سرینگر//15ویں کور کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے نے کہا ہے کہ موجودہ سیکورٹی منظر نامہ ظاہر کرتا ہے کہ کشمیری نوجوانوں نے سڑکوں پر احتجاج کرنا اور پتھر اٹھانا چھوڑ دیا ہے۔انکا کہنا تھا کہ بھارت اور پاکستانی افواج کے درمیان رواں برس فروری میں ہوئے جنگ بندی معاہدے کے بعد حدمتارکہ پر کوئی خلاف ورزی نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی کوئی اضافہ ہوا ہے۔بادامی باغ میں ایک تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہو ں نے کہا ’’ دراندازی کی کچھ کوششیں کی گئیں لیکن پچھلے برسوں کی طرح جنگ بندی کی خلاف ورزیاں نہ ہونے سے انہیں کوئی سپورٹ نہیں ملا اور جنگ بندی خلاف ورزیوںمیں کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے‘‘۔
لیفٹیننٹ جنرل پانڈے نے کہا ’’ہم جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کیلئے پوری طرح تیار ہے، اگر کچھ ہوتا ہے تو ہم اس کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہے لیکن واضح طور پر سرحد کے اُس پار سے کوئی اشتعال انگیزی نہیں ہوئی ہے‘‘۔ جنرل پانڈے نے کہاکہ مشکل سے ہی دراندازی کی کوئی کامیاب کوشش ہوئی ہے، چند ایک کوششیں کی گئیں تاہم گزشتہ برسوں کی طرح جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کا انہیں کوئی سپورٹ نہیں تھا اور فقط2کوششیں کامیاب ہوئی ہیں اور ایک کوبانڈی پورہ میں ناکام بنایا گیا جبکہ دوسری کوشش کو ہم تلاش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اوڑی میں گزشتہ24گھنٹوں سے جاری آپریشن کو ہم دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا حدمتارکہ پر بارہمولہ کے اوڑی سیکٹر میں فوج کی تلاشی کارروائیوں پر جی او سی نے کہاکہ تلاشی آپریشن گزشتہ24گھنٹوں سے جاری ہے اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ وہاں دراندازی کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ’’ہم یہ دیکھ رہے ہیں کہ درانداز اِس طرف موجود ہیں یا وہ واپس اُس طرف چلے گئے ہیں اور اس معاملہ کی ابھی تک واضح صورتحال سامنے نہیں آئی ہے‘‘۔وادی میں غیر ملکی ملی ٹینٹ کی موجودگی کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ، جی او سی 15کور نے کہا کہ آئی جی پی اور ڈی جی پی کے مطابق ، یہاں تقریبا 70سے60 غیرملکی ملیٹنٹ سرگرم ہیں۔
جی او سی نے یہ کہا کہ غیر ملکی ملی ٹینٹ کے نام پر صرف پاکستان کی حمایت یافتہ ملی ٹینٹ فعال ہیں جن میں مقامی نوجوانوں کو ملی ٹینٹ حملے کرنے کے لیے شامل کیا جاتا ہے۔جی او سی نے کہا کہ وہ کبھی بھی ملی ٹینٹ حملوں میں سب سے آگے نہیں ہوتے۔ حکمت عملی مقامی نوجوانوں کو ملی ٹینسی میں شامل کرنا ، انہیں ہتھیار دینا اور ملی ٹینٹ حملے کرنا ہے"۔ اس سے قبل جی او سی نے فوج کے کشمیر سُپر 30(میڈیکل) کورسز میں NEETمیں کامیاب پہلے اور دوسرے بیچ کے طلاب، جو اب MBBSاور دیگر کورسز کامیابی سے ساتھ مکمل کررہے ہیں، کو مبارکباد دی ۔