گاندربل//سینٹرل یونیورسٹی کشمیر کے وائس چانسلر پروفیسر معراج الدین میراپنے عہدے کی تکمیل کے بعد سبکدو ش ہوگئے اور انہیں یونیورسٹی کے عملہ نے محبت کے ساتھ الوداع کیا۔اس موقعہ پرفیکلٹی ممبران اورانتظامی عملہ نے پروفیسر معراج الدین میر کو دیانتداراور شہرت کی حامل شخصت قراردیا۔سینٹرل یونیورسٹی کاوائس چانسلر مقررہونے کے بعد پروفیسر معراج الدین میر نے تمام محاذوں پریونیورسٹی کی مجموعی ترقی کیلئے انتھک محنت کی۔انہوں نے اس بات کا یقینی بنایا کہ یونیورسٹی سرینگر میں کرائے کی رہائش گاہوں سے گاندربل منتقل ہوجائے۔فیکلٹی ممبران نے معیاری تدریسی اورغیرتدریسی عملہ کی بھرتی میں ان کی ذاتی کاوشوں کو سراہا۔ رجسٹرار پروفیسر ایم افضل زرگر نے پروفیسر معراج الدین میر کو ایک عظیم اور لگن کے ساتھ اعلی ترین دیانت کا آدمی قرار دیا۔ پروفیسر زرگر نے کہا،’’پروفیسر مہراج الدین میر کی کمان میں یونیورسٹی نے ماہرین تعلیم کے شعبے میں اچھی پیش رفت کی اور یہ مستقبل قریب میں ریاستی تعلیمی شعبے کے لیے بہت بڑا اثاثہ ثابت ہوگی‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک اچھے ایڈمنسٹریٹر کے طور پر پروفیسر میر نے سینٹرل یونیورسٹی میں معیاری بھرتیاں کیں تاکہ یونیورسٹی کے اچھے مستقبل کو یقینی بنایا جاسکے اور معاشرے کی بہتر خدمت کی جاسکے۔ پروفیسر زرگر نے پروفیسر میر کی ملازم دوست اور شائستہ طبیعت پر بھی روشنی ڈالی۔فائنانس آفیسر پروفیسر فیاض احمد نکہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر معراج الدین میر کو ایک عاجز انسان قرار دیا جو کبھی بھی کسی دبائو کے سامنے نہیں جھکے اور بغیر کسی تعصب کے کام کو انجام دیتے رہے۔فیکلٹی اور نان ٹیچنگ سٹاف سے خطاب کرتے ہوئے سبکدوش ہونے والے وائس چانسلر پروفیسر معراج الدین میر نے ان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