کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ میں اتوار کی شام دیر گئے تباہ کن ژالہ باری کے نتیجے میں کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ میوہ باغات بھی ژالہ باری کی زد میں آگئے۔ اتوار کی شام اس وقت ضلع کے متعدد علاقوں میں ژالہ باری کے نتیجے میں قہر بپا ہوا جب کسان فصل کٹائی کر کے اپنے اپنے گھرو ں کو لوٹ آئے تھے۔رات سا ڑھے 8بجے موسم نے چانک کروٹ لی اور تیز بارشو ں کے ساتھ ساتھ ژالہ باری کا قہر شروع ہوا جس نے رامحال اور کرالہ پورہ کے متعدد علاقوں پنزگام ،بٹہ پورہ ،راوت پورہ ،سونتی پورہ ،منزگام ،قلمونہ ،شہر کو ٹ ،ڈھامہ ،چھم پورہ ،ویلگام اور دیگر علاقوںمیں تباہی مچادی۔ کسانو ں کا کہنا ہے کہ ژالہ باری اس قدر قہر انگیز تھی کہ کسانو ں کو اپنے کھیت اور کھلیانو ں میں دھان کی فصل اکٹھے کرنے کی فرصت بھی نہیں مل گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے چند منٹوں میں دھان کی فصل کے ساتھ ساتھ دیگر فصلوں پر برف کی تہہ جیسی جمع ہوگئی۔تحصیلدار تارت پورہ غلام محی الدین نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ رامحال کے منزگام ،شہر کو ٹ اور قلمونہ میں ژالہ باری کی وجہ سے سب سے زیادہ نقصان ہوا اور ان علاقوں میں 90فی صد فصلو ں کو نقصان پہنچا ۔ان کا کہنا ہے کہ محکمہ مال کی ٹیمیں متا ثرہ علاقوں میں جائزہ لینے کے لئے موجود ہیں ۔ محکمہ باغبانی کے ڈائریکٹر جنرل اعجاز احمد بٹ نے کشمیر عظمیٰ کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع کے متعدد علاقوں میں تباہ کن ژالہ باری کی وجہ سے میوہ باغات کو شدید نقصان پہنچا۔انہو ں نے بتایا کہ راوت پورہ میں154رقبہ پر پھیلے باغات میں 54.5رقبہ کو نقصان پہنچا، جو 33.37فی صدہے جبکہ پنزگام میں 80ہیکٹررقبے پر پھیلے باغات کے 26.40 رقبے کو نقصان پہنچا ، جو 30.36فی صد ہے ۔آلوسہ کے 45ہیکٹر رقبے پر پھیلے باغات میں 09.00رقبہ کو نقصان پہنچا جو 20فی صد ہے ۔بٹہ پورہ کرالہ پورہ میں 55ہیکٹر پر پھیلے با غات میں 11ہیکٹر رقبے کو نقصان پہنچا جو 20فی صدہے ۔ رامحال کے قلمونہ علاقہ میں 55ہیکٹر رقبے پر پھیلے باغات میں 14.85کو نقصان پہنچا اور25فی صد نقصان ہوا ہے۔ پچکو ٹ علاقہ میں 65ہیکٹر رقبے پر پھیلے 17.55 کو نقصان پہنچا جو 25.30فی صد ہے ۔منزگام میں 45ہیکٹر رقبے پر پھیلے باٖغات میں 12.15 کو نقصان ہوا ہے جو 25.30فی صد ہے ۔ملک پورہ میں 15ہیکٹیر پر پھیلے باغات میں ٍ4.5ہیکٹیر کو نقصان پہنچا جو 25فی صدہے ۔امر گڑھ علاقہ میں 35ہیکٹر میں سے 9.45حصہ کو نقصان ہوا جو 25.30 فیصدہے۔اسی طرح شہر کو ٹ میں39ہیکٹر میوہ باغات میں 10.53حصہ کو نقصان ہوا جو 25.30فی صد ہے ۔