سرینگر// حکومت نے سرکاری دفاتروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ کام کاج کو آئندہ ایک ہفتے کے اندر ’ای آفس‘ طریقہ کار میں تبدیل کرے۔ سرکار کی جانب سے پیر کو جاری اس سرکیولر میں محکمہ انتظامی عمومی کی جانب سے جاری2ستمبر کے سرکیولر کا حوالہ دیتے ہوئے محکموں کے سربراہان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایک ہفتے کے اندر کام کرنے کیلئے’ ای آفس‘ موڈ پر آجائیں اور اس سلسلے میں انہیں محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا تعاون حاصل ہوگا۔ سرکیولر میں یہ اطلاع دی گئی ہے کہ 199 محکمہ سربراہان کے دفاتر کو وی پی این کنکشن ، jk.gov.in ای میل، آئی ڈی ایس کی تخلیق اور مقامی ایڈمنز کی تربیت اور سہولت کے ذریعے ضروری مدد فراہم کی گئی ہے۔اس بات کا اعادہ کیا گیا ہے کہ تمام محکمہ جاتی سربراہان کسی بھی مزید مدد کے لیے 3 ستمبر 2021 تک یا اس سے پہلے حکومتی آرڈرکے مطابق نوڈل آفیسروںسے رابطہ کریں گے ، جس کے بعد یہ سمجھا جائے گا کہ تمام محکمہ جاتی سربراہان صرف ای آفس پر کام کر رہے ہیں۔ سرکیولر کے مطابق ای آفس موڈ میں تبدیل ہونے میں کسی بھی محکمے کے سربراہ کی ناکامی اس کی ذاتی ذمہ داری ہوگی اور مناسب کارروائی کی عمل میں لائی جائے گی۔