نئی دہلی //وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ کشمیر سے ملی ٹینسی کا جلد صفایا ہو جائے گا کیونکہ آرٹیکل 370اور 35اے کی وجہ سے وہاں علیحدگی پسند قوتوں کو جو طاقت ملتی تھی، وہ طاقت اب ختم ہوچکی ہے ۔وزیر دفاع نے پاکستان کو دہشت گردی کی حمایت کرنے پر بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ پراکسی وار کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ہندوستان میں عدم استحکام پیدا کرنے میں مصروف ہے ۔پیر کو آنجہانی بلرام جی داس ٹنڈن لیکچر سیریز میں ‘قومی سلامتی’ کے موضوع پر اپنے خطاب میں سنگھ نے کہا‘‘مجھے یقین ہے کہ کشمیر میں باقی ملی ٹینسی بھی ختم ہو جائے گی، مجھے یہ بھی یقین ہے کیونکہ وہ طاقت جو علیحدگی پسند قوتوں کو آرٹیکل 370 اور 35A کی وجہ سے وہاں انہیں حاصل تھی ، اب ختم ہوچکی ہے ‘‘۔سیکورٹی فورسز کی جانب سے ملی ٹینسی کے خلاف کی گئی سخت کارروائی کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ اس سے بہت کچھ بدل گیا ہے اور ان میں یہ اعتماد پیدا ہوا ہے کہ وہ ملک کے دفاع کے فرائض کی انجام دہی میں انہیں کھلی چھوٹ رہے گی’’۔انکا کہنا تھا کہ آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ اس سے فوج اور سیکورٹی فورسز کا اعتماد اور حوصلہ کتنا بلند ہوا ہے ، اس حقیقت سے کہ پچھلے سات برسوں میں انہوں نے ہندوستان میں دہشت گردی کا کوئی بڑا واقعہ نہیں ہونے دیا‘‘۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ حکومت افغانستان کی صورتحال پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے۔انکا کہنا تھا’’ ہمسایہ ملک افغانستان میں جو کچھ ہورہا ہے، حفاظتی نکتہ نگاہ سے اس سے نئے سوالات ابھر رہے ہیں،مرکزی سرکار وہاں کی سورتحال کا لگاتار جائزہ لے رہی ہے‘‘۔انہوں نے کہا ’’ بھارتی شہریوں کی حفاظت کیساتھ ساتھ ہماری حکومت اس بات کی خواہشمند ہے کہ وہاں کی صورتحال سے فائدہ اٹھا کر بھارت مخالف قوتیں سرحد پار دہشت گردی کو فروغ نہ دیں سکیں‘‘۔