حیات پورہ میں پانی کی سخت قلت
پرویز خان
منجا کوٹ //منجا کوٹ تحصیل کی پنچایت حیات پورہ میں پینے کے صاف پانی کی سخت قلت پیدا ہو گئی ہے لیکن محکمہ آب رسانی کی جانب سے مکینوں کو پانی کی سپلائی فراہم کرنے میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ پنچایت کی وارڈ نمبر7میں نصب کی گئی پاپئیں اب بوسیدہ ہو چکی ہیں جبکہ ان کی مرمت کے سلسلہ میں بھی کوئی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ کے ملازمین نہ تو ڈیوٹی کو سنجیدگی کیساتھ لے رہے ہیں اور نہ ہی عوام کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے محکمہ کے آفیسر متحرک ہیں ۔پنچایتی اراکین نے بتایا کہ پائپوں کی مرمت نہ کرنے کی وجہ سے لوگوں کی سپلائی میں خلل آیا ہے ۔مقامی لوگوں و پنچایتی اراکین نے ضلع انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں پانی سپلائی کو بحال کرنے کیلئے عملی اقداما ت اٹھائے جائیں ۔
سریاہ گائوں میں پانی سپلائی بند
رمیش کیسر
نوشہرہ // سب ڈویژن نوشہرہ کے سریاہ گائوں میں گزشتہ کئی روز سے پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ گزشتہ 23دنوں سے پانی کی سپلائی بند پڑی ہوئی ہے لیکن محکمہ کے ملازمین و آفیسران عام لوگوں کی مشکل کو حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہے ہیں ۔علاقہ میں پانی کی قلت کو پورا کرنے کیلئے لوگ بالخصوص خواتین میلوں دور سے پانے لانے پر مجبور ہیں جبکہ محکمہ سے رجوع کے بعد بھی سپلائی کو بحال نہیں کیاجارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کے لاپرواہ ملازمین کو علاقہ سے تبدیل کر کے عام لوگوں کو پانی سپلائی کیا جائے ۔
موسم کی خرابی کیساتھ ہی پونچھ میں بجلی غائب
حسین محتشم
پونچھ //سرحدی ضلع پونچھ میں درہم برہم بجلی نظام سے لوگ پریشان ہیں۔گذشتہ شب گرج چمک اور معمولی سے بارش ہوتے ہی ایک بار پھر بجلی گل ہوئی تو پوری رات اور پورے دن لوگوں کو بجلی سے محروم رہنا پڑا۔ یہ پہلی بار نہیںہوا ہے کہ بارش کی وجہ سے بجلی بند ہو گئی ہو بلکہ جب جب بارش ہوتی ہے یا تند ہوائیں چلتی ہیں تو ہر بار لوگوں کو بجلی سے محروم ہوجانا پڑتا ہے ۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ حکام نے بجلی کے ترسیلی نظام کو بہتر بنانے کیلئے کئی بار دعویٰ کئے ،لیکن یہ دعویٰ سراب ہی ثابت ہو رہے ہیں۔ لوگوں نے کہا کہ بارش تو رحمت ہوتی ہے،مگر ناقص نظام کی وجہ سے پونچھ کی عوام کیلئے ہمیشہ ہی زحمت کا باعث بن جاتی ہے۔لوگوں کا کہناہے کہ ترسیلی لائنوں اور کھمبوں کو برسوں سے تبدیل نہیں گیا ہے جس کے کارن بارش کے ساتھ تیز ہوا چلنے سے اکثر کئی علاقے گھپ اندھرے میں ڈوب جاتے ہیں۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ گزشتہ شب ہونے والی تیز ہوائوں کے نتیجے میں بجلی بند ہونے کی وجہ سے پورا ضلع پونچھ گھپ اندھیرے میں ڈوب گیا۔مکینوں نے محکمہ بجلی سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کے بوسیدہ نظام کو بہتر بنانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے جائیں، تاکہ لوگوں کو مستقبل میں مشکلا ت پیش نہ آئیں۔
تھنہ منڈی میں بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو پر سیمینا رمنعقد
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // چیئرمین تحصیل لیگل سروسز کمیٹی اور لیگل لٹریسی کلب گورنمنٹ ماڈل بوائز ہائر سیکنڈری سکول تھنہ منڈی کے اشتراک سے گورنمنٹ ماڈل بوائز ہائر سیکنڈری سکول ت میں آزادی کا امرت مہا اتسو پروگرام کے تحت بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ پر ایک سمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پرچنا سمبریہ منصف جج تھنہ منڈی اور تحصیل لیگل سروسز کمیٹی تھنہ مندی نے تقریب کی صدارت کی۔ سکول کے سینئر استاد ایاز رینہ نے شرکاء کو موضوع کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ انہوں نے دنیا کے مختلف مذاہب کی روشنی میں خواتین کے مقام اور حیثیت پر بھی بات کی۔ ایاز رینہ نے ان سبھی لوگوں کو خراج تحسین پیش کیا جو بچیوں کو بااختیار بنانے کیلئے کام کر رہے ہیں اور اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ وہ عظمت اور وقار کی زندگی گزاریں۔