راجوری //راجوری ضلع میں ایک لڑکی کا مبینہ اغوا معاملے کو لے کر مقامی لوگوں نے جموں پونچھ شاہراہ بند کر کے شدید احتجاج کیا ۔مظاہرین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ اغواءکار کو جلدازجلد گرفتار کر کے لڑکی کو بازیاب کروایا جائے ۔معاملے کو لے کر مظاہرین نے دلا غوڑہ علاقہ میں شاہراہ کو ٹریفک کےلئے تین گھنٹوں تک بند رکھا جبکہ مظاہرین میں مذہنی و سیاسی اور سماجی تنظیموں کے اراکین بالخصوص مولانا محمد فاروق نعمی ،سابقہ ممبر اسمبلی چوہدری قمر حسین ،صدر سلامک ویلفیئر آر گنائزیشن شفقت میر ،تعظیم ڈار ودیگران بھی موجود تھے ۔مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ضلع راجوری کے دلاغوڑہ علاقہ کی رہائشی ایک 30سالہ لڑکی جموں سے غائب ہوگئی ہے جبکہ اس کی گمشدگی کےلئے رپور ٹ جموں کے پولیس سٹیشن میں درج کی گئی ہے لیکن ابھی تک کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ معاملہ میں ملوث ملزم کھلے عام گھوم رہا ہے لیکن پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے ۔مظاہرین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ معاملہ کو سنجیدگی کےساتھ لے کر جلدازجلد لڑکی کو بازیاب کروا کر اہل خانہ کے حوالے کیا جائے جبکہ معاملہ میں ملوث افراد کےخلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔اس دوران ایس ایس پی راجوری نے مظاہرین کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ اس معاملہ کے سلسلہ میں ایس ایس پی جموں و دیگر اعلیٰ آفیسران کےساتھ بات چیت کر کے قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