گمشدہ شخص قریبی گائوں سے بازیاب
راجوری //راجوری ضلع میں ایک گمشدہ شخص قریب گائوں سے باز یاب ہوگیا جس کے بعد اہل خانہ نے چین کی سانس لی ۔گمشدہ نوجوان کی شناخت رینکو مہرہ ولد سوم ناتھ سکنہ گائوں مکول نالہ پنچایت سندر بنی کے طورپر ہوئی ہے ۔جموں وکشمیر پولیس کے ایک اعلیٰ آفیسر نے بتایا کہ مذکورہ نوجوان 14اگست سے اپنے گھر سے غائب ہوگیا تھا جس کے بعداہل خانہ نے ایک رپورٹ پولیس سٹیشن میں درج کروائی ۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے شکایت کے بعد نوجوان کی تلاشی شروع کر دی تھی تاہم اس دوران پیر کو پولیس کو ایک اطلاع موصول ہوئی تھی جس میں کہا گیا تھاکہ مذکورہ نوجوان کو ایک قریبی گائوںمیں دیکھا گیا جس کے بعد پولیس نے مذکورہ نوجوانوں کا قریبی گائوں سے باز یاب کروا کر اہل خانہ کے حوالے کر دیا ۔
کیری سے زندہ شیل برآمد کیا گیا
سمت بھارگو
راجوری //سرحدی ضلع راجوری کے کیری علاقہ سے سیکورٹی فورسز نے ایک زندہ شیل برآمد کرتے ہوئے ایک بڑے حادثے کو ٹال دیا ۔سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ ضلع کے سرحدی علاقہ کیری میں ایک زندہ شیل ہونے کے سلسلہ میں ان کو جانکاری موصول ہوئی تھی جس کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ بھارت بھوشن نامی ایک مقامی شخص دکان کی تعمیرکیلئے زمین کی کٹائی کررہا تھا جس کے دوران اس کو کیر ی علاقہ میں ایک زندہ موٹر شیل ملا جس کے بعد سیکورٹی فورسز کو جانکاری فراہم کی گئی ۔اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے اس کا ناکارہ بنانے کا عمل شروع کر دیا تاکہ کسی بھی شخص کو کوئی نقصان نہ ہو ۔
سرولہ علاقہ میں پانی کی سپلائی بحال
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ کی پنچایت سرولہ میں پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے محکمہ آب رسانی کی جانب سے سپلائی کو بحال کر دیا گیا ۔محکمہ کے ملازمین کی جانب سے اس سلسلہ میں عملی اقدما ت اٹھائے گئے جس کے بعد سپلائی کو بحال کیا گیا ۔محکمہ جل شکتی کے جونیئر انجینئر عبدالحمید نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ پانی کی کسی بھی سپلائی لائن کیساتھ چھیڑ چھاڑ نہ کی جائے تاکہ علاقہ میں پانی کی قلت پیدا نہ ہوا ۔انہوں نے کہاکہ حکومت و محکمہ کی جانب سے پانی سپلائی کیلئے خرچ کی جانے والی رقم کسی ایک شخص یا فرد کیلئے نہیں ہے بلکہ اس کا فائدہ عام لوگوں کو پہنچایا جانا ہے ۔انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ اگر کوئی بھی شخص محکمہ کی لائنوں کیساتھ چھیڑ چھاڑ کرتا ہے تو اس کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔دوسری جانب عام لوگوں نے محکمہ جل شکتی کے اعلیٰ آفیسران سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں ملازمین کی حاضری کو یقینی بنایا جائے تاکہ لوگوں کی مشکلات کم ہو سکیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین ڈیوٹی سے غیر حاضر رہتے ہیں جس کی وجہ سے ان کی مسائل میں اضافہ ہو جاتا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بوسیدہ پڑی ہوئی لائنوں کی جلدازجلد مرمت کی جائے جبکہ انہوں نے محکمہ کے آفیسر کی سراہنا بھی کی ۔
کوٹرنکہ میں پٹوار ایسوسی ایشن کا انتخاب
محمدبشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کے صدر مقام پر پٹوار ایسوسی ایشن کا انتخاب عمل میں لایا گیا ۔ایسوسی ایشن کے ضلع صدر کی قیادت میں ہوئے انتخابات میں پٹواری محمد شریف کو ایسوسی ایشن کا تحصیل صدر منتخب کیا گیا جبکہ رختاز احمد کو نائب صدر او ر مختار احمد کو سیکریٹری منتخب کرلیا گیا ۔ان کے علاوہ الطاف احمد تانتر،موزم خان ،الطاف بٹ ،ایاز خان کو بھی نئی تشکیل شدہ باڈی میں شامل کر لیا گیا ہے ۔اس موقعہ پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹرنکہ تحصیلدار و دیگر آفیسر ان بھی موجود تھے ۔ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر نے ملازمین کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہاکہ ان کے مسائل کو حل کرنے کیلئے محنت و لگن کیساتھ کام کیا جائے گا ۔آفیسران و معززین نے نو منتخب اراکین کو مبارکباد بھی پیش کی ۔
تعلیمی اداروں کو کھولنے کا مطالبہ
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//سرنکوٹ کے متعدد علاقوں سے تعلق رکھنے والے والدین نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بچوں کی پڑھائی کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے جلدا زجلد تعلیمی اداروں کو کھولا جائے ۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ سے سکولوں میں کووڈ کی وجہ سے درس و تدریس کا عمل روکا ہوا ہے تاہم اس کے بر عکس فلم انڈسٹری ،شراب کی دکانیں و دیگر بھیڑ بھاڑ والی جگہوں پر پوری طرح سے کھول دیا گیا ہے تاہم صرف تعلیمی اداروں کو بند کر کے بچوں کی پڑھائی کو ضائع کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے انٹرنیٹ کے ذریع کلاسیں چلانے کی کوششیں کی جارہی ہیں لیکن سبھی بچوں کے پاس نہ تو انٹر نیٹ کی سہولیات ہیں اور نہ ہی ایسے موبائل فون ہیں جن کی مدد سے وہ آن لائن تعلیمی عمل میں شامل ہو سکتے ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلدازجلد تعلیمی اداروں کو بحال کیا جائے تاکہ سکولوں میں ترتیب سے پڑھائی کو شروع کیا جاسکے ۔