لاپتہ شخص کی لاش برآمد
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے راجل گائوں کے رہائشی ایک لاپتہ شخص کی لاش برآمد ہونے کے بعد پولیس نے مزید کارروائی شروع کر دی ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق راجل علاقہ کے رائشی سبھاش چندر ولد موتی رام نامی ایک شخص گزشتہ 3دنوں سے لا پتہ تھا ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ شخص جنگل میں بکریاں چرانے کیلئے گیا ہوا تھا تاہم اس دوران وہ لاپتہ ہو گیا تھا لیکن پیر کی دوپہر کو اس کی لاش جنگل سے ہی برآمد ہوئی ۔انہوں نے بتایا کہ اہل خانہ نے اس سلسلہ میں ایک شکایت بھی درج کروائی ہوئی تھی تاہم لاش کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے کر تمام قانونی لورزامات مکمل کرنے کے بعد اہل خانہ کے حوالے کر دی ۔اس سلسلہ میں پولیس نے ایک معاملہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقاتی عمل شروع کر دیا ہے ۔
بدھل میں سڑک حادثہ
محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کے بدھل گھبر علاقہ میں ہوئے ایک سڑک حادثے میں 2افراد کو معمولی چوٹیں آئی ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ ایک الٹو کار جامع مسجد بدھل کے قریب ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہو گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار تین میں سے دو افراد کو معمول چوٹیں آئی ۔حادثے کی خبر ملتے ہی مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد جمع ہو گئی اور انہوں نے بچائو کارروائی شروع کر تے ہوئے گاڑی کے ڈرائیور کیساتھ ساتھ ایک زخمی خاتون کو بچایا جبکہ چھوٹی بچی محفوظ رہی ۔پولیس نے اس سلسلہ میں معاملہ درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی ہے ۔
منجا کوٹ میں والی بال و کھو کھو مقابلوں کا انعقاد
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ میں یوتھ سروس اینڈ سپورٹس شعبہ کی جانب سے انڈر 17اور انڈر 14والی بال و کھو کھو مقابلوں کا اہتمام کیا گیا ۔ان مقابلوں میں مختلف سرکاری سکولوں کے طلباء نے شرکت کر کے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ۔اس سلسلہ میں منعقدہ تقریب میں محکمہ یوتھ سروس اینڈ سپورٹس کے ملازمین کیساتھ ساتھ ہائی سکول منجا کوٹ ویگر سکولوں کے متعلقہ ملازمین و عام لوگ بھی موجود تھے جنہوں نے سپورٹس شعبہ کی جانب سے منعقدہ مقابلوں کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ پنچایتی سطح پر کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے اقدامات اٹھائے تاکہ با صلاحیت نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقعہ مل سکے ۔
اجرتیں 4برسوں سے ادا نہ ہو سکی | سرنکوٹ میں مزدور محکمہ دیہی ترقی سے نالاں
؎بختیار کاظمی
سرنکوٹ//سرنکو ٹ سب ڈویژں میں گزشتہ چار برسوں سے ہوئے تعمیر اتی و ترقیاتی کاموں کی اجرتیں وگزار ہی نہیں کی گئی ہیں جس کی وجہ سے مختلف پنچایتوں میں مزدور طبقہ شدید مشکلات میں مبتلا ہو گیا ہے ۔مزدوروں نے محکمہ دیہی ترقی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مالی برس 2017-18میں ہوئے مختلف تعمیر اتی کاموں کی اجرتیں ابھی تک وگزار نہیں کی جاسکی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ منریگا سکیم کے تحت ہوئے کاموں کی اجرتیں وگزار کرنے کیلئے متعلقہ ملازمین و آفیسران سنجیدہ ہی نہیں ہیں جس کی وجہ سے مزدور طبقہ کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مزدوروں نے بتایا کہ ادائیگیوں کے سلسلہ میں و پ حالیہ کئی عرصہ سے متعلقہ محکمہ کے دفتروں کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں لیکن ملازمین و آفیسران انتہائی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ تعمیراتی کاموں کی زیر التوا ادائیگیاں جلدازجلد کی جائیں تاکہ ان کی پریشانیاں کم ہو سکیں ۔
