چھاترو میںسوچھ بھارت ابھیان برائے نام | ندی نالوں میں غلاظت کے ڈھیر،عوام گنداپانی پینے پر مجبور
عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے قصبہ ودیہات میں سوچھ بھارت ا بھیان انتظامیہ کیلئے مذاق بنکر رہ گیا ہے جہاں ہر جگہ گندگی کے ڈھیر دیکھنے کو ملتے ہیں۔ وہیں اب دیہات کے حالات بھی یکساں ہیںجہاں لوگوں کے پاس گندگی پھینکے کی کوئی جگہ دستیاب نہیں اور لوگوں نے ندی نالوں میں بھی اب گندگی کے ڈھیر پھینکنے شروع کردئے ہیں۔چھاتروکے ندی نالوں سے لوگ جہاں پینے کا صاف پانی استعمال کرتے تھے وہیںآج یہ نالے گندگی سے بھرے پڑے ہیں۔ کھواڑہ سے چھاترو تک متعدد گائوں ان نالوں کا پانی گھروں کے اندر استعمال کرتے تھے لیکن اب یہ گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکے ہیںجبکہ مقامی لوگوں نے پاخانوں کی پائپیں بھی ان نالوں میں ڈالی ہوئی ہیںاور اگر اسطرف انتظامیہ نے توجہ نہ دی تو آنے والے چند برسوں میںسبھی نالے سوکھ جائیں گے۔سنگھپورہ کے مقامی لوگوں نے کہا کہ وہ ان نالوں کا پانی استعمال میں لاتے تھے لیکن اب یہ پانی پینے تو دور استعمال کے قابل بھی نہیںرہا ہے۔ ان نالوں میں بھری پڑی گندگی کولیکر اگرچہ ضلع ترقیاتی کمشنر سے درخواست کی گئی تھی جسکے بعد پٹواری کو موقعہ پر جانے کی ہدایت دی گئی تھی لیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پر کوئی اسے دیکھنے کیلئے نہیںآیا جبکہ دوسری مرتبہ بھی پٹواری کو موقعہ پر آنے کو کہاگیا لیکن وہ آج تک نہیں آیا۔ انھوں نے انتظامیہ سے موقعہ پر آکر حالات کا جایزہ لینے کی درخواست کیتاکہ انکے خلاف کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔سنگھپورہ کے نثار احمد نے بتایا کہ جب وہ سکول میں پڑتے تھے توشونگر ناگ کا پانی ہر روز اسکول جانے سے پہلے و بعد میں پینے کیلئے استعمال کرتے تھے لیکن کئی برسوںسے وہ انتظامیہ سے اسکی طرف توجہ مرکوز کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں لیکن اسطرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ جن گھروں نے پاخانے بنائے ہیں انھوں نے پائپوں کو نالوں میں ڈالا ہوا ہے جسے سارا پانی گنداہورہا ہے۔انھوں نے کہاکہ اگر انتظامیہ سنجیدگی دکھانا چاہتی ہے اور علاقہ جات میں عوام کو بیماریوں سے محفوظ رکھنا چاہتی ہے تو وہ اس طرف خصوصی توجہ مرکوز کرے ۔ایسی ہی شکایتں کھواڑہ کی عوام نے بھی کی ہیں کہ لوگوں نے پاخانوں کی نالیوں کا گندا پانی نالوں میں ڈال رکھا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ اگرچہ گزشتہ سال تحصیلداد چھاترو کو درخواست دی گئی تھی لیکن کسی نے اسکی طرف توجہ مرکوز نہ کی جبکہ نالوں میں گندگی ہی گندگی ہے اور علاقہ کی عوام اس نالے کا پانی اب نہیں پی سکتی ۔
ڈوڈہ کی سب ڈویژن ٹھاٹھری میں ناقص بجلی نظام سے عوام پریشان
فیگسو، چرالہ و کاہرہ کے بیشتر علاقوں میں لکڑی کے بوسیدہ کھمبے نصب، ترسیلی نظام بھی خراب
