لال چوک اور ملحقہ بازارانجمنوں کے ساتھ پولیس کاتبادلہ خیال
ضلع پولیس سربراہ کی جائز مطالبات کو حل کرنے کی یقین دہانی
سرینگر//سرینگر کے ضلع پولیس سربراہ سندیپ چودھری نے لال چوک اور ملحقہ مارکیٹوں کی انجمنوں کے صدور کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران دکانداروں کودرپیش مسائل سنے اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو ترجیحی طور حکام کی نوٹس میں لایا جائے گا۔اس میٹنگ میں ایس پی ایسٹ ، ایس ڈی پی او کوٹھی باغ ، ایس ایچ او کوٹھی باغ اور ایس ایچ او مائسمہ کے علاوہ لال چوک ، کوکر بازار ، ماسئمہ مارکیٹ، ریذیڈنسی روڈ ، پولو ویو ، ریڈ کراس روڈ اور کرالہ کھڈ مارکیٹ ایسوسی ایشن کے تقریبا 60 ممبران نے شرکت کی، جن میں فرحان کتاب ، بلال احمد ڈار ،معراج دین ، بشیر کانگپوش شامل تھے۔ میٹنگ کا ایجنڈا مارکیٹ ایسوسی ایشن کو درپیش مسائل کو جاننا اور پولیس کی مدد سے خوشگوار حل نکالنا مطلوب تھا۔ میٹنگ کے دوران کچھ اہم مسائل زیر غور لائے جن میں سیکورٹی ، پارکنگ ، ٹریفک کی نقل و حمل ، اور صفائی ستھرائی جیسے مسائل پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ایس ایس پی سرینگر نے شرکاء کے تمام مسائل کافی غور سے سنے اور انہیں یقین دہانی کی ان کے معاملات ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔
ماگام میں کاہچرائی پر مکانات کی تعمیرکا معاملہ
عدلیہ کے احکامات کونظراندازکرکے کارروائی کرنامتعصبانہ:آغاحسن
بڈگام//ماگام بڈگام میں رقبہ کاہچرائی پر صد سالہ قبضہ و تصرف ہٹانے کے لئے متعلقہ حکام اور پولیس کے سخت گیر و غیر انسانی طرز عمل اور مکینوں پر پولیس تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کہا کہ اس رقبہ کا ہچرائی پر جن مکانات کو ہٹانے کے لئے عوام پر زور زبردستیاں کی جا رہی ہیں، وہ کئی دہائیوں پہلے تعمیر کئے گئے ہیں اور اس لمبی مدت کے دوران کسی بھی حکومت نے ان مکانات کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کی۔ آغا حسن نے افسوس ظاہر کیا کہ عدلیہ کی اس ہدایات کے باوجود کہ متعلقہ معاملہ فی الحال التوا ء میں رکھا جائے اور اگلے عدالتی حکم کا انتظار کیا جائے ،کے باوجودضلع انتظامیہ نے جس عجلت سے کام لیا ،وہ سراسر متعصبانہ ہے۔ آغا حسن نے کہا کہ مکانات کی تعمیر میں ایک کنبے کی عمر بھر کی کمائی صرف ہوتی ہے اور موجودہ حالات اور وقت میں عام لوگوں کے لئے مکان کی تعمیر ایک خواب بن کر رہ گئی ہے، ایسے حالات میں غریب لوگوں کو مکانات ہٹانے کا حکم جاری کرنا ظلم بالاے ظلم ہے۔انہوں نے متاثرین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری زمین پر مکانات کی تعمیر کو روکنے کے لئے متعلقہ حکام کی غیر ذمہ داریوں کا سنجیدہ نوٹس لینے کے بجائے غریب عوام کو نشانہ بنانے کا کوئی جواز نہیں ۔انہوں نے کہا کہ سرکاری زمین پر برس ہا برس پہلے تعمیر کئے گئے مکانات کو ہٹانے کے بجائے سرکار کواس معاملے میں کوئی اور راہ حل نکالنی چاہے ۔
پٹن میں کیفٹیریاکاافتتاح
سیاحتی شعبہ کو بلندیوں تک پہنچانے کیلئے محکمہ متحرک:ڈاکٹرایتو