منجا کوٹ میں تلاشی مہم شروع
سمت بھارگو
راجوری //سیکورٹی فورسز کی جانب سے سرحدی تحصیل منجا کو ٹ میں ایک تلاشی مہم شروع کر دی گئی ہے ۔سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ ایک خفیہ اطلاع موصول ہونے کے بعد تحصیل کے کچھ دیہات میں جموں وکشمیر پولیس اور فوج کی جانب سے ایک مشترکہ تلاشی مہم شروع کر دی گئی ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پولیس اور فوج کی ٹیموں نے پیر کی صبح سے ہی تحصیل کے کچھ علاقوں میں مہم شروع کر دی جبکہ اس دوران کئی ایک جگہوں پر ناکے بھی لگائے گئے ہیں ۔غور طلب ہے کہ منجا کو ٹ تحصیل میں ہی 13ستمبر کو جنگجو و سیکورٹی فورسز کے مابین فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا تھا جس کے دوران ایک ملی ٹینٹ ہلاک ہو گیا تھا ۔
سرحدی دیہات میں نیٹ ورک دستیاب نہیں | بالاکوٹ تحصیل میں مواصلاتی نظام قائم کرنے کی مانگ
جاوید اقبال
مینڈھر //سب ڈویژن مینڈھر کے کئی سرحدی دیہات میں ابھی تک نیٹ ورک جیسی بنیادی سہولیت دستیاب نہیں کی جاسکی ہے جس کی وجہ سے عام صارفین کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں جیو مواصلاتی کمپنی کی جانب سے بالاکوٹ تحصیل کے سرحدی علاقوں میں مواصلاتی سروس فراہم کرنے کیلئے ایک موبائل ٹاور نصب کیا گیا تھا لیکن مذکورہ موبائل ٹائور کا رینج کچھ ہی دیہات تک رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے ابھی بھی ایک وسیع علاقہ میں نیٹ ورک جیسی سہولیت دستیاب نہیں ہے ۔مقامی یوتھ لیڈر ظہیر خان نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے سرحدی علاقوں کی عوام کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے بالاکوٹ میں ایک موبائل ٹاور نصب کیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود تحصیل کے صوالا ،پنجنی ،کانگہ ،دھندوٹ ،ڈبی ،بھروتی اور دھراٹی علاقوں میں نیٹ ورک کی سہولیات دستیاب نہیں ہیں ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ صفر لائن کے قریبی علاقوں میں مواصلاتی سہولیات دستیاب کی جائیں ۔
مینڈھر میں کمیونٹی و انفرادی بنکر ناقابل استعمال
ڈھانچوںکو قائم کرنے کے بعد تعمیر ات یکسر نظرا نداز
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن میں انتظامیہ کی جانب سے تعمیر کئے جارہے بنکر اس وقت انتہائی خستہ حالی کا شکار ہو ئے ہیں جبکہ تعمیر اتی ایجنسیوں نے کمیونٹی و انفرادی بنکروں کے ڈھانچے تعمیر کرنے کے بعد زمینی سطح پر کام ہی بند کر دیا ہے جس کی وجہ سے لگ بھگ سبھی بنکروں میں بارشوں کا پانی جمع ہو کر ایک تالابی صورتحال کر چکا ہے ۔مقامی لوگوں نے تعمیر اتی ایجنسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ڈھانچوں کو تعمیر کرنے کے بعد ابھی تک ان کو مکمل ہی نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے نہ تو ان ڈھانچوں کو استعمال کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی ضلع انتظامیہ زمینی سطح پر خستہ حال ڈھانچوں کی جانچ کیلئے کوئی عملی قدم اٹھارہی ہے ۔انہوں نے بتایاکہ نہ تو ان بنکروں کوپلستر کرنے کا عمل شروع کیا گیا ہے اور نہ ہی ان کی بجلی ،پانی و دیگر بنیادی سہولیتات فراہم کی گئی ہیں ۔