سرینگر /پرویز احمد /پچھلے 4دنوں تک کشمیر میں اموات کا سلسلہ تھمنے کے بعد جمعہ کو ایک مرتبہ پھرسی ڈی اسپتال ڈلگیٹ میں ایک شخص وائرس سے فوت ہوگیا ۔ متوفین کی مجموعی تعداد بڑھکر 4416ہوگئی ہے۔ اس سے قبل 12ستمبر کو کشمیر میں وائرس سے آخری موت ہوئی تھی۔ اس دوران چوتھے دن بھی جموں و کشمیر میں وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 150سے زیادہ ہے ۔ جمعہ کو کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 57ہزار 35ٹیسٹ کئے گئے جن میں 12مسافروں سمیت 155افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ جموں و کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 3لاکھ 27ہزار 621ہوگئی ہے۔ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران مثبت قرار دئے گئے155افراد میں 22جموں جبکہ 133کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔ کشمیر سے تعلق رکھنے والے 133 متاثرین میں 11بیرون ریاستوں سے سفر کرکے وادی پہنچے جبکہ 122افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر کے 133متاثرین میںسب سے زیادہ سرینگر میں 96، بارہمولہ میں 8، بڈگام میں 8، پلوامہ میں 3، کپوارہ میں 6، اننت ناگ میں 1، بانڈی پورہ میں 3، گاندربل میں 7 اور شوپیان میں1جبکہ کولگام میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔ وادی میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2لاکھ 4 ہزار 179تک پہنچ گئی ہے۔ اس دوران وادی میں کورونا وائرس سے ایک اور شخص فوت ہوگیا ہے۔ مرنے والے شخص کو چند دن قبل سی ڈی اسپتال ڈلگیٹ منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ جمعہ کو فوت ہوگیا ۔ وادی میں متوفین کی تعداد بڑھلر 2247ہوگئی ہے۔ جموں صوبے کے 10اضلاع میں6میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جن میں ادھمپور،کٹھوعہ، سانبہ، کشتواڑ، پونچھ اور ریاسی میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 4اضلاع میں 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 22افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں ایک بیرون ریاستوں سے سفر کرکے جموں پہنچا جبکہ دیگر 21افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے کے 22متاثرین میں جموں میں 5، راجوری میں 2، ڈوڈہ میں 12 اور رام بن میں 3افراد کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 23ہزار 442تک پہنچ گئی ہے۔ جمعہ کوتیسرے دن بھی جموں صوبے میں کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ جموں صوبے میں متوفین کی مجموعی تعداد 2169بنی ہوئی ہے۔
ملک میں 34ہزار سے زائد کیسز،320ہلاکتیں
نئی دہلی /یو این آئی/ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا انفیکشن کے نئے معاملوں میں اضافہ ہوا ہے ، حالانکہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد اس کے مقابلے میں زیادہ ہے ، جس کی وجہ سے فعال معاملوں میں کمی کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔دریں اثنا ، جمعرات کو ملک میں 63 لاکھ 97 ہزار 972 افراد کو کورونا کے ٹیکے لگائے اور اب تک مجموعی طور سے 77 کروڑ 24 لاکھ 25 ہزار 744 افراد کو ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جمعہ کی صبح جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 34 ہزار،403 نئے معاملوں کی تصدیق ہوئی جس کی وجہ سے متاثرہ افراد کی تعداد تین کروڑ 33 لاکھ 81 ہزار 728 ہو گئی ہے ۔ اس دوران 37،950 مریضوں کی صحت یابی کے بعد کورونا سے صحتیاب لوگوں کی تعداد تین کروڑ 25 لاکھ 98 ہزار 424 ہو گئی ہے ۔ سرگرم معاملے 3867 کم ہو کر تین لاکھ 39 ہزار 056 ہو گئے ہیں۔ اسی عرصے میں 320 مریضوں کی موت کی وجہ سے اموات کی تعداد بڑھ کر مجموعی طور سے 4،44،248 ہو گئی ہے ۔