رام بن// ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام نے قومی شاہراہ پر مختلف مقامات پر روڈ کلیئرنس آپریشن کا معائنہ کیا اور راحت مراکز (مقرر کردہ جگہوں) پر پھنسے ہوئے مسافروں کو کھانے اور رات کی رہائش فراہم کرنے کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔270 کلومیٹر طویل جموں سری نگر قومی شاہراہ ناشری اور بانہال کے درمیان کئی مقامات پر رات بھر کی بارش کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے گرنے اور پتھراو¿ کی وجہ سے بند ہوگئی۔فوری کارروائی کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ نے ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر سڑک کو صاف کرنے کے ساتھ ساتھ پھنسے ہوئے مسافروں کو رات کی پناہ گاہ اور کھانا فراہم کرنے کے لیے عملدرآمد کرنے والی ایجنسیوں کو کام پر لگایا ہے۔ڈی سی نے ایگزیکیوٹنگ ایجنسیوں کو ہدایت کی کہ لینڈ سلائیڈنگ کو فوری طور پر صاف کرنے اور سڑکوں کو ٹریفک کے قابل بنانے کے لیے مناسب افراد اور مشینری تعینات کی جائے۔خراب موسمی حالات کے پیش نظر ڈی سی نے مسافروں سے اپیل کی کہ وہ شاہراہ پر اپنا سفر شروع کرنے سے پہلے ٹریفک کنٹرول رومز سے رابطہ کریں۔انہوں نے بانہال اور رامسو کے ایس ڈی ایمز کو ہدایت دی کہ وہ کوئیک رسپانس ٹیموں کو فعال کریں اور پھنسے ہوئے مسافروں کے لیے تمام راحت مراکز میں ہیٹنگ کے انتظامات، کھانے پینے کی اشیائ، صفائی ستھرائی اور بیت الخلا کی سہولیات کو یقینی بنائیں۔ موسلادھار بارش اور املاک کو کسی بھی ممکنہ نقصان کے پیش نظر بہتر کوآرڈینیشن کے لیے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کو بھی فعال کر دیا گیا ہے۔