کولگام//جنوبی کشمیر کے برازلو کولگام گائوں میں مشتبہ جنگجوئوں نے منگل کی سہ پہر بھاجپا کے ایک سرگرم مقامی کارکن کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔ضلع میں گزشتہ10روز کے دوران3پارٹی ورکروں پر جان لیوا حملے ہوئے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔گذشتہ 2برسوں کے دوران 23بھاجپا ورکروں کو ہلاک کیا جاچکا ہے جن میں صرف رواں مہینے میں 4افراد کی جان لی گئی ہے جبکہ صرف ضلع کولگام میں 7بھاجپا ورکروں کی ہلاکت ہوئی ہے۔منگل کوکولگام ضلع کے حلقہ انتخاب ہوم شالی بگ میں بھاجپا کے انچارج جاوید احمد ڈار ولد ولد محمد عبد اللہ ڈار ساکن برازلوجاگیر پر مشتبہ جنگجوئوں نے سہ پہر قریب 4بجے اس وقت حملہ کردیا جب وہ اپنے مکان کے متصل کھڑا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ جنگجو اچانک نمودار ہوئے اور جاوید پر گولیاں چلا کر فرار ہوئے۔جاوید کو فوری طور پر نزدیکی طبی مرکز پر لیا گیا تاہم وہ تب تک دم توڑ چکا تھا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس و سیکورٹی فورسز یہاں پہنچ گئے اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔جاوید حلقہ صدر تھا تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ اسکی ذاتی حفاظت پر پولیس محافظین تھے یا نہیں۔ادھر بھارتیہ جنتا پارٹی کے ترجمان الطاف ٹھاکر نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حملہ آوروں کو فوری طور گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔یاد رہے کہ9بھاجپا لیڈر اور ورکر 4ماہ کے دوران ہلاک کئے گئے ہیں۔ اس سے قبل 9اگست کو سٹیدیم کالونی اننت ناگ میں ریڈونی کولگام کے ہی سرپنچ اور بھارتیہ کسان مورچہ کے ضلع صدر غلام رسول اور اسکی پنچ اہلیہ جواہرہ بانو کو انکے کرایہ کے مکان میں گھس کر ہلاک کیا گیا تھا۔30 مارچ کو سوپور میونسپل کونسل کے دو کونسلروں اور ایک پولیس اہلکار کو ہلاک کر دیا گیا۔12اگست کو راجوری میں بھاجپا منڈل صدر جسبیر سنگھ کے گھر پر گرینیڈ حملہ کیا گیا جس میں 2سالہ بچہ ہلاک اور دیگر6 اہل خانہ زخمی ہوئے۔2جون کو بھاجپا لیڈر اور صدر میونسل کونسل ترال راکیش پنڈتا کو ہلاک کیا گیا۔پچھلے سال یور خوشی پورہ قاضی گنڈ میں30اکتوبر 2019 کو بھاجپا یووا مورچہ جنرل سیکریٹری سمیت 3ورکر ہلاک کئے گئے۔پچھلے سال ہی23ستمبر 2019 کوبلاک ڈیولپمنٹ کونسل چیئر مین کھاگ بڈگام بھوپندر سنگھ کوہلاک کیا گیا۔9اگست 2019 کوبھاجپا ضلع صدر اوم پورہ بڈگام کی جان لی گئی۔ پچھلے سال6اگست کوسر پنچ ویسو قاضی گنڈ کی ہلاکت ہوئی۔4اگست کو بھاجپا سر پنچ آکھرن کولگام کو ہلاک کیا گیا۔8جولائی 2019 کوبھاجپا سٹیٹ ایگزیکٹیو کمیٹی ممبر سمیت 3ورکر بانڈی پورہ میں ہلاک کئے گئے۔