جموں//صوبائی کمشنر جموں کی ہدایات پرمنگل کی صبح صوبہ جموں کے 10 اضلاع میں تمام ڈپٹی کمشنروں کی طرف سے سرکاری دفاتر کا اچانک معائنہ کیا گیا۔جموں صوبے کے مختلف دفاتر میں ان معائنوں کے دوران مجموعی طور پر 1177 عہدیدار اور ملازم ڈیوٹیوں سے غیر حاضر پائے گئے۔تمام دس اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں نے بے ترتیب چیکنگ کے لیے اے ڈی سی/اے سی آر/ایس ڈی ایم اور تحصیلداروں پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔ معائنہ کے دوران تقریبا ً 41 دفاتر بھی بند پائے گئے خاص طور پر ضلع راجوری ،کشتواڑ ، ریاسی اور سانبہ میں۔ڈویژنل کمشنر جموں کو کافی عرصے سے دفاتر میں غیر حاضری اور وقت کی پابندی کے حوالے سے مختلف حلقوں سے کئی شکایات موصول ہو رہی تھیںجس پر آج صوبے بھر میں معائنہ کیا گیا۔ صبح ساڑھے 10 بجے سے دوپہر 1 بجے تک تشکیل شدہ ٹیموں کے ذریعہ تقریباً600 سرکاری دفاتر کا معائنہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنروں نے خود بھی کئی دفاتر کا معائنہ کیا۔ ان غیر حاضر عہدیداروں اور ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ دریں اثنا ، اگست کے مہینے کی تنخواہ روک دی گئی ہے۔ آنے والے دنوں میں ان غلط ملازمین کے پیش کردہ جواب کی بنیاد پر مزید کارروائی پر غور کیا جائے گا۔ڈویژنل کمشنر جموں نے حکومت کے اس موقف کو دہرایا ہے کہ کسی بھی قسم کی بدنظمی ، وقت کی عدم پابندی اور غیر حاضری کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