پونچھ//مختلف ترقیاتی منصوبوں کے اخراجات کی تفصیل حاصل کرنے کیلئے پونچھ ضلع میں کئی بلیک میلر آر ٹی آئی ایکٹیویسٹ سرگرم عمل ہیںجو ترقی کی راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔ اس حوالہ سے سینئر کانگریس لیڈر تاج میر اورچیئرمین جموں کشمیر انصاف موؤمنٹ جاوید اقبال ریشی نے پونچھ میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس منعقد کی۔اس دوران تاج میر نے کہا کہ کئی افسران جو امانت داری سے اپنے فرائض منصبی انجام دیتے ہیں، ایسے کارکنان ایک ایک کام کیلئے متعدد بار الگ الگ قسم کی درخواستیں دے کر تفصیل طلب کرتے اور افسران کا وقت برباد کرتے ہیں جس سے ترقی کے کاموں میں خلل پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے ایسے کارکنان کو ترقی کی راہ میں رکاوٹ قرار دیا اور ان کے خلاف کاروائی کی اپیل کی۔جاوید ریشی نے کہا کہ ایسے کارکنان کئی ہیں جو مختلف محکمہ جات میں آر ٹی ائی ایکٹ کے تحت درخواستیں دے کر بعد ازاں ان افسران کو معمولی نکات میں پھنسا کر انہیں بلیک میل کرنے کی سازشیں کرتے ہیں اور ان کا وقت برباد کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی انتظامیہ والی سرکار اور ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندرجیت سنگھ سے گزارش کی کہ ایسے جعلی آر ٹی آئی کارکنان کی نشاندہی کرکے ان کی لسٹ مرتب کرکے ان کو بلیک لسٹ کر دیا جائے تاکہ آر ٹی ائی ایکٹ کا ناجائز استعمال ایسے لوگ نہ کر سکیں۔