بدھل میں نائب تحصیلدار کا شاندار استقبال
محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کی بدھل نیابت میں حال ہی میں تعینات ہوئے نائب تحصیلدار کا شاندار استقبال کیا گیا ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کونسل ممبر درہال و بھاجپا سنیئر لیڈر محمد اقبال ملک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ان کی محنت کی وجہ سے بدھل میں آفیسر موصوف کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے ۔غور طلب ہے کہ حال ہی میں ضلع ترقیاتی کونسل ممبر درہال کی قیادت میں بدھل کے معززین کا ایک وفد ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے ملا قی ہوا تھا جس کے دوران انہوں نے آفیسر موصوف کو مکینوں کی مشکلات کے سلسلہ میں آگاہ کیا تھا ۔وفد کو ضلع ترقیاتی کمشنر نے یقین دلاتے ہوئے کہا تھا کہ مذکورہ جگہ پر آفیسرکی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی ۔اس سلسلہ میں بولتے ہوئے بھاجپا یوتھ وینگ کے ترجمان منظور نائیک نے بتایا کہ گزشتہ کئی عرصہ سے بدھل نیابت میں آفیسر موصوف کی کرسی خالی پڑی ہوئی تھی جس کی وجہ سے عام لوگوں کو مشکلات کا سامناکرناپڑرہا تھا ۔مقامی معززین نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اب مکینوں کو علاقہ میں ہی سہولیات میسر ہو نگی ۔
آل انڈیا پبلک ویلفیئر فرنٹ نے پروگرام منعقد کیا
حسین محتشم
پونچھ// مشہور ٹرانسپورٹر بشیر احمد جٹ نے آل انڈیا پبلک ویلفیئر فرنٹ میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔اس سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران فرنٹ کے چیئرمین زوراور سنگھ شہباز نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔انہوںنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جٹ کے محاذ میں شامل ہونے سے محاذ اور بھی مضبوط ہو جائے گا اور ہم خدمت خلق کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی تنظیم کا مقصد غریب لوگوں کی مدد کرنا ہے اور جو لوگ بھی ان کے فرنٹ میں شامل ہو رہے ہیں انہوں نے اپنی زندگی کا مقصد ہی خدمت خلق بنایا رکھا ہے۔بشیر احمد جٹ نے کہا کہ انہوں نے اکثر مشاہدہ کیا ہے کہ یہ فرنٹ ہمیشہ غریبوں ، یتیموں ، مسکینوں، بے سہارا ، بوڑھے ، معذور ، ضرورت مند اور بے روزگار لوگوں کی مدد کرتا ہے اورغریبوں کیلئے مفت میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا گیا اور گولڈن کارڈ بنانے کیلئے مفت کیمپ لگا کر عوام کی خدمت بھی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ کوویڈ 19 کے دوران بھی اس فرنٹ کے اراکین نے غریبوں کو راشن اور ماسک مہیا کر کے ان کی مدد کی۔ انہوں نے کہا ان خدمات کی وجہ سے ہی انہوں نے فیصلہ کیا کہ ہمیں ایسے فرنٹ کو بہتر بنانا ہے۔انہوں نے کہا ہم نے آل انڈیا پبلک ویلفیئر فرنٹ کے کاموں سے خوش کراس میں شامل ہونے بھی فیصلہ کیا اور ہم وعدہ کرتے ہیں کہ ہم مل کر غریب لوگوں کی خدمت کریں گے ، اس موقع پر فرنٹ لیڈر منظور حسین شاہ ، رویندر کور ، سنی شرما ، سچن شرما ، اْجاگر سنگھ ، اتکرش شرما ، ایشان دتہ ، اجیت سنگھ موجود تھے۔
؎پہاڑی طبقہ کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ
جاوید اقبال
مینڈھر //پہاڑی ایکشن فورم کے اراکین نے بھاجپا کی مرکزی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ طبقہ کیساتھ کئے گئے وعدوں کوپورا نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے پہاڑی طبقہ سے تعلق رکھنے والے بے روز گار نوجوانوں کی مشکلات میں ہر گزرتے دن کیساتھ اضافہ ہو تا جارہا ہے ۔فورم اراکین کی جانب سے جاری کردہ ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھاجپا نے مرکز میں اقتدار میں آنے سے قبل پہاڑیوں کیساتھ وعدہ کیا تھا کہ ان کو ایس ٹی کا درجہ دیا جائے گاتاہم پارٹی کو اقتدار میں آئے ہوئے سات برس سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن ابھی تک پہاڑی طبقہ کیساتھ کیا گیا وعدہ پورا نہیں کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر انتظامیہ نے طبقہ کو صرف چار فیصد ریزرویشن دی تھی جبکہ اس کے علاوہ ابھی تک ان کی مانگ پوری نہیں کی گئی ہے ۔پہاڑی ایکشن فورم کے لیڈران نے انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ اگر جلداز جلد ان کی مانگیں پوری نہیں کی گئی تو اس سلسلہ میں احتجاج شروع کیا جائے گا ۔