سرینگر//نیشنل انسٹی ٹیوشن آف ڈیزاسٹر مینجمنٹ (این آئی ڈی ایم) اور ڈیپارٹمنٹ آف ڈیزاسٹر مینجمنٹ ریلیف ، ری ہیبلی ٹیشن اینڈ ری کنسٹرکشن (ڈی ایم آر آر آر) نے 2005 کے زلزلے کی 16 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک ویبنار کا اہتمام کیا۔ ویبنار کا اہتمام صوبائی انتظامیہ ، انسٹی ٹیوشن آف انجینئرز (انڈیا) جے اینڈ کے اسٹیٹ سینٹر ، سرینگر ، ایس ایس ایم کالج آف انجینئرنگ پریہاسپورہ ، یونیورسٹی آف کشمیر نارتھ کیمپس اور این آئی ٹی سرینگر کے اشتراک سے کیا گیا۔ویبنار کا افتتاح گورنمنٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ، ریلیف ، ری ہیبلی ٹیشن اینڈ ری کنسٹرکشن (DMRRR) کے سیکریٹری ناظم زئی خان نے کیا جنہوں نے کہا کہ تیاری آفات سے حفاظت کو یقینی بنانے کی کلید ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت آفات سے نمٹنے کے لیے پیشہ ورانہ نقطہ نظر کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر قدرتی آفات کا شکار ہے لیکن سال 2005 کے مقابلے میں تیاری کی سطح میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے کیونکہ اسٹیک ہولڈر محکموں کی صلاحیتوں میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپا مترا اسکیم کے تحت ہر ضلع میں کم از کم 200 رضاکاروں کی شناخت کی جائے گی اور انہیں آفات سے نمٹنے کی تربیت دی جائے گی اور انہیں ذاتی حفاظتی سامان بھی فراہم کیا جائے گا۔ویبنار سے انجینئر عامر علی نے بھی خطاب کیا۔جن دیگرماہرین نے بات کی ان میں این آئی ٹی سرینگر کے سول انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے پروفیسر اے آر ڈار ، ڈاکٹر امیر اے خان فیکلٹی این آئی ڈی ایم ، پروفیسر پرویز احمد ڈائریکٹر نارتھ کیمپس یونیورسٹی آف کشمیر ، پروفیسر امیت کمار بوس کنسلٹنٹ این ایس آر ایم پی شامل تھے۔