کالج سڑک وپل کی حفاظتی دیوار منہدم ہونا شروع
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر قصبہ میں قائم کر دہ گور نمنٹ ڈگری کالج جانے والی رابطہ سڑک کی کالج کے قریب سے ہی حفاظتی دیوار گرنا شروع ہو گئی ہے جس کی وجہ سے پل کا ایک حصہ منہدم ہونے کا خدشہ پیدا ہو اگیا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ مذکورہ سڑک کی مدد سے گور نمنٹ ڈگری کالج مینڈھر اور گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول مینڈھر میں زیر تعلیم بچوں کی ایک بڑی تعداد گزرتی ہے ۔انہوںنے محکمہ تعمیر ات عامہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سڑک کےساتھ ساتھ حفاظتی دیوار کی تعمیر انتہائی غیر معیاری کی گئی تھی جس کی وجہ سے کچھ ہی مدت میں پل کے ایک حصے کی حفاظتی دیوار گرنا شروع ہوگئی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بچوں کے راستے کو بحال رکھنے کےلئے مذکورہ حفاظتی دیوار کو جلدازجلد مرمت کیا جائے جبکہ متعلقہ محکمہ کے غیر سنجیدہ ملازمین و آفیسران کےخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
پی ڈی پی لیڈران پر نوجوان کےساتھ کھلواڑ کرنے کا الزام
جاوید اقبال
مینڈھر //پیپلزڈیمو کریٹک پارٹی کے یوتھ لیڈر کفیل خان نے ضلع پارٹی کی ضلع اکائی میں شامل سنیئر لیڈران پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پی ڈی پی سے وابستہ نوجوانوں کےساتھ کھلواڑ کی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پارٹی کی ضلع اکائی کی جانب سے گزشتہ دنوں یوتھ کارکنوں کو عہدے سونپے گئے تھے جبکہ اس سلسلہ میں ایک فہرست بھی جاری کی گئی تھی تاہم دوسرے دن ہی پارٹی لیڈران نے مذکورہ فہرست کو منسو خ کر کے یوتھ کارکنوں کےساتھ کھلواڑ کی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ یوتھ کی ایک بڑی تعداد گزشتہ کئی عرصہ سے بغیر کسی عہدے کے پی ڈی پی کو زمینی سطح پر مضبوط بنانے کےلئے محنت و لگن کےساتھ کام کررہے ہیں تاہم پارٹی ضلع اکائی کے سنیئر لیڈران نے جانب سے نوجوانوں کو غیر ضروری طورپر ہراساں کیا جارہا ہے ۔کفیل خان نے بتایا کہ ضلع اکائی کی فہرست میں شامل یوتھ کارکن ابھی خوشی کا اظہار ہی کررہے تھے کہ اسی دوران فہرست کو منسوخ کردیا گیا ۔انہوں نے پارٹی ہائی کمان سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ضلع اکائی کے غیر سنجیدہ لیڈران کےساتھ کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ نوجوانوں کو پارٹی سے وابستہ رکھنے کےلئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔
ہائر سکینڈری سکول چھترال میں کووڈ ٹیسٹ کئے گئے
جاوید اقبال
مینڈھر //محکمہ صحت کی جانب سے سکولی بچوں کا کووڈ ٹیسٹ کرنے کےلئے شروع کردہ مہم مسلسل جاری ہے جبکہ اس مہم کے تحت محکمہ کی جانب سے گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول چھترال میں ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔اس پروگرام کے دوران سکول میں محکمہ صحت کے ملازمین نے بلاک میڈیکل آفیسر مینڈھر ڈاکٹر پرویز احمد خان کی قیادت میں 100سے زائد طلباءکو سٹاف ممبران کی کووڈ جانچ کی ۔سکول منتظمین نے محکمہ صحت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ ٹیسٹنگ کی مدد سے سکول میں تدریسی عمل بغیر کسی روک کے جاری رہنے میں مددملے گی ۔بلاک میڈیکل آفیسر مینڈھر نے بتایا کہ سرکاری سکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں بحال رکھنے کے بعد محکمہ صحت کی جانب سے تعلیمی اداروں میں ٹیسٹنگ مہم شروع کر دی گئی ہے جس کو آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا ۔
عارضی ملازمین 16ماہ سے تنخواہ سے محروم