غور طلب ہے کہ مینڈھر تحصیلد ہیڈ کوارٹر کے قریب تعمیر کر دہ بنکروں کی حالت شدید خستہ ہو چکی ہے تاہم مقامی و ضلع انتظامیہ قریبی علاقوں کے بنکروں کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دے رہے ہیں تاہم سرحدی علاقوں میں تعمیر کردہ ڈھانچوں کی حالت کا تو ابھی تک جائزہ ہی نہیں لیا جاسکا ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سب ڈویژن مینڈھر کے سرحدی دیہات میں تعمیر کردہ بنکروں کا جائزہ لینے کیلئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جائے تاکہ اس سلسلہ میں غیر معیاری تعمیر اتی عمل میں ملوث ملازمین کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جاسکے جبکہ ڈھانچوں کو مکمل کر کے عوام کیلئے سہولیات میسر رکھی جائیں ۔
خاتون چور رنگے ہاتھو ں گرفتار
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر بس سٹینڈ پر سرنکوٹ کی ایک خاتون چور 50ہزار روپے چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لی گئی ۔پولیس نے بتایا کہ مینڈھر سب سٹینڈ پر اڑی علاقہ کی ایک خاتون کا بیگ کاٹ کر نقدی چوری کرنے کی کوشش کی گئی تاہم مذکورہ خاتون کے شور مچانے پر چوری کرنے والی خاتون نے نقدی کو گاڑیوں کے نیچے پھینک دیا تاہم موقعہ پر موجود لوگوں نے خاتون چور کر پکڑ لیا لیکن پولیس کو اطلاع موصول ہونے کیساتھ ہی جموں وکشمیر پولیس کی ایک ٹیم موقعہ پر پہنچی اور خاتون کو اپنی تحویل میں لے کر پولیس سٹیشن منتقل کر دیا ۔غور طلب ہے کہ گزشتہ دنوں سرنکوٹ میں پولیس نے چوروں کے ایک بڑے گرو پ کا پردہ فاش کرتے ہوئے بھاری مقدار میں نقدی و زیورات بھی ضبط کرلئے تھے جبکہ مینڈھر میں گرفتار ہونے والی خاتون چور ا س سے قبل بھی مینڈھر قصبہ میں دس ہزار روپے چوری کرنے کے جرم میں گرفتار کی گئی تھی ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ان نوعیت کے چوروں پر پی ایس اے عائد کیا جائے تاکہ عام لوگوں کو بچایا جاسکے ۔
اڑی ۔سڑوتی رابطہ سڑک کھڈوں میں تبدیل
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر کے اڑی علاقہ میں اڑی تا سڑوتی رابطہ سڑک کھڈو ں میں تبدیل ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کیلئے پریشانی کا باعث بن گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ پی ڈبلیو ڈی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کچھ ہی عرصہ قبل سڑک پر تار کول بچایا گیا تھا لیکن غیر معیاری مٹریل کا استعمال کرنے کی وجہ سے اس وقت سڑک کا ایک حصہ کھڈوں میں تبدیل ہو گیا ہے جہاں پر پانی ہر وقت جمع رہتا ہے۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ اب ٹرانسپورٹروں و مسافروں کیلئے رابطہ سڑک کا 2کلو میٹر حصہ مشکل کا باعث بن گیا ہے ۔انہوں نے محکمہ و ضلع انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ حکام کی لاپرواہی کی وجہ سے تعمیر اتی عمل کیساتھ ساتھ سڑک پر بچھائی گئی تار کول کا معائینہ ہی نہیں کیا گیا جسکی وجہ سے اب سڑک کھڈوں میں تبدیل ہو گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ نالیاں بھی تعمیر نہیں ہو سکی ہیں جس کی وجہ سے بارشوں کا پانی سڑک پر سے ہی بہتا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہا کہ رابطہ سڑک کو مرمت کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں ۔
تھنہ منڈی کے سیاحتی مقامات انتظامیہ کی نظروں سے اوجھل
