پونچھ// ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے منگل کے روز مزید 8بے روزگارو نوجوانوں کو اپنا روزگار خود حاصل کرنے کے لئے گاڑیاں فراہم کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندرجیت نے ممکن سکیم کے تحت تیسری دفعہ یہ گاڑیاں تقسیم کی۔ ڈ ی سی آفس پونچھ کے احاطے میں منعقدہ اس تقریب میں اضافی ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ عبدالستار ، چیف ایگزیکٹوآفیسر محکمہ سیاحت ،لیڈ بینک آفسر ، جموں کشمیر بینک کے کلسٹر ہیڈ ، اشوکالے لینڈ ، مہندرا ، ٹاٹا کمپنیوں کے عہدیداران کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران اور عہدیدار موجود رہے۔ اس دوران آٹھ اہل مستحقین میں سبسڈی والی چھوٹی تجارتی گاڑیوں (لوڈ کیریئرز) کی چابیاں نوجوانوں کے حوالے کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ حکومت بے روزگار نوجوانوں کو باعزت طریقے سے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے اور ممکن سکیم ان نوجوانوں کیلئے ایک موقع ہے جو ٹرانسپورٹ کی سرگرمیوں میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے اس زمرے میں آنے والے بے روزگار نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنا اندراج کرائیں اور اس سکیم کے فوائد حاصل کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ منی کمرشل گاڑیاں 18 سے 35 سال کی عمر کے نوجوانوں کو جہاں روزگار فراہم کریں گے ،وہی اس سے ضلع پونچھ کی معاشی ترقی بھی ہوگی۔