مینڈھر //مینڈھر قصبہ کے تحصیل کمپلیکس میں تعمیر ہوئے بیت الخلاء میں پانی کی عدم فراہمی کی وجہ سے اس کو خار دار تاریں لگا کر بند کردیا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ تحصیل دفتر میں محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے ایک بیت الخلاء کمپلیکس 2019-20میں تعمیر کیا گیا تھا لیکن متعلقہ تعمیراتی ایجنسی کی جانب سے کمپلیکس میں پانی ودیگر بنیادی سہولیات فراہم ہی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے مذکورہ کمپلیکس قابل استعمال ہی نہیں رہا ۔دوسری جانب انتظامیہ نے مذکورہ کمپلیکس میں پانی جیسی سہولیات فراہم کرنے کے بجائے اس کو خار دار تاریں لگا کر بند کر دیا ہے ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مینڈھر قصبہ میں ابھی تک کوئی بیت الخلاء کمپلیکس تعمیر ہی نہیں کیا گیا تاہم مذکورہ کمپلیکس کو بھی بند کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں بالخصوص خواتین کو شدید مشکلات کا سامناکرناپڑرہا ہے ۔غور طلب ہے کہ مینڈھر قصبہ میں حالیہ کئی عرصہ سے بیت الخلاء کمپلیکس کی تعمیر کی مانگ کی جارہی ہے تاہم ابھی تک کوئی بھی تعمیر عمل میں نہیں لائی جاسکی لیکن تحصیل کمپلیکس میں تعمیر کردہ بیت الخلاء کو بھی اب پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے بند کر دیاگیا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بیت الخلاء کو بند کرنے کے بجائے اس میں سہولیات فراہم کررکے بحال کیا جائے تاکہ قصبہ میں آنے والے لوگوں بالخصوص خواتین کو سہولیت میسر ہو سکے ۔