سرینگر//وادی میں امن وقانون کی صورتحال میں رخنہ ڈالنے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گااوران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔اس بات کااظہار پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے مرکزی وزیرمملکت امورخارجہ وثقافتی امورمیناکشی لیکھی کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران کیا۔پولیس سربراہ نے وزیرموصوفہ کو کشمیرکی موجودہ صورتحال کے بارے میں جانکاری دی اورکہا کہ گزشتہ تین برسوں سے یہاں امن وترقی کوفروغ ملا ہے اور پرامن ماحول کے فائدے لوگوں کو مل رہے ہیں جنہوں نے امن کو قایم کرنے میں بڑارول اداکیا۔انہوں نے کہا کہ امن وقانون اورحفاظتی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اورجان اورمال کا نقصان بھی کم ہوا ہے۔پولیس سربراہ نے کہا کہ اب سڑکوں پرتشددنہیں ہوتااور بندھ کی اپیلیں اب مکمل بند ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بدلتے ماحول نے پاکستان اور اُس کے حواریوں کو،شش وپنج میں مبتلاء کیا ہے اورحالیہ ہلاکتیں ان کی محرومی اورشکست کوعیاں کرتی ہیں۔پولیس سربراہ نے کہا کہ ان عناصر کو برداشت نہیں کیاجائے گااور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔پولیس سربراہ نے کہا جموں کشمیر کے لوگوں کے بھائی چارے،امن اورہم آہنگی کو تحفظ فراہم کیاجائے گااورکہا کہ پولیس اور حفاظتی دستے اس سمت میں تال میل کے ساتھ کام کررہے ہیں۔امورخارجہ اورثقافت کی مرکزی وزیرمملکت میناکشی لیکھی جوان دنوں مرکزی حکومت کے عوامی رسائی پروگرام کے تحت وادی کے دورے پر ہیں ،نے یہاں پولیس سربراہ اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ ان کا جموں کشمیر کے ساتھ خاص تعلق ہے کیوں کہ ان کے کنبے کی تین پیڑیوں نے پولیس میں خدمات انجام دی ہیں۔ میناکشی لیکھی نے خواتین پولیس افسروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو مردوں کے شانہ بشانہ عوامی دفتروں میں ذمہ داریوں کے عہدوں پر دیکھ کرخوشی ہوتی ہیں۔