نئی دہلی //بھارت میں حکومتی ادارے 'نیشنل کرائم ریکارڈز بیورو' (این سی آر بی) نے جو نئی رپورٹ جاری کی ہے، اس کے مطابق سن 2019کے مقابلے میں 2020 میں ریکارڈ سطح پر خودکشیوں سے اموات میں دس فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق سن 1967کے بعد پہلی بار خودکشی کے ذریعے اموات میں اتنا بڑا اضافہ درج کیا گیا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس مجموعی طور پر ایک لاکھ 53 ہزار 52 لوگوں نے خود کشی کر کے اپنی جان لی۔ یعنی ہر روز تقریبا چار سو افراد نے خودکشی کی۔ سن 1967 کے بعد پہلی بار بھارت میں ایک برس کے دوران اتنی بڑی تعداد میں خودکشیاں ہو ئی ہیں۔حالانکہ یہ وہ تعداد ہے جسے محکمہ پولیس نے خودکشی قرار دیا ہو اور پھر حکومتی اداروں نے بھی اسے تسلیم کر کے درج کر لیا، ورنہ ایک بڑی تعداد تو بغیر رپورٹ کے ہی رہ جاتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس جہاں خودکشی سے ہونے والی اموات میں دس فیصد کا اضافہ ہوا، وہیں سڑک پر ہونے والے حادثات میں ہونے والی اموات میں تقریبا گیارہ فیصد کی کمی بھی درج کی گئی۔