سرینگر//سیاحتی مقامات کو صاف و شفاف رکھنے کی عوام سے تاکید کرتے ہوئے ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے کہا کہ سیاحتی سرگرمیوںکو بلندیوں تک پہنچانے کیلئے محکمہ نے سرگرمیاں تیز کر دی ہیں ۔ سی این آئی کے مطابق ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے شمالی کشمیر کے کئی علاقوں کا دورہ کیا ۔ اس موقعہ پر ناظم سیاحت نے پٹن کے رنجی علاقے میں کیفٹیریہ کا بھی افتتاح کیا ۔سرینگر بارہمولہ شاہراہ پر یہ کیفٹیریہ رنجی پٹن کے مقام پر ہے ۔ اس موقعہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے کہا کہ محکمہ سیاحت کو بلندیوں پر پہنچانے کیلئے محکمہ کی کوششیں جاری ہے اور اس سلسلے میں محکمہ متحرک ہے ۔ انہوںنے کہا کہ کووڈ کی وجہ سے کچھ حد تک سرگرمیوں متاثر ہو چکی تھی تاہم اب دوبارہ بحال ہو گئی ہے اور ملک کے ساتھ ساتھ بیرون ممالک سے بھی اچھی خاصی تعداد سیاحوں کی وارد کشمیر ہو رہی ہے اور یہاں کے قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں ۔ ناظم سیاحت نے کہا کشمیر میں سیاحتی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے کیلئے محکمہ کوئی دقیقہ فر و گزاشت نہیںکریں گا اور اس سلسلے میںتمام تر اقدامات اٹھائیںجا رہے ہیں ۔ انہوںنے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سیاحتی مقامات کو صاف رکھنے میں پہل کریں جبکہ محکمہ سیاحت کے اثاثوں کی نگرانی اور انہیں تحفظ فراہم کرنے میں محکمہ کے ساتھ تعاون کریں ۔
ٹیٹوال میں 41سالہ خاتون کی پُراسرار موت
کرناہ//شمالی کشمیرکے سرحدی علاقہ کرناہ کے کرامہ ٹیٹوال گائوں میں ایک41 سالہ خاتون پراسرارطور فوت ہو گئی۔متوفی خاتون کی ایک بیٹی اور ایک بیٹا ہے جبکہ اس کا شوہر 2005 کے زلزلے میں مر گیا تھا۔ جے کے این ایس کے مطابق متوفی خاتون کے بیٹے نے کہا کہ 25، اگست کی صبح اُسکی ماںشیرانہ بیگم زوجہ مرحوم فریداحمدکھٹانہ اپنی بہن کے گھر گبرا جانے کیلئے گھر سے نکلی تھی، لیکن بدقسمتی سے ہفتہ کی صبح جب میں صبح خریداری کے لیے نکلا تو میں نے ایک پرس سڑک پر پڑا دیکھا،جوکہ میری ماں کاتھا۔ اُس نے کہاکہ پھر میں نے ادھر ادھر دیکھنے کی کوشش کی اورمیں نے اپنی ماں کی لاش وہاں پڑی دیکھی۔ شفقت مادر سے محروم ہونے والے بیٹے کاکہناتھاکہ میری ماں کی نعش ہفتے کی صبح ملی جب اس کاجسم سڑا ہواتھا اورجسم سے بدبو سے آرہی تھی ۔پولیس چوکی ٹیٹوال کے انچارج آفیسرنے کہا کہ پولیس نے حادثاتی موت کی رپورٹ درج کر لی ہے اور لاش کوپوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ فی الوقت یہ حادثاتی موت کامعاملہ لگتاہے لیکن فارنسک لیبارٹری سے رپورٹ موصول ہونے کے بعداصل حقیقت سامنے آئے گی ۔مذکورہ پولیس افسرنے بتایاکہ نعش کاپوسٹ مارٹم کرنے کیساتھ ساتھ ہم نے اس حوالے سے تحقیقات شروع کردی ہے۔
بجلی فیس میں اضافہ
ولی وار گاندبل میں محکمہ کے خلاف احتجاج
ارشاد احمد
گاندربل//گاندربل کے ولی وار علاقہ میں کئی لوگوں نے بجلی فیس میں اضافے کے خلاف محکمہ بجلی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین میں مقامی خاتون سرپنچ بھی شامل تھی۔مظاہرین نے کہا کہ ولی وار، چانتھن ،چونٹھ ولی وار علاقہ میں مقیم آبادی میں بیشتر افراد پسماندہ طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں جو مزدوری کرکے اپنے اہل خانہ کا پیٹ پالتے ہیںاور اس صورتحال میں محکمہ بجلی نے بجلی فیس میں اضافہ کرکے غریب عوام پر بوجھ ڈالا۔علاقہ ولی وار کی مقامی خاتون سرپنچ زیتون بیگم نے اس موقع پر محکمہ بجلی سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ولی وار کی آبادی سال کے چھ مہینے بہکوں میں اپنے مویشیوں کے ساتھ رہتے ہیں جبکہ ان چھ مہینوں میںان کے گھروں پر تالا لگا رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگ بہت ہی پسماندہ طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں ،ان کا روزگار مزدوری یا مویشیوں پر ہی منحصر ہے وہ اتنی فیس ادا نہیں کرسکتے ہیں۔مظاہرین نے لیفٹیننٹ گورنر اور ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل سے اس سلسلے میں مداخلت کی اپیل کی۔
