تھنہ منڈی //سب ڈویژن تھنہ منڈی کے برہون علاقے کارہائشی ہیڈ کانسٹیبل محمد عارف خان بدھ کے روز بجلی کا کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل بن گیا ۔پولیس انتظامیہ نے بتایا کہ ہیڈ کانسٹبل تھنہ منڈی میں ہی تعینات تھا تاہم ڈیوٹی کے دوران اس کو بجلی کا کرنٹ لگا جس کے بعد اس کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیاجہاں پر ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دے دیا ۔ محمد عارف خان کے مرنے کی خبر پھیلتے ہی پورے علاقے میں صف ماتم بچھ گیا۔ انکی نماز جنازہ بدھ کے روز انکے آبائی گاؤں برہون میںادا کی گئی۔ جس میں ہزاروں لوگوں نے اشکبار آنکھوں سے شرکت کی۔ اس موقع پر جموں و کشمیر پولیس اور تحصیل انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداران کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی دیگر کئی سیاسی اور سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔ دریں اثناء اس سلسلے میں تھنہ منڈی پولیس نے ایک کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