کپوارہ//’اپنی پارٹی‘ صدر سید الطاف بخاری نے کہا کہ اگر اپنی پارٹی اقتدار میں آئی تو ماہانہ سماجی بہبود پنشن5000روپے اور ایک ماہ میں 4گیس سلنڈر بھرنے کی سہولت دینے کے علاوہ 800یونٹ بجلی مفت فراہم کی جائیگی۔ کرناہ ٹنگڈار میں یک روزہ پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بخاری نے کہاکہ 8مارچ2020کو جموں وکشمیر کی سیاسی تاریخ میں ایک اہم دن کے طور یاد رکھاجائے گا جب ہم خیال سرکردہ سیاستدانوں کے گروپ نے ایکساتھ آکر لوگوں کی خواہشات کی ترجمانی کرنے کی کوشش کی جوکہ 2019کو مرکزی سرکار کے چند فیصلوں کی وجہ سے خود کو مکمل طور بے اختیار محسوس کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ اپنی پارٹی نے جذباتی بلیک میلنگ اور کھوکھلے نعرے دیئے بغیر شدت کے ساتھ عوامی نوعیت کے مسائل کو اُجاگر کیا۔ بخاری نے کہاکہ ’’ریاست، جموں و کشمیر کے لوگوں کا ایک ناقابل تنسیخ حق ہے جوکہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد خود کوسیاسی ومعاشی طور پر کمزور محسوس کر رہے ہیں تاہم اب وقت آگیا ہے کہ آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل ریاستی درجے کی بحالی کو یقینی بنایا جائے۔ اس سے لوگوں میں اعتماد کی کمی اور بیگانگی کا احساس ختم ہو جائے گا‘‘۔انہوں نے سادھنا ٹنل کی تعمیر کی اہمیت پرزور دیتے ہوئے اِس سے نہ صرف مسافت کم ہوگی بلکہ ذیلی خطہ کی معاشی ترقی بھی ہوگی۔ انہوں نے کہا’’یہ افسوس کن ہے کہ انڈیا جیسے ملک میں سماج کے کمزور طبقہ جات کو سماجی بہبود محکمہ کی طرف سے ماہانہ ایک ہزار روپے پنشن دی جارہی ہے، تاہم اگر اپنی پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو سبھی زمروں کے مستحقین کیلئے ماہانہ پانچ ہزار روپے مشاہرہ یقینی بنائیں گے‘‘۔بخاری نے کہا کہ صوبہ جموں میں صارفین کو گرماکے دوران 500یونٹ اور سرماکے دوران 300یونٹ جبکہ کشمیر صوبہ میں سردیوں کے دوران 500یونٹ اور گرمیوں کے دوران 300یونٹ بجلی مفت فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ اپنی پارٹی ماہانہ چار اضافی سلنڈر بھرنے کی سہولت بھی فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا’’ہماری جماعت پہاڑی قبیلہ کے لوگوں کو حقوق فراہم کرنے اور اُن کے تحفظات کو یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات اُٹھائے گی‘‘۔