سرینگر// گپکار الائنس کی آج ایک بہت اہم اجلاس منعقد ہونے جارہا ہے جس میں الائنس میں شامل سبھی جماعتوں کے 150سے زائد چھوٹے بڑے لیڈران کو مدعو کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی گپکار رہائش گاہ پر صبح گیارہ بجے اجلاس شروع ہوگا۔ اجلاس میں نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی، سی پی آئی ایم، عوامی نیشنل کانفرنس اور پیپلز مومنٹ کے لیڈران جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیں گے اورمستقبل کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ اتحاد کے ترجمان محمد یوسف تاریگامی کے حوالے سے کہاگیا ہے کہ اجلاس میں جموں وکشمیرکی موجودہ صورتحال پر غور خوص کیاجائے گا، خاص کر حد بندی کمیشن کے آئندہ اجلاس میں شرکت کے حوالے سے سکنڈ لائن لیڈران کی رائے بھی لی جائیگی۔ الائنس کا آخری اجلاس 4اگست کو ہواتھا۔ یہ اتحاد گزشتہ سال اکتوبر میںجموں وکشمیرکی خصوصی حیثیت کی بحالی کے لیے تشکیل دیا گیا،جسے مرکز نے5اگست2019کو منسوخ کر دیاتھا۔