سرینگر//یوتھ نیشنل کانفرنس صوبہ کشمیر کے وسطی زون کا ایک غیر معمولی اجلاس آج پارٹی ہیڈکوارٹر پر منعقد ہوا جس میں تنظیمی اموار، یوتھ ونگ کی سرگرمیوں خصوصاً نوجوانوں کے مسائل ومشکلات پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت صوبائی یوتھ صدر سلمان علی ساگر نے کی جبکہ اس موقع پر یوتھ ونگ کے صوبائی عہدیداران بھی موجود تھے۔ انہوںنے اپنے خطاب میں کہا کہ گذشتہ2برسوں کے دوران یہاں کا نوجوان طبقہ بری طرح سے متاثر ہوا ہے۔ نوجوانوں کو لاتعداد مسائل کا سامنا ہے اور موجودہ حالات اور حکومتی بے رُخی کو دیکھتے ہوئے کہیں اُمید کی کرن نظر نہیں آرہی ہے۔ بے روزگار نوجوانوں کی تعدادریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید نوجوان اپنا روزگار کھو رہے ہیں۔ نوجوانوں میں بڑھتے ہوئے منشیات کے استعمال اور خودکشی کا رجحان سنگین حالات کی عکاسی کرتے ہیں۔ سلمان ساگر نے کہاکہ نوجوانوں کو موجودہ بھنور سے نکالنے کیلئے حکومتی سطح پرجنگی بنیادوں پر ایک جامع منصوبہ کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں کشمیرمیں حالیہ دنوں میں ہوئی ہلاکتوں پر زبردست تشویش کا اظہار کیا گیا اوراُن کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیاگیا۔