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ میں محکمہ پی ڈبلیو ڈی میں عارضی بنیادوں پر کام کرنے والے ملازمین گزشتہ 16ماہ سے تنخواہ سے محروم ہیں تاہم انتظامیہ سے رجوع کرنے کے باوجود بھی کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ۔عارضی ملازمین نے بتایا کہ وہ محکمہ میں اپنی خدما ت ایمانداری کےساتھ انجام دے رہے ہیں لیکن ان کو تنخواہ ہی نہیں دی جارہی ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ دیگر تحصیلوں میں عارضی ملازمین کو وقت پر تنخواہ دی جارہی ہے جبکہ منجا کوٹ میں ان کےساتھ سوتیلا سلوک رواں رکھا جارہا ہے ۔عارضی ملازمین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلداز جلد ان کی تنخواہ بحال کی جائے تاکہ ان کو در پیش مشکلات کم ہو سکیں ۔
سوشل میڈیا پر قابل اعتراض پوسٹ
راجوری میں 1شخص گرفتار ،تحقیقات شروع
محمد بشارت
کوٹرنکہ //سوشل میڈیا پر قابل عتراض و مذہبی جذبا ت مجروح کرنے کے سلسلہ میں جموںوکشمیر پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا ہے ۔جموں وکشمیر پولیس نے بتایا کہ راجوری ضلع کے بدھل علاقہ میں ایک شخص کی جانب سے فیس بک پر قابل عتراض و مذہبی جذبات کو مجروع کرنے والا پوسٹ شیئر کیا گیا جس کے بعد ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس کی شناخت یوگراج سنگھ ولد موتی لعل سکنہ پھلنی بدھل کے طورپر ہوئی ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پیر کی دیر شام مذکورہ شخص نے اپنے فیس بک اکاﺅنٹ سے دوسری کمیونٹی کے لوگوں کے مذہبی جذبات مجروح کرنے کےلئے ایک پوسٹ لوڈ کیا جس پر مقامی لوگوں نے بدھل پولیس سٹیشن میں ایک شکایت درج کروائی جبکہ پولیس نے معاملہ درج کرتے ہوئے ملزم کر گرفتار کرلیا ہے ۔
تحصیلدار کی کرسی خالی ہونے سے عوام متاثر
راجوری //راجوری ضلع کی کوٹرنکہ تحصیل میں گزشتہ کئی عرصہ سے تحصیلدار کی کرسی خالی پڑی ہوئی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ حالیہ کئی ماہ سے آفیسر موصوف کی کرسی خالی پڑی ہوئی ہے تاہم اعلیٰ حکام کی جانب سے ابھی تک کوئی آفیسر تعینات نہیں کیا گیا ہے ۔بھاجپا یوتھ لیڈر و ترجمان منظور احمد نائیک نے دیگر کارکنوں و مکینوں کی موجود گی میں جاری کردہ بیان میں کہاکہ حالیہ کئی عرصہ سے تحصیلدار کی کرسی خالی پڑی ہوئی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں متاثر ہیں لیکن کئی مرتبہ اعلیٰ حکام سے رجوع کرنے کے باوجود بھی تحصیلدار کی تعیناتی نہیں کی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کچھ عرصہ کےلئے تحصیلدار خواص کو اضافی چارج دیا گیا تھا لیکن ان کے تبادلے کے بعد عوامی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ عوامی مشکلات کو کم کرنے کےلئے جلداز جلد آفیسر کی تعیناتی عمل میں لائی جائے ۔
ڈومیسائل سرٹیفکیٹ بنانے کےلئے کیمپ منعقد
راجوری //سب ڈویژن کوٹرنکہ کے کیول علاقہ میں محکمہ مال کے آفیسران و ملازمین کی جانب سے ایک کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران مکینوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے ۔بلاک بدھل کی پنچایت کیول میں منعقدہ کیمپ کے دوران علاقہ کے معززین ،نمبردار اور چوکیدار بھی موجود تھے جبکہ اس کیمپ کے دوران 110ڈومیسائل سرٹیفکیٹ ،17کریکٹر اور 22دیگر سرٹیفکیٹ بھی جاری کئے گئے ۔نائب تحصیلدار بدھل افضل احمد منہاس کی قیادت میں منعقدہ کیمپ کے دوران سرپنچ پنچایت حلقہ محمد فاروق انقلابی و محکمہ کے دیگر ملازمین بھی موجود تھے ۔
بجلی شارٹ سرکٹ سے رہائشی مکان تباہ
محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ میں بجلی کی شارٹ سرکٹ سے ایک رہائشی مکان تباہ ہو گیا ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ سب ڈویژن کے پنچایت حلقہ موڑا بی کراگ کی وارڈ نمبر چار میں پیر دیر رات بجلی کے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے محمد اشرف ولد منشی خان کا رہائشی مکان خاکستر ہو گیا ۔مقامی سرپنچ عبدالقیوم بٹ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ریائشی مکان میں لگی آگ کی وجہ سے 3مویشیوں کےساتھ ساتھ گھر میں رکھا گیا ساز و سامان جل کر راکھ ہو گیا ۔مقامی معززین و پنچایتی اراکین نے جموں وکشمیر انتظامیہ کےساتھ ساتھ ضلع انتظامیہ راجوری سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ متاثرین کے نقصان کا تخمینہ لگا کر ان کو معاوضہ دیا جائے ۔
بدھل بلاک میں الوداعی تقریب کا انعقاد
محمد بشارت
کوٹرنکہ //بلاک ڈیو لپمنٹ آفیسر بدھل اولڈ اے کوٹرنکہ کے تبادلے کے سلسلہ میں ایک الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ضلع ترقیاتی کونسل رکن بدھل شازیہ چوہدری کے علاوہ سب ڈویژن کے اعلیٰ آفیسران و پنچایتی اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔تقریب کے دوران معززین نے آفیسر موصوف کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ ان کی تعیناتی کے بعد بلاک میں تعمیر وترقی کے شعبہ میں معیاری کام کئے گئے جبکہ غریب لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کےلئے عملی بنیادوں پر خدمات انجام دی گئی ۔انہوں نے کہاکہ سابقہ بی ڈی او چوہدری سلام دین نے بغیر مذہب و ملت کے لوگوں کی فلاح و بہبود کےلئے کام کیا ہے ۔انہوں نے آفیسر موصوف کےلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ۔سابقہ بی ڈی او نے ملازمین ،پنچایتی اراکین و معززین کا شکریہ ادا کیا ۔
پونچھ میں تائیکوانڈوچمپئن شپ کا انعقاد
حسین محتشم
پونچھ// محکمہ یوتھ سروس اینڈ سپورٹس کی جانب سے پونچھ کے ہری موڈرن پبلک اکیڈمی میں تائیکوانڈوچمپئن شپ کا اہتمام میں کیا گیا۔ اس موقع پر سابق چیف ایجوکیشن افسر سروپ کمار مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے جنہوں نے چمپئن شپ میں شریک کھلاڑیوں سے حلف لیتے ہوئے باضابطہ طور پر ایونٹس کے انعقاد کی اجازت دی۔اس تائیکوانڈو چمپئن شپ میں کنویاں، بانڈی چچیاں، منگناڑ اور ساتھرہ کے تائیکوانڈو ٹیمیں شامل ہوئیں۔لڑکوں اور لڑکیوں کی جانب سے اس دوران بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا گیا جس کے بعد وہاں انعاماتی تقریب منعقد ہوئی ۔اس دوران محکمہ یوتھ سروس اینڈ سپورٹس کے افسران نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کھیلوں کی ترویج اور کھلاڑیوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے بہت سی رقومات مختص کی جا رہی ہیں۔انھوں نے کہا کہ کھیل صحت مند معاشرے کی علامت ہیں اس لئے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کی سربراہی میں ضلع انتظامیہ ضلع و صوبائی سطح کے مقابلوں کا انعقاد کروا رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ کھیلیں نوجوانوں میں نظم و ضبط کے ساتھ ترقی کی جستجو بھی پیدا کرتی ہیں ، جس کے لئے ٹورنامنٹس کا باقاعدگی سے انعقاد کیا جا رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ اسی سلسلہ میں آج کی یہ چمین شپ بھی ہوئی ہے۔مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پونچھ میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کی بھر پور حوصلہ افزائی کی جائے ۔انھوں نے کہا کہ تائیکوانڈو گیم میں ضلع پونچھ کے بچے بہت اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں اس لئے ضرورت ہے کہ ان بچوں کو ہر طرح کی سہولت فراہم ہو۔
