گاندربل //گاندربل میں نالہ سندھ کے کنارے پر واقع فاروق عبداللہ ماحولیاتی پارک منیگام میں جموں کشمیر بنک میں تعینات مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے درجنوں حفاظتی گارڑوں نے پرامن احتجاجی مظاہرے کئے۔مظاہرے میں شامل حفاظتی گارڑوں نے کہا کہ ان کی ماہانہ اجرتوں میں کمی کی جارہی ہے جس کے خلاف وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوگئے۔فاروق احمد نامی حفاظتی گارڈ نے بتایا کہ بیرون ریاست سے کسی نجی کمپنی نے سازش کے طور پر ان کی ماہانہ اجرتوں میں 2 ہزار روپے کی کمی کروائی تاکہ حفاظت پر مامور عملہ تنگ آکر نوکری چھوڑ دئے۔ احتجاجیوں نے کہا کہ ان حالات میں جب مہنگائی غریب عوام کا خون چوس رہی ہے، ایسے میں ان کی مہانہ اجرتوں جو صرف 7 ہزار 5سو ہے اس میں 2 ہزار کی کمی کی جارہی ہے جو کہ سراسر زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی بھی افواہ گشت کررہی ہے کہ کچھ حفاظتی گارڈوں کو نکال دیا جا رہا ہے، جو ہم قطعی طور پر برداشت نہیں کریں گے ۔انہوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر کسی بھی حفاظتی گارڈ کو باہر نکالا گیا تو ہم سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