گول(رام بن)//اپنی پارٹی نائب صدر اعجاز احمد خان نے گول میں منعقدہ پارٹی کے یک روزہ اجلاس کے دوران گول گلاب گڑھ کو ضلع کا درجہ دینے کی مانگ کی ہے۔ اِس میٹنگ میں علاقہ علاقہ کی سیاسی، ترقیاتی صورتحال، بڑھتی بے روزگار، بجلی اور پانی کے مسائل پر غوروخوض کیاگیا۔ اعجازاحمد خان نے اپنے خطاب میں کہاکہ گول گلاب گڑھ ایک پسماندہ علاقہ ہے ، جہاں زیادہ تر آبادی دیہات میں رہائش پذیر ہے، ترقی یہاں ابھی ایک خواب ہے۔ اس لئے ترقی کو یقینی بنانے کے لئے گول گلاب گڑح کو ضلع کا درجہ دینا ناگزیر ہے۔ اجلاس کے دوران پارٹی لیڈران وکارکنان نے جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات سے قبل ریاستی درجہ بحال کرنے کا بھی پرزور مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں عوامی مسائل حل کرنے کے لئے جلد سے جلد منتخب حکومت کا ہونا بے حد ضروری ہے کیونکہ بیروکریسی نے لوگوں کی مشکلات میں صرف اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے خواتین کی ترقی پربھی زور دیا۔ اس اجلاس میں سابقہ نائب سرپنچ چوہدری منیر، چوہدری سلطان، عبدالکریم ملک وغیرہ نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