احمد ولد فیاض احمد شیخ ساکنہ ہرن دیگر دوستوں کے ہمراہ گرمی کی شدت سے راحت پانے کے لئے نالہ سندھ میں نہارہا تھا کہ اچانک پانی کی گہرائیوں میں غرقآب ہوگیا ۔ مقامی لوگوں اور پولیس نے غرقآب ہوئے بچہ کی تلاش شروع کی اورتھوڑی دورلاش برآمد کی۔ اگرچہ مذکورہ بچے کو ضلع ہسپتال پہنچایا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔مذکورہ کمسن کی میت جب گھر لائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا ۔
کووڈ19
بڈگام میں صحتیابی کی شرح 99.8فیصد
بڈگام// ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام شہباز احمد مرزا نے ایک بار پھر عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاط نہ کریں اور تمام کووِڈ۔19 ایس او پیز اور ہدایات پر عمل کریں۔اُنہوں نے کہا کہ کووِڈ۔19 کے حوالے سے صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے لیکن پھر بھی تیسری لہر کا خطرہ بہت زیادہ ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ ضلع میں 73 مثبت سرگرم معاملات ہیں اور مثبت معاملات کی شرح 0.2فیصد رہ گئی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ صحتیابی کی شرح 99.8فیصد تک پہنچ گئی ہے ۔اُنہوں نے عوام سے کہا کہ وہ تمام احتیابی تدابیر اختیار کریں ۔
ژینہ بل پٹن میں جل شکتی محکمہ کے خلاف احتجاج
ٖفیاض بخاری
بارہمولہ // شمالی قصبہ پٹن کے ژینہ بل علاقے کے لوگوں نے جمعرا ت کوجل شکتی محکمہ کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا ۔احتجاجی لوگوں نے کہا کہ علاقے میں پینے کے صاف پانی کی سخت قلت ہے اور لوگوں کو گرمیوں کے ان ایام میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔لوگو ں کے مطابق کچھ لوگ موٹر استعمال کرتے ہیں جس کی وجہ سے باقی لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ اگر چہ لوگو ں نے کئی مرتبہ اس معاملے میں متعلقہ محکمہ کے ملازمین کو مطلع کیا تاہم انہوں نے کوئی توجہ نہیں دی ۔ مظاہرین نے جل شکتی محکمہ کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ علاقے میں فوری طور پر پانی کی سپلائی میں بہتری لائی جائے تاکہ آبادی کو درپیش مشکلات سے نجات مل سکے ۔ دریں اثناء میر گنڈ پولیس کی مداخلت کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوئے ۔
قدیم مسجد قاضی یار میں
آج خصوصی تقریب
سرینگر// محرم الحرام اور عاشورہ کے سلسلے میں قدیم مسجد شریف قاضی یار زینہ کدل میں خصوصی تقریبات کا انعقاد بروز جمعتہ المبارک 13اگست بارہ بجے دن کے بعد منعقد ہورہی ہے۔ مولوی لطیف احمد محرم الحرام اور روز عاشورہ کی فضیلت اور شہادت حضر ت امام حسینؓ پر روشنی ڈالیں گے۔ مولانا موصوف نے سال نوپر مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے اور دعا کی ہے کہ یہ نیا سال جموں وکشمیر کے عوام کی فتح نصرت اور عالم اسلام کی سربلند کا پیغام لیکر آئے۔
کولگام پولیس کی شیعہ رہنماؤں کیساتھ میٹنگ
سرینگر//محرم الحرام کے پیش نظر کولگام پولیس نے دیوسر میں شیعہ رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کی جس میں ڈی وائی ایس پی اور ایس ایچ او دیوسر نے شرکت کی ۔۔ شرکاء کے ساتھ بات چیت کے دوران مختلف عوامی مسائل کے علاوہ کووڈ 19 پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے پولیس کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ پولیس نے کمیونٹی ممبران پر زور دیا کہ وہ کوویڈ ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔
گوجر بستی کھنموہ سے پنتہ چھوک سڑک کھنڈرات میں تبدیل
