تحصیلدار محمد صغیر 39سالہ سروس کے بعد سبکدوش
جاوید اقبال
مینڈھر //تحصیلدار لینڈ ریکارڈ راجوری محمد صغیر محکمہ مال میں 39سالہ سروس انجام دینے کے بعد سبکدوش ہو گئے ہیں ۔ان کی سبکدوشی کے سلسلہ میں راجوری اور مینڈھر کے چھجلہ علاقہ میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔آفیسر موصوف کی سبکدوشی کے سلسلہ میں چھجلہ علاقہ میں منعقدہ تقریب میں بڑی تعداد میں آفیسران ،معززین اور پنچایتی اراکین نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے مقررین نے کہاکہ تحصیلدار محمد صغیر نے مختلف علاقوں میں اپنی خدمات انجام دی ہیں جس کے دوران انہوں نے محنت ولگن کیساتھ عوامی خدمات انجام دی ہیں ۔انہوںنے آفیسر موصوف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیاہے ۔تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پونچھ ،ایڈیشنل ایس پی پونچھ ،تحصیلدار منجا کوٹ ،ایس ڈی پی او مینڈھر ،نائب تحصیلدار مینڈھر کیساتھ ساتھ دیگر آفیسران سیاسی لیڈران نے بھی شرکت کی ۔
سندر بنی میں بی ایس ایف اہلکار کی مشکوک موت
رمیش کیسر
نوشہرہ //راجوری ضلع کے سندر بنی سب ڈویژن کے ایک فوجی کیمپ میں باڈر سیکورٹی فورس کا اہلکار کی مشکوک حالت میں موت ہونے کے بعد پولیس نے اس سلسلہ میں معاملہ درج کر کے مزید تحقیقاتی عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔بی ایس ایف اہلکار کی شناخت بی ایس ایف کی 69بٹالین کا کانسٹبل راکیش کمار سکنہ پٹھانکوٹ کے طورپر ہوئی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ اہلکار اپنے ہی کیمپ میں بیہوش ہو گیا جس کے بعد اس کو سب ڈسٹر کٹ ہسپتال سندر بنی لایا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دے دیا گیا ۔پولیس نے بتایا کے لاش کا پوسٹ مارٹم کر لیا گیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔
پہاڑی طبقہ کی مانگ پوری کرنے کا مطالبہ
محمد بشارت
کوٹرنکہ //پہاڑی طبقہ کے لیڈران نے بھاجپا کی مرکزی حکومت سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پہاڑیوں کو جلدازجلد ایس ٹی کا درجہ دیا جائے تاکہ ان کی فلاح و بہبود ممکن ہو سکے ۔طبقہ کے معززین نے کہاکہ پہاڑی طبقہ نے ہر ایک مشکل وقت میں ملک کی تعمیر وترقی میں ایک اہم رول ادا کیا تاہم بھاجپا کی مرکزی حکومت نے اقتدار میں آنے سے قبل پہاڑیوں کو ایس ٹی کا درجہ دینے کا وعد ہ کیا تھا لیکن ابھی تک اس سلسلہ میں کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی ۔سرپنچ پنچایت حلقہ سواڑی کوٹ راجیش شرما نے انتظامیہ کی جانب سے پہاڑیوں کو چار فیصد ریز رویشن دینے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ فیصلے سے انتظامیہ نے طبقہ کی شناخت کو تسلیم کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ سرحدی علاقوں میں رہائش پذیر پہاڑی طبقہ نے تینوں جنگوں میں ملک کیلئے قربانیاں دی ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ طبقہ کو جلدا ز جلد ایس ٹی کا درجہ دے کر ان کیساتھ کیا گیا وعدہ پورا کیا جائے ۔
بڑی تعداد میں نوجوانوں کی اپنی پارٹی میں شمولیت
حسین محتشم