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کی سب ڈویڑن ٹھاٹھری میں جہاں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہیں بیشتر علاقوں میں لکڑی کے کھمبے بوسیدہ ہوچکے ہیں اور کچھ جگہوں پر ترسیلی نظام درختوں و مکانوں کے ساتھ لٹکی ہوئیں ہیں۔ٹھاٹھری سے آئے ایک وفد زیر قیادت ممبر پنچائت ناندنہ پرویز احمد کچلو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جہاں عام لوگوں کو پریشانی ہوتی ہے وہیں نجی اداروں کا کام کاج بھی متاثر ہوتا ہے۔وفد میں شامل لوگوں نے کہا کہ فیگسو، چرالہ، بھیلہ ،کاہرہ کے مضافات میں لکڑی کے کھمبے نصب ہیں جو کہ اب بوسیدہ ہوچکے ہیں اور بیشتر مقامات پر ترسیلی نظام رہائشی مکانوں کی چھتوں و درختوں کے ساتھ باندھا گیا ہے جو کہ مقامی لوگوں کے لئے خطرہ بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام سے بار بار رجوع کرنے کے بعد بھی ان کو ہٹایا نہیں گیا ہے جبکہ آجکل گھاس کٹائی کا کام شروع ہوا ہے اور ترسیلی نظام کے باعث کھیتوں میں جانے سے کافی ڈر لگتا ہے۔انہوں نے ضلع و مقامی انتظامیہ سے محکمہ بجلی کو جوابدہ بنانے و بوسیدہ کھمبوں و خراب ترسیلی نظام کی مرمت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ڈوڈہ میںکووڈ کے 10 نئے مثبت معاملات
6 مریض صحتیاب ،361513 ٹیکے لگائے گئے
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں کورونا وائرس کے 10 نئے مثبت معاملات سامنے آئے ہیں اور 6 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق جمعہ کے روز ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری ،گندوہ و عسر میں ہوئی کوؤڈ جانچ کے دوران دس افراد کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے جنہیں ہوم قرنطینہ میں رکھا گیا ہے اور چھ مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔ اس طرح سے ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد 65 و شفایاب ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 7545 پہنچ گئی ہے اور 361513 افراد کو ٹیکے لگائے گئے ہیں۔ضلع میں اب تک کوؤڈ 19 سے 133 افراد فوت ہوئے ہیں۔
رام بن میں کورونا سے 4متاثر
ایم ایم پرویز
رام بن//جمعہ کو ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹنگ (RAT) کے دوران ضلع رام بن سے چار افراد کو کورونا مثبت قرار دیا گیا ۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دوسری لہر کے دوران مثبت کیسوں کی تعداد 6014 تک پہنچ گئی۔ضلع رام بن میں ان میں سے 10 ایکٹو مثبت کیس ہیں۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کے مطابق بانہال سے 4 فعال کورونا وائرس کیس رپورٹ ہوئے ، ایک گول اور بٹوت سے 5 گھر کی تنہائی میں ہیں۔چنانچہ ضلع سے 6014 کورونا مثبت کیس رپورٹ ہوئے جن میں سے 5933 صحت یاب ہوئے۔دوسری لہر کے دوران ضلع میں مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 71 ہے۔ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام نے ایک بار پھر عام لوگوں سے اپیل کی کہ وہ چہرے کا ماسک پہنیں، جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں اور قریبی نامزد کوویڈ ویکسی نیشن سینٹرز میں ویکسین لگائیں۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ محکمہ صحت اور حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل کریں۔
کووڈ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر27ہزار کا جرمانہ
3416 ٹیکے لگائے گئے ، 1494 نمونے جمع کئے گئے
