بانہال // شدید بارشوں کی وجہ سے رام بن اور بانہال کے درمیان سنیچر کی علی الصبح ساڑھے تین بجے سے بند ہوئی جموں سرینگر قومی شاہراہ مسلسل بند ہے اور مسلسل بارشوں اور گرتے پتھروں کی وجہ سے سنیچر کے روز شاہراہ کی بحالی کا کام ممکن نہیں ہو سکا ہے۔جموں سرینگر شاہراہ رام بن کے نزدیک کیفٹیریا موڑ اور ماروگ کے علاقے میں گر آئی پسیوں اور پتھروں کی وجہ سے آمدورفت کیلئے مسلسل بند ہے۔ شاہراہ کے بند ہونے کے بعد اگرچہ تازہ ٹریفک کو ادھم پور اور قاضی گنڈ سے آگے جانے کی اجازت نہیں دی گئی تھی تاہم بانہال اور ناشری ٹنل کے درمیان شاہراہ کے مختلف مقامات بیشتر ٹرکوں پر مشتمل پانچ سو کے قریب گاڑیاں سنیچر کی شام تک درماندہ تھیں۔ ٹریفک حکام نے بتایا کہ کل رات سے ہونے والی شدید بارش کے نتیجے میں گر آئی پسیوں اور پتھروں کی وجہ سے قومی شاہراہ رام بن کے کیفٹیریا موڑ اور ماروگ کے علاقے میں بند ہوگئی ہے جبکہ شاہراہ کے دوسرے کئی مقامات بھی گرتے پتھروں کی زد میں ہیں جس کی وجہ سے سینچر کے دن بھر ٹریفک کی حالی ممکن نہیں ہو سکی۔ ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے رام بن شبیر احملک نے کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ رامبن اور بانہال کے سیکٹر میں سنیچر کی علی الصبح سے بند پڑی شاہراہ کی بحالی کا کام مسلسل بارشوں کی وجہ سے بار بار متاثر ہورہا ہے اور بارشوں میں بھی کوشش کے باوجود شاہراہ کی بحالی کی کوئی کوششں کامیاب ثابت نہیں ہوسکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں بارشوں کا سنیچر کی شام تک جاری تھا اور بارشوں کا سلسلہ تھمنے کی صورت میں ہی شاہراہ کی بحالی ممکن دکھائی دے رہی ہے۔ ایس ایس پی ٹریفک شبیر ملک نے مزید بتایا کہ کیفٹیریا موڑ رام بن کے مقام شاہراہ کی بحالی کیلئے تین چار گھنٹے ہی گھنٹے ہی درکار ہوں گے جبکہ ماروگ کے مقام گر آئی پسی کی وجہ سے فورلین سڑک کا ایک ہی حصہ بند ہوا ہے جبکہ وہاں پر پرانی شاہراہ قابل آمدورفت رکھی گئی ہے اور کیفٹیریا موڑ پر ٹریفک کی بحالی کی صورت میں یہاں ٹریفک کو پرانی ہائے وے سے نکالا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں کی وجہ سے سنیچر کی علی الصبح سے ہی ادہمپور اور قاضی گنڈ کے مقام ٹریفک کو آگے بڑھنے سے روک دیا گیا تھا تاہم ادہمپور سے وادی کشمیر کی طرف جمعہ کی کانوائے میں چار سو کے قریب مال بردار ٹرکوں سمیت پانچ سو کے قریب گاڑیاں ہی ضلع رام بن سے گذرنے والی جموں سرینگر قومی شاہراہ پر درماندہ ہیں۔ اس دوران ٹریفک ذرائع نے بتایا کہ سنیچر کی شام ساڑھے چھ بجے کے قریب رام بن کے کیفٹیریا موڑ پر شاہراہ سے ملبہ صاف کرکے اسے یکطرفہ ٹریفک کے قابل بنایا گیا تھا اور کئی گاڑیوں کو نکالا بھی گیا تھا لیکن گرتی بارشوں اور اوپر پہاڑی سے آنے والے ملبے کی وجہ سے اس مقام پر ٹریفک کو چلائے رکھنا مشکل دکھائی دے رہا ہے۔کیفٹیریا موڑ کی پسی سے کچھ گاڑیوں کو نکالنے کے باوجود بھاری ٹریفک اس خبر کے فائل کرنے تک کیفٹیریا موڑ کی پسی کے دونوں طرف مسلسل بند ہی تھا۔