بانہال// بانہال کے بنکوٹ درمنن علاقے میں ریچھ کے ایک حملے میں ایک شخص شدید زخمی ہوا ہے اور اسے ایمرجنسی ہسپتال بانہال سے صدر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔زخمی شخص کی شناخت محمد عمران میر عمر 33 سال ولد عبدالجبار میر ساکنہ درمنن بنکوٹ بانہال کے طور کی گئی ہے۔درمنن بنکوٹ کے مقامی لوگوں نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ پیر کی شام مغرب کی اذان کے وقت یہ واقع اسوقت پیش آیا جب محمد عمران اپنی اہلیہ کے ہمراہ باہر چرنے گئی اپنی گائے کو ڈھونڈ رہے تھی کہ درمنن کی کی بستی کے پیچھے کھیتوں سے ایک ریچھ نمودار ہوا اور محمد عمران میر پر حملہ آور ہوا۔ اس سے تھوڑی دوری پر موجود اس کی اہلیہ نے یہ منظر دیکھ کر شور مچایا اور مقامی لوگ بچاؤ کیلئے وہاں پہنچ گئے۔ انہوں نے کہا کہ خون میں لت پت عمران کو ایمرجنسی ہسپتال بانہال منتقیل کیا گیا جہاں سے اسے ایس ایم ایچ ایس سرینگر منتقل کیا گیا ہے۔بانہال ہسپتال میں ڈاکٹروں نے بتایا کہ زخمی کے جبڑے میں فریکچر ہوا ہے اور جسم کے باقی حصوں پر بھی زخم آئے ہیں۔