سید اعجاز
پلوامہ//چیک گوجر بستی کھنموہ سے پانتہ چھوک رابط سڑک کھنڈرات میں تبدیل ہونے کی وجہ سے لوگوں کومشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی پنچ محمد اشفاق نے بتایاکہ تقریباًاڈھائی کلو میٹرسڑک مکمل طور خستہ ہو چکی ہے جس پر گاڑیوں کی نقل وحمل مشکل ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز بستی ایک خاتون کو ہسپتال سے واپسی کے بعد چار پائی کا سہارا لینا پڑا جس کی وجہ سے مریضہ کو مزید تکلیف پہنچی ۔انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر سطح تک جتنے بھی افسران ہیں اُن سے کئی بار اپیل کی کہ اس سڑک پر میکڈم بچھایا جائے تاہم آج تک کسی نے کوئی توجہ نہیں دی ۔مقامی لوگوں نے ایل جی انتظامیہ سے اس حوالے سے مداخلت کی اپیل کی ہے ۔
حضرت ناصر الدین بنگالیؒ کا عرس عقیدت کے ساتھ منایا گیا
سرینگر//حضرت ناصر الدین بنگالیؒ کے سلسلے میں اُن کے آستانِ عالیہ واقع سعدہ کدل میں ختمات المعظمات اور دورد و ازکار کی مجلس کا انعقاد ہوا جس کی پیشوائی پیر منظور احمد نوشہری نے کی اور بقعہ عالیہ کے سجادہ نشین مولوی قدیمی کی صدارت میں تقریب منعقد ہوئی ۔ آستانِ عالیہ کے متولی مشتاق احمد بغدادی نے اس موقع پر عالم اسلام کی سربلندی اور فتح نصرت کیلئے دعا کی۔
کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہیں:ایس ایس پی بانڈی پورہ
بانڈی پورہ// ایس ایس پی بانڈی پورہ محمد زاہدنے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میں اہلکاروں اور عہدیداروں کو درپیش ذاتی اور پیشہ ورانہ شکایات کے بارے میںبات چیت کرنے اور ان کا ازالہ کرنے کے مقصد سے جوانوں اور افسران کے ساتھ بات چیت کی۔ ملاقات کے دوران اے ایس پی بانڈی پورہ ، ڈی وائی ایس پی ڈی اے آر اور ضلع کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ ایس ایس پی بانڈی پورہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے افسروں اور اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض پر مناسب توجہ دیں تاکہ سماج دشمن عناصر کو پہلے اچھی طرح چیک کیا جاسکے۔ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ کوروناوبائی امراض کے پیش نظر جسمانی اور ذہنی طور پر تیار رہیں۔ اس کے علاوہ کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے اور پیشہ ورانہ طور پر کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہیں۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ عوام کا اعتماد ، نیک نیتی سے حاصل کریں اور ہمیشہ ہمدرد اور ضرورت مند لوگوں کی مدد کریں۔
بجبہاڑہ میں 27کوئنٹل فکی ضبط،2افراد گرفتار
عارف بلوچ
اننت ناگ//بجبہاڑہ میں پولیس نے ایک رہائشی مکان کے احاطہ میں زیر زمین چھپائے گئے 6کوئنٹل فکی کو برآمد کرلیا گیا اوراس ضمن میں پولیس نے 2افراد کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایچ او بجبہاڑہ کو ایک رہائشی مکان میں بھاری مقدار میں فکی چھپا کر رکھنے کی مصدقہ اطلاع ملی۔ ایس ایچ او نے ایس ڈی پی او بجبہاڑہ اور ڈی او سنگم کے ہمراہ واگہامہ بجبہاڑہ میں محمد یوسف ریشی کے مکان پر چھاپہ مارا۔ پولیس اہلکاروںنے ایک مین ہول کا ڈھکن اٹھاتے ہی تہہ خانے 27بوریاں برآمد کیں جن میں580کلو گرام پوست نکلا۔ فکی برآمد کرنے کی کارروائی ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کی موجودگی میں عمل میں لائی گئی۔ پولیس نے زاہد احمد ریشی اور عامر احمد ریشی کو گرفتار کرلیا ہے اور ایف آئی آر زیر نمبر226/2021درج کرکے فرار مکان مالک کو پکڑنے کی کارروائی شروع کی ہے۔ ایس ایس پی اننت ناگ میر امیاز حسین نے بتایا کہ رواں سال ضلع اننت ناگ کے مختلف پولیس تھانوں میں منشیات سے متعلق قریب 250سے زیادہ کیس درج کئے گئے ۔
