مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے بھاٹہ دھوڑیاں علاقہ میں ایک دوشیزہ کی چھت سے لٹکی ہوئی لاش برآمد ہوئی تاہم اہل خانہ نے لڑکی کی موت کو مشکوک قرار دے کر معاملہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔افسانہ کوثر دختر محمد صادق سکنہ بھاٹہ دھوڑیاں عمر 13برس کی پیر کے روز شام گھر سے ہی چھت کےساتھ لٹکی ہوئی لاش برآمد ہوئی ۔مکینوں نے بتایا کہ لڑکی گھر میں اکیلی تھی جبکہ اس کی ماں گھریلو کام کے سلسلہ میں باہر تھی تاہم ماں کے واپس آنے پر لڑکی چھت کےساتھ لٹکی ہوئی ملی جبکہ ماں کی جانب سے شور مچانے کے بعد مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد جمع ہوگئی جنہوں نے پولیس کو اطلاع بھی فراہم کی ۔پولیس کی ایک ٹیم نے موقعہ پر جا کر لاش کو اپنی تحویل میں لے کر اس کو سب ڈسٹر کٹ ہسپتال مینڈھر منتقل کیا جہاں پر اس کا منگل کی صبح پوسٹ مارٹیم کرنے کے بعد لاش کو لواحقین کے حوالے کر دیا گیا ۔مقامی ممبر پنچایت جو کہ لڑکی کا ماموں بھی ہے ،نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ بچی کی مو ت مشکوک ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ اس سلسلہ میں مکمل تحقیقات کروائی جائے ۔بلاک میڈیکل آفیسر مینڈھر نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم کےلئے ایک ٹیم تشکیل دی گئی تھی جبکہ ڈاکٹروں کی ٹیم نے نمونے جمع کر لئے ہیں جس کے بعد لاش کو اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔پولیس نے اس سلسلہ میں مزید کارروائی شروع کر دی ہے ۔