مینڈھر // جموں وکشمیر پولیس نے سنیچر کو بتایا کہ بھاٹہ دھوڑیاں محاصر ے میں آئے ملی ٹینٹ علاقہ میں کافی عرصہ سے موجود تھے جبکہ سیکورٹی ایجنسیاں ان کو تلاش کرنے میں سرگرم تھی ۔ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس راجوری پونچھ رینج وویک گپتا نے کہاکہ ملی ٹینٹوں کےخلاف آپریشن مسلسل جاری ہے جبکہ ان کو ہلاک کرنے کےلئے سیکورٹی فورسز مشترکہ طورپر کوششیں کررہی ہیں ۔موصوف نے بتایا کہ سیکورٹی ایجنسیوں کو ملی ٹینٹوں کی موجود گی کے سلسلہ میں کافی عرصہ سے اطلاع تھی تاہم ان کی موجودگی کے سلسلہ میں کام کیا جارہا تھا ۔پولیس آفیسرنے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اصل جگہ کا پتہ لگانے کےلئے محنت و لگن کےساتھ کام کیاجارہا تھا جبکہ انہوں نے مقامی سپورٹ سے بھی انکار کیا ۔
شاہراہ کا بھمبر گلی ۔جڑانوالی گلی حصہ مسلسل بند
جاوید اقبال +سمت بھارگو
مینڈھر //مینڈھر کے طوطا گلی ۔بھاٹہ دھوڑیاں جنگلا ت میں ملی ٹینٹوں و فوج کے مابین شروع تصادم آرائی کی وجہ سے جموں پونچھ شاہراہ کے بھمبر گلی تا جڑانوالی گلی حصے کو تیسرے روز مسلسل بند رکھا گیا جبکہ مسافر اور مالبردار گاڑیوں کو صرف مینڈھر سے ہوتے ہوئے پونچھ جانے کی اجازت دی گئی ۔ضلع ہیڈ کوارٹر اور سرنکوٹ کےساتھ ساتھ دیگر علاقوں میں جانے والی ٹریفک کو مینڈھر سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر کی جانب موڈ دیا گیا ہے جہاں سے گاڑیاں دیگر علاقوں کی جانب جاتی ہیں ۔سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جموں پونچھ شاہراہ کے نزدیک ہی ملی ٹینٹوںکی تلاش کے سلسلہ میں ایک ایک انکاﺅنٹر شروع کیا گیا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کو مذکورہ علاقہ سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ شاہراہ کے کچھ ہی کلو میٹر کی دوری پر انکاﺅنٹر چل رہا ہے جس کی وجہ سے مسافروں وعام لوگوں کی زندگی خطرے میں نہیں ڈالی جاسکتی جبکہ سبھی طرح کی ٹریفک کو مینڈھر کی جانب موڑ دیا گیا ہے ۔