سرینگر // ڈویژنل کمشنر کشمیر پی کے پولے نے جمعہ کومنعقدہ میٹنگ میں مختلف محکموں کی جانب سے جاری سرما کیلئے تیاریوں اور لاجسٹک انتظامات کا جائیزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسروں کو متحرک ہو کر لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے کہا، بالخصوص دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں رہنے والوں کی ضروریات کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کے علاوہ دیگر متعلقہ محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی۔کمشنر نے ہر ایک محکمہ کی تیاریوں اور ان کے ایکشن پلان کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا اور مسلسل خدمات کو یقینی بنانے کیلئے سخت ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے موجود تمام افسران سے کہا کہ وہ عوامی معلومات کیلئے میڈیا میں اپنی کارکردگی سے متعلق رہنما خطوط اور مشورے جاری کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وہ اپنے سٹیشن ڈویژنل اور ضلع انتظامیہ کی اجازت کے بغیر نہ چھوڑیں اور یہ ہدایات نومبر کے مہینے سے نافذ العمل ہو ں گے اور اگلے سال مارچ تک جاری رہیں گے۔انہوں نے محکمہ تعمیرات عامہ ، دیہی ترقی ، پی ایم جی ایس وائی، این ایچ آئی ،ڈی سی ایل اور بارڈر روڈ آرگنائزیشن کے ڈویژنل سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے دائرہ اختیار کی سڑکوں کو صاف کرنے کیلئے اپنے اہلکاروں اور مشینری بشمول سنو کٹر، سنو کلیئرنس مشینوں کو تیار رکھیں۔انہوں نے میونسپل حکام کو شہر سے برف ہٹانے اور پانی کو سڑکوں سے باہر نکلانے کیلئے بھی تیار رہنے کی ہدایات دی ۔پی کے پولے نے محکمہ فوڈ اینڈ سول سپلائیز کے افسران سے کہا کہ وہ راشن، مٹی کے تیل، پیٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی مناسب سپلائی کو ذخیرہ کر کے رکھیں اور دورافتادہ علاقوں جو برف باری کی وجہ سے منقطع رہتے ہیں ،تک پہنچنے میں تیزی سے کام کریں ۔محکمہ صحت کے افسران سے کہاگیا کہ وہ دوائیوں کا ذخیرہ کرنے کے علاوہ صحت کی دیگر سہولیات کو ہر جگہ دستیاب رکھیں ۔دریں اثنا، انہوں نے کشمیر پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن پر زور دیا کہ وہ تمام سٹیشنوں پر بجلی کے کھمبوں، تاروں، ٹرانسفارمرز کے مناسب سٹاک کو یقینی بنائے اور اس کے علاوہ برف گرنے سے ہونے والے کسی بھی نقصان کی صورت میں برقی سپلائی کی فوری بحالی کو یقینی بنائے۔انہوں نے بجلی چوری کو روکنے کیلئے ٹیموں کو بھی تشکیل دینے کی ہدایت جاری کی ۔پولے نے محکمہ جل شکتی کو تمام واٹر سپلائی سکیموں کو فعال رکھنے کی ہدایت کی تاکہ لوگوں کو پینے کے پانی کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے اس کے علاوہ انہیں ہدایت کی کہ جہاں بھی پانی کی قلت ہو وہاں واٹر ٹینکرز دستیاب رکھیں اور لفٹ واٹر سٹیشنوں پر ڈی جی سیٹس دستیاب رکھیں تاکہ وہ کام کرتے رہیں۔انہوں نے محکمہ فائر سروسز کے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ ان تمام دور افتادہ علاقوں میں آگ بجھانے کے آلات دستیاب رکھیں جو سرما میں برف باری کی وجہ سے بند ہو جاتے ہیں ۔انہوں نے بی ایس این ایل کے نمائندوں کو سونہ مرگ اور زوجیلا میں بلاتعطل مواصلات کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی ۔