رام بن//ضلع رام بن میں کوویڈ پروٹوکول کے نفاذ کے لیے نفاذ مہم کو جاری رکھتے ہوئے انفورسمنٹ ٹیموں نے چہرے کے ماسک نہ پہننے اور جسمانی فاصلہ برقرار نہ رکھنے پر کئی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانہ عائد کیا۔نافذ کرنے والی ٹیموں نے اپنے متعلقہ دائرہ کار میں معائنہ کے دوران 26ہزار900 روپے جرمانہ وصول کیا ۔انفورسمنٹ افسران نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ چہرے کے ماسک پہنیں اور جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں اس کے علاوہ اپنے قریبی سی وی سی پر کوویڈ ویکسی نیشن کی خوراکیں لیں۔ ضلع امیونائزیشن آفیسر ڈاکٹر سریش نے بتایا کہ ضلع رام بن میں آج 3416 افراد کو پہلی اور دوسری کوویڈ ویکسین کی خوراک دی گئی۔چیف میڈیکل آفیسر رام بن کے جاری کردہ روزانہ بلیٹن کے مطابق محکمہ صحت نے 1494 نمونے جمع کیے ہیں جن میں 352 RT-PCR اور 1142 RAT نمونے شامل ہیں اس کے علاوہ ضلع میں وقف شدہ ویکسی نیشن سنٹروں پر 3416 افراد کو کوویڈ ویکسین دی گئی ہے۔
ڈی سی نے ریاسی ، پونی بلاکوں میں دیہی ترقی کاموں کا معائنہ کیا
بی ڈی اوز سے تمام ترقیاتی منصوبے جنگی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت
ریاسی//ڈپٹی کمشنر ریاسی چرندیپ سنگھ نے ریاسی اور پونی بلاکوں کی پنچایتوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے محکمہ دیہی ترقی کے جاری اور مکمل کاموں کا معائنہ کیا۔دورے کے دوران ، ڈی سی نے چکی محلہ میں ٹائل بچھانے کے کام کا معائنہ کیا اور 15.00 لاکھ روپے سے زائد کی مجموعی لاگت سے پنچایتی سیلا میں ڈرین موڑنے کے کام کا معائنہ کیا۔ انہوں نے خود روزگار سکیم اور آنگن واڑی مرکز کے تحت منظور شدہ فلور مل کا بھی دورہ کیا۔راستے میں ڈی سی نے منیریگا کے ساتھ مل کر 14 ویں ایف سی کے تحت 4 لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت سے مکمل ہونے والے سیلا نالہ کے نقطہ نظر کے ساتھ کلورٹ کام کا بھی معائنہ کیا۔ یہ پل دو رہائش گاہوں کو جوڑے گا اور 300 سے زائد افراد کو فائدہ پہنچائے گا۔انہوں نے پنچایتی اراکین سے آبادی کے پروفائل ، فصلوں کے انداز ، معاشی سرگرمیوں ، ترقیاتی فرق ، ترجیحات اور علاقوں کی ضرورت کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ انہوں نے بی ڈی او کو زیر التواء منریگا کاموں کی بروقت تکمیل اور دیگر منصوبوں کو خصوصی توجہ کے ساتھ 'بارش پکڑنے' پروگرام کے لیے تجویز کردہ کاموں پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی۔ڈپٹی کمشنر نے پنچایتوں ماڑی-اے ، ماڑی-بی اور بلاک ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے 32.58 لاکھ روپے کی لاگت سے آر جی ایس اے سکیم کے تحت مکمل ہونے والے پنچایت گھر کا معائنہ کیا۔ ماڑی میں انہوں نے بیک ٹو ولیج اور سبز منڈی میں پلٹ کے تحت 4.80 لاکھ روپے کی لاگت سے بننے والے ڈائیورڑن ڈرین کا بھی معائنہ کیا۔بلاک آفس کے دورے کے دوران انہوں نے بی ڈی او ریاسی کو زمین کی تزئین ، پودے لگانے اور عمارت کے پرانے ڈھانچے کی تشخیص کی ہدایت دی۔ بعد ازاں انہوں نے اونٹ ڈنگا کے تاریخی مقام کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے تالاب کی صفائی اور جنگلی گھاس کو ہٹانے کی ہدایت دی۔ چھوٹے کاموں کو انجام دے کر سائٹ کے تحفظ کے لیے ہدایات بھی منظور کی گئیں۔تلواڑہ میں ، ڈی سی نے ایک کنویں کا معائنہ کیا جو دیہی ترقی محکمہ نے تعمیر کیا تھا۔ مقامی لوگوں نے ڈی سی کو آبپاشی اور پانی کے تحفظ کے لیے اس کنویں کے فوائد سے آگاہ کیا۔ مقامی لوگوں کی درخواست پر انہوں نے محکمہ زراعت کے افسران کو ٹیلی فونک ہدایات دیں کہ وہ نامیاتی سبزیاں اگانے کے لیے علاقے کو فروغ دیں۔ ڈپٹی کمشنر نے مقدس مزار کاشی پٹہ کا بھی دورہ کیا اور منریگا کے تحت بنائے گئے چلڈرن پارک کا معائنہ کیا۔ تمام ضروری کاموں کی تکمیل کے بعد سائٹ کو فروغ دینے کے لیے بی ڈی او کو متعدد ہدایات جاری کی گئیں۔ علاقے کے ایک سکول کے معائنہ کے دوران مقامی لوگوں نے پنچایت فنڈ یا کسی اور اسکیم سے سکول کی باؤنڈری وال کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔ دن بھر کے دورے کے دوران ، ڈی سی نے جڑواں بلاکوں میں کئی دیگر رہائش گاہوں کا دورہ کیا اور مقامی لوگوں سے بات چیت کی اور آدھار اندراج ، کوویڈ ویکسی نیشن اور صحت اسکیم رجسٹریشن کی سو فیصد کوریج کے حصول میں ان سے تعاون مانگا۔ انہوں نے لوگوں کے کچھ فوری مسائل کو ان کے حل کے لیے بھی ریکارڈ کیا۔
بجلی بندرہے گی
جموں //چیف انجینئر (ڈسٹری بیوشن) جے پی ڈی سی ایل جموں نے مطلع کیا ہے کہ ملہوری ، کپر ، ٹوٹن دی خوئی اور ملحقہ علاقوں کو بجلی کی فراہمی آج یعنی 25 ستمبر کو صبح 08 بجے سے دوپہر 01 بجے تک متاثر رہے گی۔اسی طرح رامسو اور اْکھڑال کو بجلی کی فراہمی آج یعنی 25 ستمبر کو صبح 08 بجے سے شام 4 بجے تک متاثر رہے گی۔
ریاسی میںکرکٹ ٹورنامنٹ منعقد
ریاسی//محکمہ یوتھ سروسز اور سپورٹس ریاسی نے جنرل زوراور سنگھ اسٹیڈیم میں انڈر 19 ٹیموں کے لیے بین زونل سطح کے ضلعی کرکٹ میچز کا اہتمام کیا۔ٹورنامنٹ میں ضلع کے چار زونوں کے 52 طلباء نے حصہ لیا۔افتتاحی میچ زون مہور نے زون ارناس کو تین وکٹوں سے شکست دے کر جیتا۔ زون مہور نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ زون ارناس 15 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 87 رنز بنانے میں کامیاب رہا۔ مہور زون ٹیم نے 15 ویں اوور کی آخری گیند پر 7 وکٹوں کے نقصان پر 88 رنز بنائے اور میچ 3 وکٹوں سے جیت لیا۔
دندرتھ میں آگاہی پروگرام منعقد
رام بن//انٹیگریٹیڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ سروسز پروجیکٹ رام بن کی ٹیم نے ضلع کے دور دراز علاقے دندرتھ کا دورہ کیا اور پوشن ماہ مہم کے سلسلے میں منعقد ہونے والی سرگرمیوں کی ایک خصوصی سیریز کے ایک حصے کے طور پر ایک آگاہی پروگرام کا اہتمام کیا۔پروگرام کی صدارت چائلڈ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ آفیسر آئی سی ڈی ایس پروجیکٹ رویندر کور نے کی ۔پروگرام میں آنگن واری ورکرز ، ہیلپرز ، ہیلتھ ورکرز اور پی آر آئیز نے شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سی ڈی پی او نے کہا کہ وزارت برائے خواتین اور بچوں کی ترقی نے اعلان کیا ہے کہ پوشن ماہ پورے ستمبر 2021 میں پورے ہندوستان میں موضوعاتی پوشن ماہ کے طور پر منایا جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پوشن ابھیان کا مقصد 2022 تک بھارت کو غذائیت سے پاک ملک بنانا ہے ۔
ہائی اسکول دروبیل میں دوڑ کا اہتمام
عاصف بٹ
کشتواڑ//تعلیمی زون اندروال کے گورنمنٹ ہائی اسکول دروبیل میں آزادی کے امرت مہو اتسو کے تحت دوڑ کا اہتمام کیاگیا۔ اس دوڑ کو نائب سرپنچ ہورڑنہ محمد رجب ڈار نے ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔سکول کے انچارج پرنسپل چندرپرکاش نے جسمانی تندرستی کی اہمیت پر خصوصی لیکچر پیش کیاجبکہ اس پروگرام میںسکول کے تمام سٹاف ممبران بھی موجود تھے۔ پروگرام میں نویں اور دسویں کے طلباء نے شرکت کی طالبات نے فٹ انڈیا کے حوالے سے بینر ، پوسٹر و نعرے بھی بنائے تھے جنھیں پیش کیا گیا۔اس موقع پر لڑکوں کے گروپ کیلئے دوسو میٹر کی دوڑ کا انعقاد کیا گیا ، سچن کمار نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ شفیق احمد نے دوسری اور جعفر حسین نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ لڑکیوں کے گروپ میں حافظہ بانو نے پہلی پوزیشن حاصل کی ، رتیکا دیوی نے دوسری اور سلیمہ بانو نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
