مینڈھر //فلم سٹار امتبابھ بچن کے پروگرام ’کون بننے گا کروڑ پتی ‘میں حصہ لینے کے بعد مینڈھر پہنچنے پر ٹیچر سربجیت سنگھ کا والہانہ استقبال کیا گیا ۔غور طلب ہے کہ مینڈھر سب ڈویژن کے رہائشی سربجیت سنگھ اس خطہ سے پہلے ایسے فرد ہیں جنہوں نے اس پروگرام میں شرکت کی جبکہ اس دوران انہوں نے چھ لاکھ سے زائد رقم بھی جیتی تھی ۔اس سلسلہ میں مینڈھر قصبہ کی یاد گار پر سیول سوسائٹی کی جانب سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں ضلع ترقیاتی کونسل رکن منکوٹ چوہدری عمران ظفر ،ایس ڈی ایم مینڈھر ڈاکٹر ساحل جنڈیال ،نائب تحصیلدار مینڈھر ،ایس ایچ او ،بلرام شرما ،نمبردار کفیل خان ،نمبردار عمران خان ،بیو پار منڈل کے جنرل سیکریٹری خورشید احمد ،سنجیو کمار ود یگر معززین کی بھی بڑی تعداد موجود تھی ۔اس موقعہ پر مقررین نے شعبہ تعلیم سے وابستہ ٹیچر سربجیت سنگھ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے پورے ملک میں مینڈھر کا نام روشن کیا ہے ۔سربجیت سنگھ نے بھی معززین کا شکریہ ادا کیا ہے ۔