پونچھ//راجوری میں بی جے پی کے مقامی رہنما کے گھر پر کئے گئے حملہ کے خلاف پونچھ بھارتیہ جنتا پارٹی یوا مورچہ نے بس اڈ پر ایک زبردست احتجاج کیا ۔یہ احتجاجی مظاہرہ یوا مورچہ کے ضلع صدر پونچھ امن ڈابر کی قیادت میں منعقد ہوا جہاںحملے میں ملوث عسکریت پسندوں کو جلدسے جلد گرفتار کر کے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔اس احتجاجی مظاہرے کے دوران مظاہرین نے پاکستانی حکومت کا پتلا جلا کر الزام لگایا کہ اس حملے کے پیچھے پاکستان کی حکومت کا ہاتھ ہے۔مظاہرین نے پاکستان مخالف نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ پہلے عسکریت پسندوں کے ذریعہ کشمیر میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے کارکنان اور لیڈران کو نشانہ بنایا جا رہا تھا اب جموں صوبہ میں بھی حملے کئے جا رہے ہیں۔ انھوں نے فوری طور پر کاروائی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ عسکریت پسندوں کو زیر کرنے میں بالکل تاخیر نہیں ہونی چاہئے ۔مظاہرین نے کہا کہ اس حملے میں جو ایک معصوم بچہ مارا گیا ہے اس کا کیا قصور تھا ۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے جنرل سیکریٹری ،جموں کشمیر کے ترجمان سنیل گپتا، ضلع صدر پونچھ انجینئر محمد رفیق چستی، سابق ایم ایل سی پردیپ شرما اور دیگر لیڈران نے بھی اس حملے کی سخت مذمت کی ہے۔