این سی ڈی ڈی سی ممبران کی کاکردگی کا جائزہ لیاگیا
عاصف بٹ
کشتواڑ//نیشنل کانفرس کے سینئر لیڈروسابق وزیر مملکت سجاد احمد کچلو نے ضلع کشتواڑ کے ڈی ڈی سی ممبران کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے انکا کشتواڑ میں اجلاس طلب کیا۔ اجلاس میں ضلع ترقیاتی کونسل کی چیئرپرسن پوجا ٹھاکر، ڈی ڈی سی ممبر کشتواڑ، ڈی ڈی سی ممبر پلماڑ، ڈی ڈی سی ممبر ناگسینی ، ڈی ڈی سی ممبر واڑون و دیگران نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران کچلو نے ڈی ڈی سی ممبران کو ہدایت کی کہ وہ عوام کی دہلیز پر پہنچیں اور کسی بھی ذات ، نسل اور سیاسی وابستگی کے بغیر عام لوگوں کے حقیقی مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں۔انہوںنے کہا کہ زمینی سطح پر کام کرنا ہمارا فرض ہے اور ڈی ڈی سی ممبران کا فرض بنتا ہے کہ وہ انکی مشکلات کو دور کرنے کیلئے انکے علاقہ جات کا دورہ کریں۔
بانہال میں لوگوں میں اعلی قسم کے چوزے تقسیم
محمد تسکین
بانہال//محکمہ اینمل ہسبنڈری بانہال کی طرف سے سے لوگوں میں مرغوں کے چوزے فراہم کئے گئے تاکہ لوگوں کی آمدنی کو بڑھاوا دیا جا سکے۔ جمعہ کے روز شفا خانہ حیوانات بانہال می عام لوگوں اور زمینداروں کی سہولیت کیلئے کم وقت سے زیادہ وزن حاصل کرنے والے LIT birds تقسیم کئے۔ اس موقع پر قریب ایک ہزار چوزے لوگوں میں رعایتی قیمتوں پر فروخت کئے گئے ۔ وہاں موجود مستفید ہونے والے عام لوگوں نے محکمہ اینمل ہسبنڈری کے اس پروگرام کی سراہنا کی اور اینمل ہسبنڈری صوبہ جموں کے ڈائریکٹر سے اپیل کی ہے کہ وہ اس قسم کی سہولیات کو مسلسل میسر رکھیں اور فی کنبے کو ایسے بیس پچیس چوزے فراہم کئے جائیں اور یہ قدم کسی نہ کسی سطح پر غریب کنبوں کی چھوٹی سی مالی مدد کا باعث بن سکتے ہیں۔ انہوں نے چوزوں کو میسر رکھنے کیلئے محکمہ اور اس کے ملازمین کا شکریہ ادا کیا ہے۔
سرحدی تاربندی کے آگے آئی زرعی اراضی کا معائوضہ دیاجائے:منجیت سنگھ
سانبہ//اپنی پارٹی صوبائی صدر جموں منجیت سنگھ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع سانبہ میں بین الاقوامی سرحد پر صفر لائن سے آگے اور تاربندی کے بیچ میں جن کسانوں کی زرعی اراضی آئی ہے، اُنہیں معقول معاوضہ دیاجائے۔ رمن شرما کی طرف سے راجپورہ میں منعقدہ پارٹی ورکروں کی ایک میٹنگ میں سابقہ وزیر نے کہاکہ تاربندی کے آگے جو اراضی ہے، اُس پرکھیتی باڑی نہ کرپانے کی وجہ سے لوگ مالی طور پریشان ہیںبدقسمتی کا مقام ہے کہ متعلقہ محکمہ کی طرف سے اُنہیں معاوضہ بھی نہیں دیاجارہا۔انہوں نے کہاکہ یہ انسانی مسئلہ ہے اور حکومت ِ ہند کو اِس سے حل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ چک پکٹا میں سرحد کے قریب نجی زمین ہے جس پر لوگوں کو کھیتی باڑی کی اجازت دی جانی چاہئے۔ انہوں نے جموں، سانبہ اور کٹھوعہ میں سرحدی علاقوں کے نوجوانوں کے لئے خصوصی بھرتی مہم شروع کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