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی کے پسماندہ اور بالائی علاقے خوبصورتی میں اپنی مثال آپ ہونے کے باوجود بھی انتظامیہ کے توجہ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے ہیں ۔سب ڈویژن کے سرسبز وادیوں، میٹھے پانی کے چشموں اور اونچے پہاڑوں پر مشتمل سیاحتی مقامات کو یکسر نظر انداز کر دیاگیا ہے ۔تھنہ منڈی کے علاقہ نیلی ، بھٹیلی ڈھوک، کھنیال کوٹ درہ، برون اور الال منگوٹہ کے بالائی پہاڑوں کے اوپر سرسبز اور بہت بڑے بڑے میدان قدرت کے حسین مناظر پیش کرتے ہیں لیکن ذرائع آمد و رفت نہ ہونے کی وجہ سے یہ تمام علاقے سیاحوں کی توجہ حاصل نہیں کرپارہے ہیں ۔واضح رہے کہ نیڑیاں ، چھمبراں ، کھندولی والی ، نیڑیاں گلی ، اڑانگی،ترکناں ،بیاڑھ، گرجن، ڈنہ، بولی والی لمتیناں والی گوں گدیاں ،ڈوبا اور کیری والی کے برفیلے پہاڑ ایسے علاقے ہیں جوکہ دیکھنے کے قابل ہیں۔ سطح سمندر سے اونچائی پر واقع ان خوبصورت یہ پہاڑوںاپنی خوبصورتی میں ایک منفرد مقام رکھتے ہیں ۔ان علاقہ میں موسم سرما میں بہت زیادہ برفباری ہوتی ہے جس کی وجہ سے جون جولائی میں بھی موسم بہت ٹھنڈ رہتا ہے۔تھنہ منڈی کے معززین نے بتایا کہ ان خوبصورت علاقوں کو سیاحتی نقشے پر لانے کیلئے متعلقہ محکمہ و ضلع انتظامیہ کی جانب سے دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ان علاقوں کو ترقی دینے کیلئے محکمہ سے رجوع کیا گیا تاہم ابھی تک کوئی مثبت پیش رفت نہیں ہوئی ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ قدرتی حسن سے مالا مال علاقوں کو سیاحتی نقشے پر لانے کیساتھ ساتھ ساحوں کیلئے رابطہ سڑکیں و دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔ْ
سیزنل سنٹر درہ میں معیاری تعلیم پر لوگ خوش
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی //سیزنل سینٹر درہ نیڑیاں میں گزشتہ چار ماہ سے بچوں کو معیاری تعلیم دی جارہی ہے جس پر مقامی لوگوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مذکورہ عمل کو آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا ۔عوام کا کہنا ہے کہ طویل لاک ڈاؤن کے چلتے تعلیمی ادارے پہلے سے ہی بندہیں ایسے میںبچوں کا مستقبل تاریک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے لیکن اس مشکل وقت میں بھی درہ سیزنل سنٹر میں معیاری تعلیم فراہم کی جارہی ہے ۔واضح رہے کہ جموں کشمیر گوجر بکروال طبقہ کے بچوں کو تعلیم دینے کے لئے سیزنل اساتذہ 2006 سے اب تک بہت ساری مالی مشکلات سے لڑتے ہوئے آرہے ہیں۔ سیزنل اساتذہ دھوپ، گرمی، سردی کی پرواہ کئے بغیر سیزنل ٹیچر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ سخت مشکلات کے باوجود چوہدری محمد شفیق درہ علاقہ کی نیڑیاں ڈھوک میں گزشتہ چار ماہ سے اپنے فرائض منصبی سرانجام دیتے ہوئے قوم کے نونہالوں کو زیور تعلیم سے آراستہ و پیراستہ کرنے میں سرگرم عمل رہے۔ روز نامہ کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے سیزنل ٹیچرنے بتایا کہ مہلوک وائرس کی وجہ سے جہاں دنیا میں لگ بھگ ہر شعبہ کا نظام متاثر ہے وہائیں وہ بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کیلئے محنت و لگن کیساتھ کام کررہے ہیں ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ ان سیزنل سکولوں کے ٹیچروں کو مستقل کیا جائے تاکہ ان کی مالی ودیگر مشکلات حل ہو سکیں ۔
نائب تحصیلدار کے اعزاز میں الوداعی تقریب