بھاجپا سنیئر لیڈر کا پونچھ دورہ
حسین محتشم
پونچھ//بھارتیہ جنتا پارٹی کے بھارت بوشن ویدپربھاری نے ضلع پونچھ کا دورہ کیا ۔اس دورہ کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی کے ضلع صدر انجینئر محمد رفیق چستی، سابق ایم ایل سی پردیپ شرما اور دیگران نے ان کا ہار پہنا کر والہانہ استقبال کیا ۔اس کے بعد انھوںنے ضلع دفتر پونچھ میں پارٹی کارکنان اور لیڈران کے ساتھ میٹنگ منعقدکی۔ میٹنگ کے دوران لیڈران نے پونچھ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو فروغ دینے کے سلسلہ میں اٹھائے جا رہے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی جانکاری دی جہاں انھوں نے مزید اقدامات اٹھانے پر زور دیا۔اس دوران مختلف عوامی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جہاں پربھاری نے یقین دہانی کرائی کہ ان تمام مسائل کا فوری حل نکالا جائے گا۔واضح رہے کہ پونچھ میں وزیر اعظم ہند کے یوم پیدائش کے سلسلہ میں سیوا ہی سمرہتھن کے نام سے ایک مہم کوشروع کیاگیا ہے جہاں بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈران اور کارکنان مختلف پروگرام منعقد کر رہے ہیں یہ سلسلہ آج بھی جاری رہا اس دوران پردیپ شرما نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ راشن اسٹاک کی تازہ ترین پوزیشن کے بارے میں جاننے کے لیے راشن ڈپوز پونچھ کا دورہ کیا ۔انہوں نے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ غریب اور ضرورت مند افراد کےلئے چھ ماہ کےلئے مکمل راشن اور پوری اخلاص کے ساتھ تقسیم کریںاس موقع پر ان کے ہمراہ میتھاس، اشیش کمار اورراج کمار موجود تھے۔
یوتھ سروس سپورٹس شعبہ نے نوجوانوں میں سامان تقسیم کیا
حسین محتشم
پونچھ//محکمہ یوتھ سروس سپورٹس کی جانب سے پونچھ اسٹیڈیم میں ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں مہمان خصوصی ڈی ڈی سی چیئرپرسن تعظیم اختر نے شرکت کی۔اس موقع پر نوجوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی ڈی سی چیئرپرسن تعظیم اختر نے کہا کہ وہ ہمیشہ ا پنے علاقوں کی بہتری کےلئے کام کرنا چاہتی ہیں ۔ انہوں نے محکمہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کے کام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ محکمہ ضلع کے ہر علاقے میں کام کر رہا ہے جس کے لیے تمام افسران کو مبارکباد کے مستحق ہیں۔اس دوران گرونڈ میں استعمال ہونے والا سازو سامان بھی وقف کیا گیا جب کہ جھلاس کے کھلاڑیوں میں بھی کرکٹ کٹس اور دیگر ضروری سامان تقسیم کیا گیا ۔ ضلع افسر محکمہ یوتھ سروس اینڈ سپورٹس چوہدری محمد قاسم نے ان تمام شرکاءکا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس پروگرام میں حصہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں کے نوجوانوں کی خواہش تھی کہ ان علاقے میں کرکٹ کھیل کو مزید بہتربنانے کےلئے کچھ سامان ملے ان کی وہ خواہش محکمہ نے پوری کر دی۔اس موقع پر انچارج سپورٹس سٹیڈیم پونچھ نردوش کمار ، انجینئر سلیم بانڈے، پی ای ایم سنجے شرما ، تنویر بانڈے اور چیئرمین احساس فاو¿نڈیشن پرویز ملک آفریدی موجود تھے۔
ٹیچرز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کارکنوں کا اجلاس
حسین محتشم
