ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے مختلف بلاکوں سے نیشنل کانفرنس کے کارکنوں نے پارٹی سرپرست و ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ، جنرل سیکرٹری علی محمد ساگر و صوبائی صدر رتن لال گپتا سے ملاقات کرکے عوامی مسائل و تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔اس دوران انہوں نے ایڈووکیٹ رتن لال گپتا کو صوبائی صدر جموں منتخب کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔وفد میں شامل سابق ایم ایل سی و نائب صدر ضلع محمد اقبال بٹ، نیشنل کانفرنس لیڈر ریاض احمد زرگر و عبدالکریم نے ضلع صدر ڈوڈہ خالد نجیب سہروردی کی موجودگی میں پارٹی قیادت کو عوامی مسائل سے آگاہ کیا جس میں ہسپتالوں و تعلیمی اداروں میں بنیادی ڈھانچے کی کمی، سڑکوں کی خستہ حالی، پانی و بجلی کی ناقص کارکردگی، پن بجلی پروجیکٹوں و نئے ترقیاتی منصوبوں میں مقامی لوگوں کو نظر انداز کرنے، مہنگائی و بڑھتی ہوئی بے روزگاری سے پیدا مشکلات شامل ہیں۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے وفد کو یقین دلایا ان مسائل کو ایل جی کی نوٹس میں لایا جائے گا۔انہوں نے پارٹی ورکروں سے اتفاق و اتحاد کو قائم رکھنے و فرقہ پرست طاقتوں کے عزائم کو ناکام بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کارکنوں سے گھر گھر جا کر نیشنل کانفرنس کی مضبوطی کیلئے کام کرنے و سماج کے ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو اپنے ساتھ چلانے کی اپیل کی۔