پونچھ//جموں و کشمیر اپنی پارٹی پونچھ کے ضلع صدر شاہ محمد تانترے نے اپنی رہائش گاہ پر ایک اجلاس منعقد کیاجس میں بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان اور لوگوں نے شرکت کی۔ اس دوران شاہ محمدتانترے کی قیادت میں کثیر تعداد میں نوجوانوں نے کی اپنی پارٹی میں شمولیت کی جن کا استقبال پارٹی کے سینئر لیڈران سرجن سنگھ،تنویر چوہدری،محمد بشیر خاکی،ممتاز احمد راجہ،عمران خان،رشید صوفی،منظور سیٹھ،غلام محمد ،شکیل احمد اورغلام رسول نے ہار پہنا کر کیا۔اپنے خطاب میں شاہ محمد تانترے نے کہا جموں و کشمیر اپنی پارٹی میں نوجوانوں کی شمولیت اس بات کا سبز اشارہ ہے کہ نوجوان ترقی اور خوشحالی کیلئے سیاست میں شامل ہو رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دیگر سیاسی جماعتیں ایک بار پھر جموں و کشمیر کے لوگوں کو بیوقوف بنا کی کوشش کر رہی ہیں جن سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔
جلد گولڈن کارڈ بنانے کا مطالبہ
حسین محتشم
پونچھ//آل انڈیا پبلک ویلفیئر فرنٹ کے چیئرمین زوراور سنگھ شہباز نے ’کامن سروس سنٹر‘ (CSC) کے صدر اجیت سنگھ سے ملاقات کی تاکہ سرحدی علاقوں کے غریب اور ضرورت مند لوگوں کو جلد سے جلد گولڈن کارڈ اور لیبر کارڈ بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگوں کے نام فہرست میں نہیں ہیں جس کی وجہ سے ان کے کارڈ نہیں بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے پنچایت ممبران پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس میں سب سے بڑا قصور ان سرپنچوں کا ہے جنہوں نے سروے کی فہرست میں لوگوں کے نام درج نہیں کروائے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک ویلفیئر فرنٹ گاؤں گاؤں جا کر غریب اور ضرورت مند لوگوں کا گولڈن کارڈ بنانے اور وہاں کیمپ لگا کر لوگوں کی خدمت کرنے کیلئے تیار ہے۔ CSC مرکز کے صدر اجیت سنگھ نے یقین دلایا کہ ہماری پوری ٹیم ان کے ساتھ ہے ، اور وہ جلد ہی تمام علاقوں کے لوگوں کو گولڈن کارڈ بنا کر اپنا فرض پورا کریں گے۔ اس موقع پر فرنٹ کے رویندر کور ، منظور حسین شاہ ، سنی شرما ، اتکرش شرما ، ایشان دتہ ، پوجا مشرا ، اْجاگر سنگھ ، شاہنواز خان ، نتن شرما موجود تھے۔
میاں بشیر احمد لاروی کے انتقال پر اظہار افسوس
حسین محتشم
پونچھ//پونچھ کے سماجی کارکنان کا ایک تعزیتی اجلاس عبدالرشید شاہپوری کی قیادت میں منعقد ہوا جہاں جموں کشمیر کے روحانی بزرگ میاں بشیر احمد لاروی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مقررین نے کہا مرحوم بلا شبہ اپنی ذات میں ایک عہد، ایک انجمن، سنجیدگی ومتانت اور روحانی اوصاف سے متصف شخصیت کے مالک تھے۔ انہوں نے کہاعلمی و روحانی حلقوں سے لے کر سیاسی حلقوں تک آپ کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔انہوں نے کہا مرحوم کی مجلس میں جب بھی بیٹھنے کی سعادت میسر ہوئی تو عجیب روحانی سکون محسوس عبدالرشید شاہپوری نے کہا کہ روحانی شخصیت نے ہمیشہ سب کو اپنی شفقتوںاور عنایتوں سے نوازا۔ معروف احمد چوہان نے گہرے صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا مرحوم کے چاہنے والے ایک اعظیم روحانی ہستی سے محروم ہوگئے۔انہوں نے کہا اللہ تعالٰی سے دعا ہے کہ انہیں جنت الفرودس میں اعلٰی مقام عطا کرے۔ اس موقعہ پر نگہت چوہدری،چوہدری شریف کوہلی،جمیل کوہلی،چوہدری غلام حسین چیچی،غلام حسین میلو،اسحاق خان،حاجی باغ حسین راٹھور،چوہدری لعل حسین،محمدزمان،شکیل چیچی،بشیراحمد،سرپنچ شبیر،سراج دین کنوئی،اقبال کھانڈے،شعبان رضا چشتی،پیر شوکت علی،جبار تانترے،سہیم جعفر حیاتپوری ،محمد افضل،محمد آذاد چوہان،فوجی برکت،محمد اعظیم بجاڑ،چوہدری محمد دین منی درہ دلیاں موجود تھے۔اجلاس کے دوران مرحوم کے لئے خصوصی فاتحہ خوانی کی گئی اور عالم انسانیت کے لیے بھی دعائیں طلب کی گئی۔