پونچھ//ٹیچرز جوائنٹ ایکشن کمیٹی پونچھ کی جانب سے پونچھ کے صدر مقام پر بدھ کے روز ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس کی صدارت چیئرمین ٹیچرز جوائنٹ ایکشن کمیٹی وحید احمد بانڈے نے کی اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے نجم جعفری موجود رہے جبکہ ضلع صدر سید شاہنوازکاظمی،سید محمد یوسف شاہ اور سرپرست اعلی عارف راٹھور ک کے علاوہ دیگر اساتذہ نے بھی شرکت کی ۔اجلاس کے دوران نجم جعفری کوٹیچرزجوا ئنٹ ایکشن کمیٹی جموں کشمیرکا جنرل سیکر یٹری بلا مقابلہ کامیاب قرار دیئے جانے پر تمام شرکاءنے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انھیں مبارک باد پیش کی ۔اس اجلاس کی اہم بات یہ تھی کہ اس دوران نجم جعفری کو ٹیچرز جوائنٹ ایکشن کمیٹی جموں کشمیر کی جانب سے دی گئی جنرل سکریٹری کی سند پیش کی گئی۔واضح رہے کہ حال ہی میںسری نگر میں ٹیچرس جوا ئنٹ ایکشن کمیٹی کے نو منتخب عہدیداران کی حلف برداری ہوئی وہاں نجم الحسن جعفری شریک نہ ہوپائے تھے کیونکہ وہ اپنے برادر کے علاج کے سلسلہ میں چنڈی گڑھ گئے ہوئے تھے ان کی سند سید محمد یوسف شاہ نے حاصل کی تھی جو آج کے اس پروگرام کے دوران ضلع چیئرمین وحید احمد بانڈے نے انہیں پیش کرتے ہوئے مبارکباد دی۔اپنے صدارتی خطاب میں وحید بانڈے نے امید ظاہر کی اساتذہ کے تمام تر مسائل اولین ترجیح میں حل ہوں گے ۔انہوں نے اساتذہ سے گزارش کی کہ وہ سب سے پہلے اپنے فرض منصبی انجام دیںجو ان کا اولین فریضہ ہے۔
منڈی میں آٹو میجک ڈرائیوروں کی من مانیاں
اضافی کرایہ وصول و مسافروں کو ہراساں کرنے کا الزام
عشرت حسین بٹ
منڈی//تحصیل منڈی میں آٹومیجک ڈرائیوروں کی من مانیوں کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مسافروں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ آتو میجک گاڑیوں کے ڈرائیوروں کی جانب سے جہاں ان سے اضافی کرایہ وصول کیا جارہا ہے وہائیں ان کو غیر ضروری طورپر ہراساں بھی کیا جاتا ہے لیکن متعلقہ حکام کی جانب سے ان کےخلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پلرہ تا منڈی محض چار کلو میٹر سفر پر سواریوں سے 20 روپے کرایہ وصولہ جاتا ہے۔غور طلب ہے کہ روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں لوگ پلیرہ تا منڈی کا سفر کرتے ہیں جنہیں محض چار کلو میٹر سفر کےلئے آٹو میجک ڈائیور بیس بیس روپے کرایہ وصول کررہے ہیں ۔مسافروں نے بتایا کہ عوامی شکایت کے باوجود ابھی تک اعلیٰ حکام کی جانب سے قاعدہ کےخلاف چلنے والے ڈرائیوروں کےخلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ منڈی تا لورن اور منڈی پلیرہ چلنے والے اٹو میجک کا کرایہ فی کلو میٹر کے حساب سے طے کیا جائے ۔نائب سرپنچ پلیرہ پرویز احمد خان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ آٹو میجک ڈرائیوروں کی لوٹ سے مسافروں انتہائی پریشان ہیں ۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ اس سلسلہ میں کارروائی کر کے کرایہ طے کرئے ۔مسافروں و پنچایتی اراکین نے اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر پونچھ سے اپیل کی کہ آٹو میجک کا کرایہ طے کر کے ان کو سہولیات فراہم کی جائیں ۔
سیول ڈیفنس کا نوشہرہ میں بیداری پروگرام
رمیش کیسر
نوشہرہ //سیول ڈیفنس شعبہ کی جانب سے سب ڈویژن نوشہرہ میں ایک بیداری پراگرام کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران سکولی بچوں کو قدرتی آفات کےساتھ نمٹنے کےلئے اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر کے سلسلہ میں مکمل و تفصیلی جانکاری فراہم کی گئی ۔نوشہرہ سب ڈویژن کے ہیڈ کوارٹر پر قائم کر دہ سرکاری سکول میں منعقدہ تقریب کے دوران دسویں اور بارہویں جماعت کے طلباءکو قدرتی آفات کے سلسلہ میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ وہ مشکل وقت میں احتیاطی تدابیر اختیار کر کے جہاں خود بچ سکتے ہیں وہائیں اپنے اہل خانہ و رشتہ داروں کو اس سلسلہ میں بیدار کر کے سماج کو بچانے میں بھی اہم رول ادا کر سکتے ہیں ۔