پائوں اور منہ کی بیماری
زینہ گیر سوپورمیںمتعددمویشی ہلاک،سینکڑوں بیمار
سرینگر//پاؤں اور منہ کی بیماری ) نامی بیماری کے پھیلنے سے زینہ گیر سوپور میں درجنوں مویشی مر گئے ہیں۔بوٹینگو ، مقام ، چہار ، جانوارہ اور رام پورہ راج پورہ میں گھریلو جانوروں میں پاؤں اور منہ کی بیماری (FMD) نامی بیماری پھوٹ پڑی ہے اوراب تک ان دیہات میں درجنوں مویشی مرگئے ہیں جن میں خاص طورپرگائیں شامل ہیں جبکہ سینکڑوں مویشی اس مہلک بیماری کی لپیٹ میں آچکے ہیں ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ محکمہ صورتحال پر قابو پانے میں ناکام ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہمنہ اور پائوں کی اس بیماری سے صرف بوٹنگو میں تقریباً نصف درجن گائیں مر گئی ہیں اور کئی بیمار ہیں۔انہوںنے کہاکہ ستم ظریفی یہ ہے کہ مویشیوں میں مہلک بیماری پھیلنے کے بعد بھی ابھی تک طبی سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیں۔لوگوں نے متعلقہ محکمہ سے معاوضہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا اور ڈاکٹروں کی ٹیموںکومتاثرہ علاقوں میں تعینات کرنے کی اپیل کی۔
ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن شوپیان کے انتخابات
شاہد کچھے صدر اورشہنواز احمد جنرل سیکریٹری منتخب
شاہد ٹاک
شوپیان// شوپیان میں تین برس بعد سنیچرکو ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے انتخابات شرمال نامی علاقے میںمنعقد ہوئے جس میں 105افراد نے شرکت کی اور اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔ شاہد احمد کچھے صدر، مختار احمد ملک نائب صدر، شہنواز احمد جنرل سیکریٹری اور ریاض احمد خزانچی منتخب ہوئے۔نومنتخب عہدیداروں نے صوبائی و ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹ سے منسلک افراد کے مسائل کا ازالہ کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں کیونکہ ضلع شوپیان کی بیشتر آبائی سیب کے کاروبار سے منسلک ہے۔
میرواعظ کی رہائی عوام کی رہنمائی کیلئے لازمی
معاشرے کی تطہیر کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت:صدرِ جمعیت
سرینگر//جمعیت اہلحدیث نے میرواعظ کشمیر مولانا محمد عمر فاروق کی رہائی کامطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میر واعظ خاندان کی صدیوں پر محیط دینی ، تعلیمی اور دعوتی خدمات ایک کھلی کتاب ہے ۔صدر جمعیت پروفیسرغلام محمد بٹ المدنی کے مطابق موجودہ دور میں جب انسانی معاشرے میں اخلاقی انحطاط بڑھتا جارہا ہے ،داعیانِ حق کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوا ہے۔موصولہ بیان کے مطابق جمعیت منزل سرینگر میں علماء کی ایک نشست سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر بٹ نے کہا کہ ایک صالح اور پاکیزہ معاشرے کی تشکیل و تکمیل کیلئے بہر حال مسالک کی سوچ سے اُوپر اٹھ کر کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس کام کو موثر اور جاندار بنانے کے لئے میر واعظ کشمیر مولانا عمر فاروق کی رہائی اور رہنمائی لازمی ہے ۔انہوں نے کہا کہ میر واعظ خاندان کی صدیوں پر محیط دینی ، تعلیمی ، تدریسی اور دعوتی خدمات ایک کھلی کتاب ہے اور ان کی بات انتہائی دلچسپی سے سنی مانی جاتی ہے۔ انہوںنے مزید کہاکہ دعوت و اصلاح کا یہ کام چونکہ مشترکہ ہے اور میرواعظ عمر فاروق مجلس اتحاد ِ علماء کے سربراہ بھی ہیں اور ان کی معاشرے کی تطہیر اور نئی نسل کی اخلاقی و روحانی تربیت کے حوالہ سے کاوشیں بھی عیاں ہیں ۔ بٹ کے مطابق اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سماج کے ہر طبقے کی جانب سے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا جارہا ہے تاکہ وہ اصلاح احوال کے اس کام اور مجلس اتحاد ِ علماء کی رہنمائی کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ سارے مسالک کے علماء و فضلاء ، اساتذہ ، صحافی ، والدین ، حساس نوجوان اور سول سوسائٹی معاشرے کی بگڑتی صورتحال کا ادراک کریں اور معاشرے کی کشتی کو کنارے لگانے کے لئے مسلک اور دین دھرم کی سوچ سے اوپر اٹھ کر مشترکہ اور مؤثر کاوشیں کریں۔
مظفرحسین بیگ کی ہمشیرہ فوت
سجادلون اورالطاف بخاری کااظہارتعزیت
سرینگر//سابق نائب وزیراعلیٰ مظفرحسین بیگ کی ہمشیرہ اوراپنی پارٹی ترجمان جاوید حسن بیگ کی پھوپھی فریدہ بیگ زوجہ حمدانی بیگ ساکنہ دودھ بگ سلطان پورہ کنڈی کے انتقال پر سیاسی اورسماجی حلقوںنے گہرے صدمے کااظہارکیا ۔پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجادغنی لون نے پارٹی کے سینئر لیڈرمظفرحسین بیگ اور جاوید حسن بیگ کے ساتھ تعزیت کااظہارکیا۔انہوںنے مرحومہ کے بلنددرجات کیلئے دعاکی۔ادھراپنی پارٹی صدر سید الطاف بخاری نے مظفر حسین بیگ کی ہمشیرہ اور اپنی پارٹی ترجمان جاوید حسن بیگ کی پھوپھی کے انتقال پر دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ایک تعزیتی بیان میںبخاری نے مرحومہ کی جنت نشینی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔انہوں نے کہا’’میں بیگ خاندان کے ساتھ دکھ کی اِس گھڑی میں دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں‘‘۔
کو لگام میں ٹرک ڈرائیورس ویلفیئر یونین کا قیام
سرینگر//کو لگام میں آ ل جے اینڈ کے ٹرک ڈرائیورس ویلفیئر یونین کا قیام عمل میں لایا گیا۔ ہفتہ کوٹائون ہال میںمنعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران ٹر ک ما لکان اور ڈرائیوروں نے کہا کہ ٹرا نسپورٹرس کے ساتھ زیادتیاں ہورہی ہیں اور اسی لئے ان ناانصا فیوںکاتوڑ کرنے کیلئے اس یونین کا قیام عمل میں لایا گیا ۔ پہلے مرحلے میں کولگام ، شوپیان اور پلوامہ کے ٹر ک ما لکان اور ڈرئیوروں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ضلع کولگام کیلئے فیروز احمد ، شوپیا ن کیلئے احمد وگے اور پلوامہ کیلئے تجمل احمد کوضلع صدر نامزد کیا گیا۔
ترال میں سری اکھنڈ پاٹ صاحب کی مجلس
سرینگر//سکھ یوتھ فورم (ایس وائی ایف) چندری گام ترال کی جانب سے جمعہ کی صبح شروع کیا گیا اکھنڈ پاٹ صاحب سنیچر کو بھی جاری رہا۔ سکھ یوتھ فورم چندری گام ترال کے پرزیڈ نٹ شنٹی سنگھ کے مطابق سری اکھنڈ پاٹ صاحب بشمول بھوگ اتوار کے روزتقریبانو بجے اختتام پذیر ہوگا۔سکھ یوتھ فورم ، چندری گام ترال نے بستی کی تمام سنگتوں کا ان کے فراخدلانہ عطیہ اور پاکیزہ عمل میں شرکت کر نے کیلئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ (سی این ایس)
خوشحال متو سوپور میںبوسیدہ نعش برآمد
سوپور// سوپورمیں ہفتہ کو ایک مرد کی بوسیدہ لاش برآمد کی گئی ۔جے کے این ایس کے مطابق قصبہ سوپورکے خوشحال متو علاقے کے مکینوں نے لاش دریا کے کنارے دیکھی اور پولیس کو اطلاع دی۔ ایک پولیس افسر نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لاش خوشحال متو کے علاقے میں دریا کنارے کے قریب پراسرار حالات میں برآمد کی گئی۔انہوںنے بتایاکہ یہ کسی مردکی نعش ہے جوکافی بوسیدہ ہے اوراس سلسلے میں تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