مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے منکوٹ علاقہ میں نیشنل کانفرنس کارکنوں کی جانب سے یوتھ کنونشن کا اہتمام کیا گیا جس میں این سی سنیئر لیڈر اور سابقہ ممبر اسمبلی مینڈھر جاوید رانا نے دیگر لیڈران کیساتھ شرکت کی ۔نوجوانوں کو قوم کا اثاثہ قرار دیتے ہوئے جاوید احمد رانا نے حکومت پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کو پائیدار ترقی کیلئے پالیسی سازی میں شامل کیا جائے ۔ رانا نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ کس طرح نوجوانوں نے معاشرے کو بدلنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ موصوف نے کہاکہ وہ وقت آگیا ہے جب حکومت نوجوانوں کو قوم کی ترقی میں شامل کرنے کیلئے ایک مضبوط پالیسی بناے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت پہلے ہی اپنی ساکھ کھو چکی ہے کیونکہ وہ تعلیم یافتہ نوجوانوںکو روز گار فراہم کرنے میں پوری طرح سے ناکام رہی ہے ۔ رانا نے کہاکہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت نے مختلف پلیٹ فارمز پر نوجوانوں کی شمولیت کے لئے بنائے تھے اور مختلف اہم پالیسیاں متعارف کرائی تھیںلیکن موجودہ حکومت کی ناکام پالیسیوں نے انہیں ایک کونے میں دھکیل دیا ہے اور نوجوان دھوکہ دہی محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ قوم کی پائیدار ترقی اور ترقی کیلئے ہمارے نوجوانوں کے مستقبل کے بارے میں واضح پالیسی لے کر آئے۔