جموں میں نئے ایئر پورٹ کی تعمیر کا کام بہت جلد شروع ہو گا: ڈائریکٹر
جموں// جموں ایئر پورٹ کے ڈائریکٹر سنجیو کمار گرگ کا کہنا ہے کہ شہر میں بننے والے نئے ایئر پورٹ کی تعمیر کا کام بہت جلد شروع ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ ایئر پورٹ پر پروازوں کی روانگی کے اوقات میں رات کے آٹھ بجے سے گیارہ یا بارہ بجے تک توسیع کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔مسٹر گرگ نے جمعے کو یہاں نامہ نگاروں سے گفتگو میں کہا: ’ایئر پورٹ کسی بھی شہر یا ریاست کا گیٹ وے ہوتا ہے۔ آپ کا ایئر پورٹ بھی آہستہ آہستہ ترقی کر رہا ہے۔ ہم نیا ایئر پورٹ بنانے کی بھی تیاری میں ہے‘۔انہوں نے کہا: ’یہاں سے آخری پرواز شام چار بجے جایا کرتی تھی۔ اس میں توسیع کی گئی ہے اور اب رات کے آٹھ بجے بھی یہاں سے پرواز روانہ ہوتی ہے۔ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ پروازیں رات کے گیارہ یا بارہ بجے تک چلیں‘۔ان کا مزید کہنا تھا: ’اس کا ایک بڑا فائدہ یہ ہو سکتا ہے کہ جو لوگ صبح کے وقت درشن یا کسی کام کے سلسلے میں یہاں آنا چاہتے ہیں وہ رات دیر گئے تک واپس بھی جانا چاہیں تو جا سکتے ہیں‘۔مسٹر گرگ نے مزید کہا کہ نئے ایئر پورٹ پر کام بہت جلد شروع کر دیا جائے۔ان کا کہنا تھا: ’نیا ایئر پورٹ بہت جلد آپ کے بیچ میں ہو گا۔ اس کے لیے ہم لیفٹیننٹ گورنر کا بہت بہت شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے ہمیں درکار زمین دلوائی ہے‘۔
جے کے ریڈیڈنٹ کمیشن نے ’’ ویجی لنس بیداری ہفتہ ‘‘ منایا
نئی دہلی//جموںوکشمیر ریذیڈنٹ نئی دہلی 26؍ اکتوبر سے یکم نومبر 2021ء تک ’’ ویجی لنس بیداری ہفتہ‘‘منا رہا ہے جس کا موضوع ’’ ہندوستان کی 75 ویں آزادی پر،سا لمیت کے ساتھ خود اِنحصاری ‘‘ ہے۔تقریب کا آغاز ایڈیشنل سیکرٹری اور ڈیپارٹمنٹل ویجی آفیسر نئی دہلی رمپی اوہری کے دیانتداری عہد دلانے سے ہوا جس میں تمام سینئر اَفسران اور عملے کے اَرکان نے شرکت کی۔اِس موقعہ پر رمپی اوہری نے کہا کہ یہ ہفتہ بیداری مہم شہریوں کی شرکت سے عوامی زندگی میں شفافیت ، جواب دہی کو فروغ دینے کے ہمارے عزم کی تصدیق کرتی ہے۔عملہ اَرکان اور ان کے بچوں میں ویجی لنس بیداری کو فروغ دینے کے لئے ایک سمپوزیم اور پوسٹر سازی کے مقابلے کا اِنعقاد کیا گیا جس کا موضوع ’’ انٹگریٹیڈ کے ساتھ اِنحصاری‘‘تھا۔اِن مقابلوں میں تقریباً 20 بچوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔بعد میں مقابلوں میں جیتنے والوں کو اِنعامات سے نوزاگیا۔