جموں //نیشنل کانفرنس کی عوامی خدمت کی ایک شاندار تاریخ ہے اور عوام کے وقار و تشخص کو برقرار رکھنے میں اس کے کردار کو نظر انداز یا کمزور نہیں کیا جاسکتا ہے،پارٹی کارکن عوام کے تئیں اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے و چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے پیش پیش رہیں۔ ان باتوں کا اظہار سابق وزیر و نیشنل کانفرنس سینئر رہنما سجاد احمد کچلو نے شیر کشمیر بھون میں زونل صدر چناب ویلی نامزد ہونے کے بعد پہلی بار منعقد تقریب کے دوران کیا۔اس موقع پر نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر رتن لال گپتا نے پارٹی کے سینئر لیڈروں کی موجودگی میں کچلو کا استقبال کیا. اس موقع پر بولتے ہوئے صوبائی صدر رتن لال گپتا نے کہا کہ نیشنل کانفرنس واحد ایسی جماعت ہے جو جمہوری عمل کے تحت جموں و کشمیر کی عوام کے مسائل ان کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کی خواہاں ہے۔ صوبائی صدر نے کہا کہ نیشنل کانفرنس بلا تفریق مذہب و ملت عوام کی خدمت کے لئے کوشاں ہے۔اس موقع سجاد احمد کچلو نے کہا کہ نیشنل کانفرنس غریبوں، کسانوں، محنت کشوں و سماج کے پسماندہ طبقہ کی جماعت ہے جو جموں و کشمیر کو امن، ترقی و خوشحالی کی طرف لیجانے کے لئے کئی دہائیوں سے ایک بڑے کارواں کے طور پر پروان چڑھی ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے میں اپنا تاریخی کردار ادا کرتی رہے گی۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے سجاد احمد کچلو کو چناب ویلی کا زونل صدر نامزد کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں پارٹی کو خطہ میں مزید تقویت ملے گی۔اس موقع پر شیخ بشیر احمد، خالد نجیب سہروردی صوبائی نائب صدر، قاضی جلال الدین، برج موہن شرما، مہندر سنگھ،سریندر سنگھ بنٹی، وجے لوچن،عبدالغنی تیلی، شیخ محبوب اقبال، تنویر بابزادہ، چوہدری سلام دین و دیگر پارٹی کارکن بھی موجود تھے۔