انھوں نے مزید کہا کہ بچیوں کو بااختیار بنانا ان پر توجہ مرکوز کرنا ان میں تعلیم کیلئے سہولت پیدا کرنا، بہتر حفظان صحت اور بچیوں کے تعلق سے ماحول کو بہتر بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ سیمینار میں تقریباً دس طالب علموں نے حصہ لیا۔ چینا سمبریہ نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ تعلیم سماجی تبدیلی کا ایک انمول رتن ہے اور انتہائی اہم شعبوں میں سے ایک ہے اور خواتین کو بااختیار بنانا لڑکیوں کو بنیادی تعلیم کی پیشکش صرف ان کو حقیقی بنانے کے قابل بنانے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ عورت میں مہارت ، معلومات اور خود اعتمادی ہوتی ہے۔پروگرام میں نمایاں کارکردگی کرنے والے طلباء میں اسناد و انعامات تقسیم کی گئی ۔
تایخی قلعہ پونچھ میں کلچرل اکیڈمی کا کثیر اللسانی مشاعر ے کا انعقاد
پونچھ//اکیڈمی آف آرٹ کلچرر اینڈ لیگویجز کی جانب آزادی کاامرت مہااتسو کے تحت ادب کو فروغ دینے کے مقصد سے کرائے گئے مشاعرہ میں اردو، پہاڑی،کشمیری، گوجری کے شعرا نے نئی فکر اور منفرد اسلوب میں اپنا کلام پیش کر سامعین کو لطف اندوز کیا۔مشاعرہ کا انعقاد انتہائی دلکش اور ادبی ماحول میں ہوا۔ اس مشاعرہ کی صدارت معروف تاریخ دان ادیب و شاعر کے ڈی مینی نے کی جبکہ اضافی ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر بشارت حسین نے بطور خاص شرکت کی۔اپنے خطاب میں موصوف نے کہاکہ ’’سماجی تبدیلی کے لئے شاعری بے حد موثر اور طاقتور ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا شاعر کا ذہن دنیا اور سماج میں ہو رہی تبدیلیوں کو محسوس کرتا ہے اور اس کے پیش نظر مستقبل کو سنوارنے میں مثبت رول ادا کر سکتا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’نوجوان تخلیق کاروں کے جدید خیالات اورفکرِنو سے ہماری امیدیں وابستہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا یہ گنگاجمنی محفل ان کی کاوشوں کو منظرعام پر لانے کے لئے ایک ضروری پہل ہے۔ مشاعرے اس قدر بے مثال تقریب کے انعقاد کیلئے کلچرر اکیڈمی کے راجوری پونچھ کے کلچرر افسر کو مبارکباد پیش کی۔تاریخی قلع پونچھ کے ایک خوبصورت ہال میں منعقد اس مشاعرہ کا آغاز اکبر علی بانڈے نے کشمیری نعت پاک سے کیا اس کے بعد یکے بعد دیگرے صدیق احمد صدیقی، عشرت حسین عشرت، پروفیسر جہانگیر اصغر، عمران سائل، فتح محمد عباسی، بشیر لوہار، فتح محمد عباسی، ریاض صابر، محتشم احتشام نظیر شاکر، طاہر محمود اور صدر محفل کے ڈی مینی نے اس موقع پرہندی، اردو، پنجابی، کشمیری،گوجری، پہاڑی زبان میں تازہ دم آواز ، نئے اسلوب اور جدید لب و لہجہ سے محفل کے باذوق سامعین کو مسحور کیا۔پروگرام کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر ہارون راٹھور نے انجام دیے۔ اس موقع پر ادب سے دلچسپی رکھنے والے سینکڑوں افراد جن میں ضلع افسران بھی شامل ہوئے اور داد سخن کے ذریعہ شعراء کی حوصلہ افزائی کی۔
مرکزی وزیر نے پل کی تعمیر کا افتتاح کیا
رمیش کیسر
نوشہرہ //جموں وکشمیر کے دورے پر آئی ہوئی مرکزی وزیر انوپریہ پٹیل نے راجوری کے لمبیڑی علاقہ میں ایک رابطہ پل کا افتتاح کیا ۔مرکزی وزیر برائے کامرس اینڈ انڈسٹری نے نوشہرہ سب ڈویژں کے دندانی پل کا افتتاح کیا جبکہ اس سلسلہ میں تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری کیساتھ ساتھ دیگر مقامی و ضلع آفیسر اور علاقہ کے معززین بھی موجود تھے ۔13کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کردہ پل کا افتتاح کرتے ہوئے موصوفہ نے کہاکہ مرکزی حکومت جموں وکشمیر کی عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن کوششیں کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ پارٹی نے اقتدار میں آنے کیساتھ ہی عوامی مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کا عزم کیا تھا لیکن حزب اختلاف کی تمام جماعتیں عوام کو بیوقوف بنانے کی کوششیں کررہی ہیں ۔انہوں نے مکینوں کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہاکہ ان کے تمام مسائل حل کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