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//بارایسوسی ایشن سرنکوٹ کی جانب سے نائب تحصیلدار سرنکوٹ کے اعزاز میں ایک الواعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں وکلاء کیساتھ ساتھ معززین و ملازمین نے بھی شرکت کی ۔غور طلب ہے کہ گزشتہ دنوں انتظامیہ کی جانب سے نائب تحصیلدار سرنکوٹ تعارف حسین شاہ کو تبدیل کر دیا گیا تھا جبکہ ان کے اعزاز میں الوداعی تقریبات کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔گزشتہ روز منعقدہ تقریب میں سابقہ نائب تحصیلدار بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے جبکہ نئے تعینات شدہ نائب تحصیلدار بھی مووجود تھے ۔تقریب کے دوران مقررین نے آفیسر موصوف کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے اپنے تعیناتی کے دور میں سرنکوٹ کی عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے محنت و لگن کیساتھ کام کیا ۔انہوں نے آفیسر موصوف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہے جبکہ آفیسر موصوف نے وکلاء کا شکریہ ادا کیا ۔
مواصلاتی سروس کی عدم دستیابی | دراج پنچایت کے صارفین متاثر
محمد بشارت
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن کی پنچایت دراج و دیگر ملحقہ علاقوں میں مواصلاتی سروس دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے صارفین شدید مشکلات میں مبتلا ہو گئے ہیں ۔صارفین نے مواصلاتی کمپنیوں و مقامی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ دراج پنچایت کے کئی علاقوں میں اس جدید دور میں بھی نیٹ ورک جیسی سہولیات فراہم نہیں کی جاسکی ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ جن علاقوں میں مواصلاتی نظام فاہم بھی کیا گیا ہے وہ انتہائی غیر معیاری ہونے کی وجہ سے نہ تو انٹر نیٹ چلتا ہے اور نہ ہی فون کال ہوتی ہیں ۔غور طلب ہے کہ مختلف دیہات میں مواصلاتی کمپنیوں بالخصوص بھارتیہ ائیر ٹیل کی جانب سے فراہم کردہ ناقص سروس کی وجہ سے صارفین پریشان ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ دیہی علاقوں میں معیاری نیٹ ورک سروس فراہم کی جائے ۔
بی ڈی او بدھل نے چارج سنبھال لیا
محمد بشارت
کوٹرنکہ //انتظامیہ کی جانب سے حال ہی میں تعینات بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر بدھل اولڈ اے کوٹرنکہ نے اپنا چارج سنبھال لیا ہے ۔اس دوران آفیسر موصوف نے اپنے عملے کیساتھ ایک اجلاس منعقد کیا ۔اجلاس کے دوران موصوف نے ملازمین پر زور دیتے ہوئے کہاکہ عوام کو درپیش مشکلات حل کرنے و مرکزی حکومت کی جانب سے چلائی جارہی سکیموں کی مکمل عمل آوری کیلئے یکجا ہو کر خدمات انجام دی جائیں ۔انہوں نے لوگوں کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ ان کے مسائل حل کرنے کیساتھ ساتھ بلاک میں تعمیر اتی عمل کو محنت و لگن کیساتھ شروع کیا جائے گا ۔
بدعنوانی میں ملوث 4ملازمین معطل
حسین محتشم
پونچھ//ضلع پونچھ میں حکام نے بلاک مینڈھر میںکی پنچایت گورسائی موری میں کم از کم پانچ تعمیرات میں مبینہ بدعنوانی اور غبن کے سلسلے میں چار عہدیداروں کو معطل کر دیا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ پونچھ کی جانب سے جاری کردہ ایک حکم نامہ کے مطابق الزامات کی انکوائری کیلئے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔ بلاک ڈیو لپمنٹ آفیسر مینڈھرنے اپنے ہدایت نامہ زیر نمبر BM/2021-22/1702-03 مورخہ17.09.2021اورBM/2021-22/717 مورخہ19.07.2021 اور اسسٹینٹ کمیشنرڈیو لپمنٹ پونچھ کے دفترسے جاری ہدایت نامہ ACDP/MGNREGA/2021 22/4022-24 مورخہ06.07.2021 میں بے ضابطگیوں اور رقومات کے غلط استعمال اور غبن کے سلسلہ میں حلقہ پنچایت گورسائی موہری اور محلہ چٹالہ میں نالے کی تعمیر ، محلہ کالوالا تا ایچ ایس ایس سکول سے ٹریکٹر روڈ، پیدل راستہ آر کینوالہ ، مین روڈ سے چٹالہ ، پکہ تک ٹائل کا کام محلہ گورسیان بی راستہ اور محلہ چٹالہ میں ایس سی ورک قبرستانشامل ہیں۔