مینڈھر //سب ڈویژن مینڈھر کے لینجوٹ علاقہ میں جارہی واٹر سپلائی سکیم گزشتہ دو برسوں سے مکمل ہی نہیں ہو سکی جس کی وجہ سے عام لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مکینوں نے محکمہ آب رسانی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ لفٹ سکیم کٹھا تا لینجوٹ اور لوہر کوٹاں کی تعمیر کا عمل دو برس قبل شروع کی گئی تھی جبکہ محکمہ کی جانب سے واٹر ٹینکوں کی تعمیر بھی کی گئی تھی تاہم اس کے بعد ابھی تک پاپئیں ہی بچھائی نہیں گئی ۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں متعلقہ محکمہ اور ضلع انتظامیہ سے متعدد مرتبہ رجوع کیا گیا جبکہ متعدد مرتبہ عوامی اجلاس میں بھی ضلع ترقیاتی کمشنر کی موجودگی میں متعلقہ آفیسران نے متعدد مرتبہ یقین دہانیاں کروائی تھی تاہم ابھی تک واٹر سپلائی سکیم کو مکمل نہیں کیاجاسکا ۔انہوں نے بتایا کہ پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے علاقہ کی وسیع آبادی کو پانی کی شدید قلت کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کے لاپرواہ ملازمین و آفیسران کیخلاف کارروائی عمل میںلا کر عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