بڈگام //نوگام ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک ہی ہفتے میں دوسرا حادثہ پیش آیا اور لسجن کا ایک نوجوان تیز رفتار ٹرین کی زد میں آکر جاں بحق ہوا۔اس سے قبل تقریباً اسی مقام پر پونچھ کی ایک جواں سال لڑکی بھی اسی طرح کچلی گئی۔جبکہ قاضی گنڈ میں 3ماہ قبل ایک ریٹائرڈ سرکاری ملازم بھی جاں بحق ہوا تھا۔پولیس کے مطابق 26 سالہ فیروز احمد ملہ ولد فیاض احمد ساکن نیو کالونی سمر بگ لسجن اس وقت لقمہ اجل بن گیا جب وہ نوگام ریلوے اسٹیشن کے قریب تیز رفتار ریل گاڑی کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔اگرچہ اس موقع پر اسے مقامی لوگوں کی مدد سے پٹری سے اٹھاکر صدر ہسپتال سرینگر منتقل کیا گیا تاہم وہ تب تک دم توڑ چکا تھا۔ 6 روز قبل 10اکتوبر کو اسی طرح کے واقعہ میں پونچھ کی 16 سالہ لڑکی شکیلا اختر اس مقام سے تھوڑی دور ریل کے نیچے کچلی گئی تھی۔اس سے قبل جولائی کے مہینے میںاری گیشن اینڈ فلڈ کنٹرول محکمہ کے سابق ملازم 63سالہ غلام نبی چوپان ولد عبدالعزیز ساکن ویسو قاضی گنڈنسو بدرا گنڈ میں ٹرین حادثہ کے دوران لقمہ اجل بن گیا۔