اس سلسلہ میں کی گئی ابتدائی تحقیقات کے نتیجے میں جن چار ملازموں کو مشکوک پایا گیاہے ان میں کرامت حسین شاہ پنچایت سیکرٹری بلاک مینڈھر، جاوید اقبال پنچایت سیکریٹری ، شبانہ جعفری جی آر ایس بلاک مینڈھر اور شجاعت علی شاہ ٹیکنیکل اسسٹنٹ بلاک مینڈھر کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ان تمام ملازموں کو اگلے حکم تک اسسٹنٹ کمشنرڈیو لپمنٹ آفس کے ساتھ منسلک رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ہدایت نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ 14 ستمبر کو اے سی بی جموں کی طرف سے بھیجی گئی شکایت کی انکوائری کیلئے بی ڈی او منکوٹ ، اے ای سب ڈویڑن سرنکوٹ اور ایس او پلاننگ بلاک مینڈھر پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
پونچھ میں گن پتی ویسرجن مذہنی جوش و جذبہ کیساتھ منایا گیا
حسین محتشم
پونچھ// سرحدی ضلع میں واقع مختلف مندروں میں گنیش چتروتی تہوار کا آغاز سے ہی خصوصی پوجا ارچنا کی تقریبات منعقد ہو رہی تھی جس میں عقیدت مندوں نے بھگوان گن پتی کا انتہائی عقیدت اور جوش و خروش کے ساتھ استقبال کیا۔اس سلسلہ کی اختتامی تقریبات پیر کے روز منعقد کی گئی،اس دوران تومندروں میں گنیش چتروتی کو آرتی پیش کی گئی اور خصوصی پوجا کا بھی اہتمام کیا گیا جس کے بعد کوڈ 19کے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے عقیدتمندوں نے دریائے پونچھ پر پہنچ کے گنا پتی ویسرجن کیا ۔ اس موقعہ پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئرلیڈر سابق ایم ایل سی پردیپ شرما کے علاوہ بجرنگ دل ، وشو ہندو پرشید کے اہم کارکن نیشو گپتا اور دیگر لیڈران نے بھی شرکت کی ۔ نیشو گپتا نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گنیش چتروتی ایک ہندو تہوار ہے جو ہر برس 10 دن تک منایا جاتا ہے۔ا نھوں نے کہا یہ تہوار ہندو تقویم کے مطابق بھدرہ مہینے میں منایا جاتا ہے جو عام طور پر اگست کے وسط سے ستمبر تک پڑھتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ تہوار لارڈ گنیش کی سالگرہ کے طور پر منایا جاتا ہے،ہندوں کے مذہبی عقائد کے مطابق گنیش کو دولت، علوم و حکمت اور خوشحالی کے بگوان کے نام سے جانا جاتا ہے، اور اسی وجہ سے زیادہ تر ہندو کوئی اہم کام شروع کرنے سے پہلے اسے یاد کرتے ہیں اور اس کی برکت تلاش کرتے ہیں۔انھوں نے بتایا کہ بھگوان گنیش کو 108 مختلف ناموں سے جانا جاتا ہے جیسے گجانانا، وینائکا ، ویگناہارتا اور دوسرے ناموں سے بھی پکارا جاتا ہے۔یہ تہوار اب دنیا بھر کے مختلف ممالک میں آباد ہندو بڑی عقیدت اور خوشی سے مناتے ہیں۔ بھارت میں یہ مہاراشٹر، گجرات، گوا، مدھیہ پردیش، کرناٹک اور تلنگانہ سمیت مختلف ریاستوں میں بڑے پیمانے پر منایا جاتا ہے کچھ سالوں سے سرحدی ضلع پونچھ میں بھی یہ تہوار بڑے جوش و خروش سے منایا جانے لگا ہے۔انھوں نے کہا کہ انھیں خوشی ہے کہ لوگوں نے اس تہوار کے دوران کوڈ 19کے تمام احیاطوں پر عمل کیا۔
نجم الحسن جعفری کا پونچھ پہنچنے پرزبردست استقبال
حسین محتشم
