راجوری +پونچھ// پورے ملک کی طرح خطہ پیر پنچال کے دونوں سرحدی اضلاع میں جنم اشٹمی کا تہوار مذہبی جوش و خروش کیساتھ منایا گیا ۔راجوری ضلع کے مختلف علاقوں میں اس سلسلہ میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا جبکہ مندروں میں خصوصی پوجا کی گئی ۔نوشہرہ ،سندر بنی اور کوٹرنکہ کیساتھ ساتھ دیگر علاقوں میں ریلیوں کیساتھ ساتھ مندروں میں بھی پروگراموں کا اہتمام کیا گیا تھا جبکہ راجوری قصبہ میں بھی خصوصی پروگرام منعقد کر کے پوجا کی گئی ۔نوشہرہ سب ڈویژن میں منعقدہ پروگراموں میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ اس سلسلہ میں یاترا کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ پونچھ میں بھی جنم اشٹمی جو بھگوان کرشن کا یوم پیدائش ہے، مذہبی جوش جزبہ کے ساتھ منائی گئی۔اس دوران عقیدتمندوں نے بھگوان کرشن کی پوجا کیلئے مختلف مندروں کا رْخ کیا۔ سناتن دھرم سبھا کی جانب سے اس سال رویتی جلوس کوڈ 19 کی تیسری لہر کے خطرات کے پیش نظر بر آمد نہیں کیا گیا لیکن علاقے میں بھگوان کرشن کی پیدائش کا جشن تمام مندروں کو زبردست طریقے سے سجاکر منایا گیا۔گیتا بھون پونچھ میں جنم اشٹمی کے موقع پر ایک تقریب منعقد ہوئی یہاں آنے والے سبھی لوگوں نے کووڈ19 کے احتیاطی تدابیر پر عمل کیا۔ اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندرجیت، ایس ایس پی ڈاکٹر ونود کمار کے علاوہ دیگر افسران نے بھی شرکت کرکے سبھی کو مبارکباد دی۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ جنم اشٹمی، بھگوان کرشن کی زندگی اور تعلیمات کے تئیں خود کو وقف کردینے کا تہوار ہے۔ اس دوران سناتن دھرم سبھا کے صدر ستیش ساسن نے تمام شرکاء کاخیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنم اشٹمی پر بھگوان کرشن کی پیدائش کی تقریبات منائی جاتی ہیں، جنہیں بھگوان وشنو کا آٹھواں اوتار مانا جاتا ہے۔ انہوں نے عوام کو اپیل کی کہ وہ کووڈ کے چلتے تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کر اپنی اور دوسروں کی جانوں کا تحفظ کریں۔ضلع کے مینڈھر سب ڈویژن میں جنم اشٹمی کے سلسلہ میں خصوصی پروگرام منعقد کئے گئے جن میں ہندو طبقہ کے لوگو ں کیساتھ ساتھ مقامی انتظامیہ کے اعلیٰ آفیسران نے بھی شرکت کی ۔