کرگل میں بھاری مقدارمیں شراب ضبط
غلام نبی رینہ
کنگن//کرگل پولیس نے ایک غیر مقامی شخص کے قبضے سے بھاری مقدار میں شراب ضبط کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔پولیس ذرائع سے معلوم ہوا ھے کہ بٹالک کرگل کے پولیس کی ایک ٹیم جس کی سربراہی اے ایس آئی محمد سلطان کررہے تھے ،نے ایس ایچ او کرگل منظور حسین میر کی ہدایت پر ٹی سی پی بٹالک کے نزدیک ناکہ لگایا جس دوران وہاں سے ایک غیر مقامی شخص کی تلاشی لی گئی۔ تلاشی کارروائی کے دوران اس کے قبضے سے شراب کی 25بوتلیں برآمد ہوئیں۔ پولیس نے مذکورہ شخص کو گرفتار کرکے ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 80/2012درج کرلیا ۔
آونیرہ شوپیان میں مسجد کی سلیب گرنے سے نقصان
شاہد ٹاک
شوپیان //آونیرہ شوپیان میں جمعرات کی شام ایک مسجد پاک کی سلیب گر آئی جس کی وجہ سے مسجد کو نقصان پہنچا ۔زینہ پورہ علاقہ کے آونیرہ نامی گائوں میں شام 6بجے مسجد شریف کی سلیب اچانک گر آئی جس کی وجہ سے مسجد شریف کو نقصان پہنچا تاہم حادثے میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
۔40نابینا افراد میں قرآن تقسیم
سرینگر// جموں کشمیر ہینڈی کیپڈ ایسوسی ایشن نے مدرسہ امدایہ کے اشتراک سے جمعرات کو سرینگر میں 40نابینا افراد میں برائیل قرآن تقسیم کئے جو ایسوسی ایشن کی جانب سے چلایئے جانے والے انسٹی چیوٹ میں تربیت یافتہ تھے ۔ اس سلسلے میں ایک تقریب میں سرینگر کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جہاں ایسوسی ایشن کے صدر عبد الرشید بٹ کے علاوہ دیگر زعمائوں کی خاصی تعداد موجود تھی۔
اپنی پارٹی کا فاروق اندرابی سے اظہارتعزیت
سرینگر//اپنی پارٹی کے صوبائی صدر محمد اشرف میر نے پارٹی کے میڈیا ایڈوائزر سید فاروق اندرابی کے برادرِ نسبتی کے فرزندسید عاشق حسین اندرابی کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ۔ ایک تعزیتی پیغام میں میر نے سوگوار کنبہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے ایصال ِ ثواب کے لئے دعا کی ہے۔ عاشق حسین خان مختصر علالت کے بعد اپنی رہائش گا ہ جیلان آباد حیدرپورہ میں وفات پاگئے۔
قیوم وانی کیساتھ تعزیت پرسی کا سلسلہ جاری
ٹنگمرگ// سابق ٹریڈ یونین لیڈر اور چیئرمین جموں و کشمیر سول سوسائٹی فورم کے چیئرمین عبدالقیوم وانی کے گھر وسن بانگِل میں جمعرات کو دن بھر لوگوں کا تانتا بندھا رہا جنہوں نے غمزدہ کنبے سے تعزیت پرسی کی۔تعزیت کرنے والوں میں سول سوسائٹی فورم، پروفیشنل سٹوڈنٹس گلڈ ٹنگمرگ، ٹیچرس فورم، پلس ٹو لیکچررس فورم جموں کشمیر،پروفیسر عبدالجبارگوکہامی، کالم نویس احمد کشمیری، سابق ایم ایل اے ٹنگمرگ محمد عباس وانی اورصحافتی برادری شامل ہے۔
سکمز میں تعزیتی اجلاس
سرینگر //ڈائریکٹر سکمز ڈاکٹر اے جی آہنگر نے سکمز نرسنگ کالج میں بطور ٹیوٹر تعینات شبی انو کے شوہر کے انتقال کے سلسلے میں ایک تعزیتی اجلاس کی صدارت کی جس میں مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعاکی اور غمزدہ خاندان خاصکر شبی انو کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔ ڈائریکٹر سکمز نے کہا کہ انکی دعا اور ہمدردی غمزدہ خاندان کے ساتھ ہے اور امید ظاہر کی کہ اللہ تعالیٰ انکے اہلخانہ کو یہ غم برداشت کرنے کی قوت عطا کرے۔ انہوں نے کہا کہ سکمز بطور ادارہ غم کی اس گڑی میں شبی انو کے ساتھ کھڑا ہے۔