پونچھ//ٹیچرز جوائنٹ ایکشن کمیٹی پونچھ نے جڑا والی گلی پہنچ کر نجم الحسن جعفری کو ٹیچرز جوائنٹ ایکشن کمیٹی جموں و کشمیر کا جنرل سیکریٹری بننے پر والہاناہ استقبال کیا ۔اس دوران تمام اساتذہ نے انھیں ہار پہنا کر دی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں جموں کشمیر ٹیچرز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب انتخاب کروائے گئے تھے جن میں نجم الحسن جعفری بحیثیت جنرل سیکریٹری کامیاب قرار دیئے گئے جبکہ سلیم ساگر بحیثیت چیئرمین اور ونود شرماجموں کشمیر کے صدرکامیاب قرار دیئے گئے تھے۔انتخابات کے نتائج سامنے آنے کے بعد پونچھ پہنچنے پر درجنوں گاڑیوں میں سینکڑوں اساتذہ جڑاں والی گلی میں پہنچے اور ان کے آنے پر والہانہ استقبال کیا ۔اس موقع پر موجود اساتذہ نے بولتے ہوئے کہا کہ فخر کی بات ہے الیکشن کمیشن کی جانب سے جب نوٹیفکیشن نکالی گئی تو ان کے مقابلے میں کسی نے اپنا فارم داخل نہیں کیا اور انہیں بلامقابلہ کامیاب قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صحیح معنوں میں یہی لوگ اس کے قابل بھی تھے کیونکہ انہوں نے اساتذہ کی خدمت کرنے میں اپنی زندگی کا بیشتر حصہ وقف کر کے اساتذہ کی عزت اور وقار پر کبھی آنچ نہیں آنے دی۔
غیر سرکاری تنظیم نے پرنسپل کی بہتر کارکردگی کو سراہا
حسین محتشم
پونچھ//غیر سرکاری تنظیم ہیومن ویلفیئر سوسائٹی جموں کشمیر نے پرنسپل گورنمنٹ ہائر سکنڈری سکول سیڑھی خواجہ کو گلدستہ پیش کیا اور ان کی بہترین کارکردگی کیلئے انعامات سے نوازا گیا۔ تنظیم کے چیئر مین عباس ملک نے پرنسپل گورنمنٹ ہائر سکنڈری سکول سیڑھی خواجہ ا لحاج صبور قادری کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ نہایت ایمانداری اور لگن کے ساتھ اسکول کا نظام چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موصوف نے ادارے کے بنیادی ڈھانچے کو ایک ماہ سے بھی کم وقت میں صحیح سمت میں کھڑا کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پرنسپل کے ہمراہ اسکول کا پورا عملہ ایمانداری سے سربراہ کی رہنمائی میں کام کر رہا ہے جس کے لئے وہ ان کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔عباس ملک نے کہا کہ تعلیم کے ذریعہ ہی انقلاب کی راہیں ہموار ہوسکتی ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ طلباء کی زندگی میں تین شخصیتوں کا اہم کردار ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ عرصہ دراز سے سکول بند تھے جیسے ہی اسکولوں میں تعلیمی کا نظام شروع ہوا تو پرنسپل نے سیڑھی خواجہ جیسے دورز دراز علاقہ میں ایک دم سے بچوں کو تعلیم کا سلسلہ شروع کردیا۔پرنسپل صبور قادری نے اس دوران غیر سرکاری تنظیم کا شکریہ ادا کیا کہ انھوں نے ان کی عزت افزائی کیا۔انھوں نے کہا کہ وہ اپنا فرض منصبی ادا کر رہے ہیں۔
’آزادی کا امرت مہااتسو ‘| پونچھ ضلع میں ریلی کا اہتمام کیا گیا
حسین محتشم
پونچھ// نہرو یووا کیندر پونچھ نے محکمہ وزارت یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس اورراہولا ڈرائیوڈ کرکٹ اکیڈمی پونچھ کے اشتراک سے آزادی کا امرت مہا اتسو کے تحت فٹ انڈیا فریڈم رن ریلی کا اہتمام کیا۔ اس ریلی کو ایس ڈی سنگھ اسٹیشن ہاؤس آفیسر پونچھ اور چیئر مین احساس فاؤنڈیشن پرویز ملک آفریدی اور محمد شفیق پروگرام انچارج این وائی کے پونچھ نے کالج گراؤنڈ پونچھ سے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ ریلی میں نوجوانوں نے جوش و خروش سے شرکت کی اور فٹ انڈیا موئومنٹ اور آزادی کا امرت مہااتسو کا نعرہ بلند کیا۔ ریلی برآمد ہونے سے قبل تمام شرکاء نے قومی ترانہ گایا جبکہ تمام نوجوانوں کو فٹ انڈیا کا عہد بھی دیا گیا۔ یہ ریلی ڈگری کالج گروانڈ پوچھ سے برآمد ہو کر بوائز ہا ئر سکینڈری سکول پونچھ میں اختتام پذیر ہوئی ۔اس موقعہ پر مہمان خصوصی ایس ڈی سنگھ ایس ایچ او پونچھ نے بتایا کہ آزادی کا امرت مہا اتسو ملک بھر میں تمام حکومتوں ، وزارتوں کے محکموں کی طرف سے منعقد کیا جا رہا ہے ۔
مظاہر حسین نے عہدے کا چارج سنبھالا
عشرت حسین بٹ
منڈی// 2001کے اے ایس بیچ کے آفیسر مظاہر حسین شاہ نے گزشتہ روز بلاک ڈیو لپمنٹ آفیسر منڈی کے طورپر اپنا چارج سنبھال لیا ۔آفیسر موصوف نے تحصیلدار منڈی کی موجودگی میں اپنا عہدہ سنبھال لیا ۔غور طلب ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے حال ہی میں بلاک ڈیو لپمنٹ آفیسروں کا تبادلہ و تعیناتیاں عمل میں لائی تھی ۔اس حکم نامے کے تحت سابقہ بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر مظہر حسین شاہ کو تبدیل کر کے مظاہر حسین شاہ کو تعینات کر دیا گیا تھا ۔لوگوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ آفیسر موصوف کی آمد سے منڈی میں تعمیر اتی سرگرمیاں بخوبی انجام دی جائیں گی ۔آفیسر موصوف نے لوگوں کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ علاقہ کی تعمیر وترقی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔
تحصیل منڈی میں منشیات کا کاروبار عروج پر
نوجوانوں کی بڑی تعداد نشہ کی لت میں گرفتار
عشرت حسین بٹ
منڈی//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی میں منشیات کا کاروبار دن بہ دن عروج کو پہنچ رہا ہے جس کی وجہ سے دسیوں نوجوانوں کو منشیات کی لت پڑگئی ہے اور اس وباء کو روکنے کیلئے پولیس اور سیول انتظامیہ بے بس دیکھائی دے رہی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق منڈی میں منشیات کا کاروبار کافی عرصہ سے چلایا جا رہا ہے جس کی وجہ سے منڈی تحصیل کے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد اس لت میں مبتلا ہو گئی ہے ۔منڈی کے مختلف طبقہ جات سے تعلق رکھنے والے لوگوں میں اس حوالے سے کافی تشویش پایی جارہی ہے۔معززین نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ کافی حد تک دیکھنے میں آ رہا ہے کہ منڈی کے نوجوان منشیات میں ملوث ہیں ۔ انہوں نے حدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ منڈی کے بیرونی علاقوں سے کچھ لوگ آکر اس سلسلے کو چلا رہے ہیں اور پولیس ان پر کاروائی کرنے میں ناکام ہو رہی ہے جس کی وجہ سے نوجوان نسل کا مستقبل تاریک ہوتا جارہا ہے ۔مکینوں نے سیول اور پولیس انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ منشیات کے کارو بارکو روکنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔ایس ایچ ااو منڈی نے بتایا کہ پولیس ہمیشہ غیر قانونی کاموں میں ملوث افراد کیخلاف کارروئی کررہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس عمل میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ نوجوانوں کیلئے بھی خصوصی مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔
قومی پرچم کی بے حرمتی پر کارروائی کا مطالبہ
راجوری //راجوری ضلع میں بھاجپا لیڈران و کارکنوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ دنوں پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کے کوٹرنکہ اجلاس کے دوران قومی پرچم کی بے حرمتی کے سلسلہ میں کارروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے کہاکہ سب ڈویژن میں پی ڈی پی صدر و سابقہ ریاستی وزیر محبوبہ مفتی کی جانب سے منعقد کی گئی ریلی کے دوران قومی پرچم کی مبینہ طورپر بے حرمتی کی گئی ہے ۔راجوری ضلع ہیڈ کوارٹر میں پیر کے روز منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران پارٹی ضلع صدر راجندر گپتا نے و دیگران نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ اس عمل میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